1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئی ایرانی امن تجویز بذریعہ پاکستان امریکہ تک پہنچا دی گئی

مقبول ملک روئٹرز، اے پی، اے ایف پی اور ڈی پی اے کے ساتھ
وقت اشاعت 1 مئی 2026آخری اپ ڈیٹ 1 مئی 2026

ایران جنگ کے خاتمے کے لیے تہران نے امن مذاکرات کی خاطر اپنی ایک نئی تجویز اس تنازعے میں ثالثی کرنے والے اپنے ہمسایہ ملک پاکستان کے ذریعے امریکہ تک پہنچا دی ہے۔ یہ بات ایران کے سرکاری میڈیا نے جمعہ یکم مئی کے روز بتائی۔

https://p.dw.com/p/5D7Q0
اسلام آباد میں ایرانی امریکی امن مذاکرات کے موقع پر تشہیری پوسٹرز اور دو سکیورٹی اہلکار
ایرانی امریکی امن مذاکرات کا پہلا دور پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں ہوا تھاتصویر: Aamir Qureshi/AFP
آپ کو یہ جاننا چاہیے سیکشن پر جائیں

آپ کو یہ جاننا چاہیے

  • روسی مسلح افواج نے یوکرین کے خلاف اپریل میں جنگی ڈرونز کی نئی ریکارڈ تعداد کا استعمال کیا
  • تہران نے امن مذاکرات کے لیے اپنی نئی تجویز پاکستان کے ذریعے امریکہ تک پہنچا دی، سرکاری میڈیا
  • یوکرینی حکومت ملکی  فوج میں جامع اصلاحات کا عمل شروع کر رہی ہے، صدر وولودیمیر زیلنسکی
  • جرمنی میں انتہائی دائیں بازو کے پرتشدد جرائم کی تعداد گزشتہ برس 2016ء کے بعد سب سے زیادہ
  • غزہ فلوٹیلا کے اسرائیل کی طرف سے روکے جانے کے بعد سینکڑوں کارکن یونانی جزیرے کریٹے پر اتر گئے
  • ترکی میں پولیس کی یوم مئی کے موقع پر ریلیوں کے شرکاء پر آنسو گیس شیلنگ، درجنوں افراد گرفتار
  • ایران اپنے خلاف بحری ناکہ بندی اور امریکی دھمکیوں کے باوجود آبنائے ہرمز کب تک بند رکھ سکے گا؟
روسی مسلح افواج نے یوکرین کے خلاف اپریل میں جنگی ڈرونز کی نئی ریکارڈ تعداد کا استعمال کیا سیکشن پر جائیں
1 مئی 2026

روسی مسلح افواج نے یوکرین کے خلاف اپریل میں جنگی ڈرونز کی نئی ریکارڈ تعداد کا استعمال کیا

یوکرین میں ایک رہائشی عمارت پر روس کی طرف سے جنگی ڈرون کے ساتھ کیے جانے والے ایک شبینہ حملے کے بعد لگنے والی آگ
یوکرین میں ایک رہائشی عمارت پر روس کی طرف سے جنگی ڈرون کے ساتھ کیے جانے والے ایک شبینہ حملے کے بعد لگنے والی آگتصویر: State Emergency Service of Ukraine in Odesa region/Handout/REUTERS

روس کی یوکرین میں فوجی مداخلت کے ساتھ شروع ہونے والی اور کئی برسوں سے جاری جنگ میں ماسکو کی مسلح افواج نے یوکرین پر حملوں کے لیے اپریل کے مہینے میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے جنگی ڈرونز کی ریکارڈ تعداد کا استعمال کیا۔

جرمن چانسلر کا زیلنسکی سے اصلاحات کا عمل تیز کرنے کا مطالبہ

یوکرینی دارالحکومت کییف سے جمعہ یکم مئی کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یہ بات نیوز ایجنسی اے ایف پی کی طرف سے جمع کردہ اعداد و شمار کے نتجے میں سامنے آئی۔ اے ایف پی نے اس ڈیٹا کی بنیاد یوکرینی فضائیہ کی اس رپورٹ کو بنایا، جس  میں جنگی ڈرونز کے ساتھ روسی حملوں کا ریکارڈ رکھا جاتا ہے۔

رپورٹوں کے مطابق یوکرین پر ان روسی حملوں میں اپریل میں طویل فاصلے تک پرواز کے بعد اپنے عسکری اہداف کو نشانہ بنانے والے 6,583 جنگی ڈرونز استعمال کیے گئے۔

بحیرہ بالٹک میں روسی تیل کی برآمدی بندرگاہ پر ایک بار پھر یوکرینی حملہ

یوکرینی شہر اوڈیسا میں ایک روسی جنگی ڈرون کے حملے میں تباہ ہونے والی گاڑیاں اور ایک کئی منزلہ عمارت کو پہنچنے والا نقصان
یوکرینی شہر اوڈیسا میں ایک روسی جنگی ڈرون کے حملے میں تباہ ہونے والی گاڑیاں اور ایک کئی منزلہ عمارت کو پہنچنے والا نقصانتصویر: Nina Liashonok/REUTERS

یوکرینی جنگ میں تیزی، امریکہ میں مذاکرات بھی متوقع

پچھلے ماہ ماسکو نے اس جنگ میں ایک نئی ریکارڈ تعداد میں مسلح ڈرونز کا استعمال ایسے وقت پر کیا، جب اس روسی یوکرینی جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی کوششیں عملاﹰ جمو دکا شکار رہیں۔

اس کے علاوہ یہ روسی حملے زیادہ تر رات کے بجائے دن کے وقت کیے گئے، تاکہ فوجیوں کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ شہری بھی ان حملوں کی زد میں آ سکیں۔

نیٹو کا آرکٹک میں فوجی موجودگی بڑھانے کا اعلان

اس سے قبل اسی سال مارچ کے مہینے میں بھی روس نے یوکرین پر جنگی ڈرونز کی ریکارڈ تعداد کے ساتھ فوجی حملے کیے تھے۔ تاہم اپریل میں بننے والا ریکارڈ مارچ میں بننے والا ریکارڈ سے بھی بڑا تھا۔

یوکرینی علاقے زاپوریژیا میں ایک میزائل اور کئی جنگی ڈرونز کے ساتھ کیے جانے والے ایک روسی حملے میں تباہ ہو جانے والی ایک کئی منزلہ عمارت اور وہاں ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہنگامی امدادی کارکن
یوکرینی علاقے زاپوریژیا میں ایک میزائل اور کئی جنگی ڈرونز کے ساتھ کیے جانے والے ایک روسی حملے میں تباہ ہو جانے والی ایک کئی منزلہ عمارت اور وہاں ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہنگامی امدادی کارکنتصویر: Zaporizhzhia Regional Military Administration/REUTERS

یوکرین: اتحادیوں کی طرف سے سکیورٹی ضمانتوں کی توثیق

یوکرینی ایئر فورس کے ڈیٹا کے مطابق اس کی روس کی طرف سے فائر کیے گئے میزائلوں اور جنگی ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دینے کی شرح 88 فیصد بنتی ہے۔

https://p.dw.com/p/5D8yU
تہران نے امن مذاکرات کے لیے اپنی نئی تجویز پاکستان کے ذریعے امریکہ تک پہنچا دی، سرکاری میڈیا سیکشن پر جائیں
وقت اشاعت 1 مئی 2026آخری اپ ڈیٹ 1 مئی 2026

تہران نے امن مذاکرات کے لیے اپنی نئی تجویز پاکستان کے ذریعے امریکہ تک پہنچا دی، سرکاری میڈیا

اسلام آباد میں اپریل میں ہونے والے ایرانی امریکی امن مذاکرات سے متعلق ایک بڑے پوسٹر کی تصویر
پاکستان ابھی تک ایرانی امریکی امن مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے سفارتی کوششیں کر رہا ہےتصویر: Anjum Naveed/AP Photo/picture alliance

ایران جنگ کے خاتمے کے لیے تہران نے امن مذاکرات کی خاطر اپنی ایک نئی تجویز اس تنازعے میں ثالثی کرنے والے اپنے ہمسایہ ملک پاکستان کے ذریعے امریکہ تک پہنچا دی ہے۔ یہ بات ایران کے سرکاری میڈیا نے جمعہ یکم مئی کے روز بتائی۔

ایران ناکہ بندی کے باوجود آبنائے ہرمز کب تک بند رکھ سکے گا؟

ایرانی دارالحکومت تہران سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی اِرنا نے بتایا، ’’اسلامی جمہوریہ ایران نے امن مذاکرات سے متعلق اپنی تازہ ترین تجویز تحریری طور پر دونوں ممالک کے مابین ثالثی کرنے والے ملک پاکستان کے ذریعے جمعرات 30 اپریل کی شام امریکہ تک پہنچا دی۔‘‘

اِرنا نے یہ نہیں لکھا کہ اس نئی ایرانی تجویز میں کیا کہا گیا ہے۔

پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف امن مذاکرات کے لیے امریکی وفد کی قیادت کرنے والے نائب صدر جے ڈی وینس کے ساتھ
پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف امن مذاکرات کے لیے امریکی وفد کی قیادت کرنے والے نائب صدر جے ڈی وینس کے ساتھتصویر: Pakistan's Prime Minister Office/AFP

آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے امریکہ ایک ’نئے اتحاد‘ کا خواہاں

ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ 28 فروری کو ایران پر فضائی حملوں کے ساتھ شروع ہوئی تھی، جس میں پہلے ایک محدود فائر بندی طے پائی تھی اور اب اس سیزفائر کی توسیع شدہ مدت پر عمل درآمد جاری ہے۔

عباس عراقچی کی پانچ ممالک کے وزرائے خارجہ سے فون پر گفتگو

ایران جنگ میں فائر بندی کے نفاذ کے بعد پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں دونوں ممالک کے اعلیٰ مذاکراتی نمائندوں کے مابین تاریخی نوعیت کے پہلے براہ راست مذاکرات 11 اپریل کو ہوئے تھے، جن میں فریقین کسی نتیجے تک نہیں پہنچ سکے تھے۔

اس کے بعد سے پاکستان ایرانی امریکی امن مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے مسلسل کوشاں تو ہے، تاہم ابھی تک یہ دوسرا دور ممکن نہیں ہو سکا۔ ایران جنگ میں فائر بندی سے پہلے یہ بہت ہلاکت خیز سہ فریقی تنازعہ تقریباﹰ 40 روز تک جاری رہا تھا۔

متحدہ عرب امارات کا اوپیک سے اخراج سعودی عرب کے لیے دھچکا؟

پاکستانی سیاسی اور عسکری قیادت مذاکرات کے لیے اسلام آباد آمد کے موقع پر ایرانی وفد کا استقبال کرنے کے بعد اس کے ارکان کے ساتھ
پاکستانی سیاسی اور عسکری قیادت مذاکرات کے لیے اسلام آباد آمد کے موقع پر ایرانی وفد کا استقبال کرنے کے بعد اس کے ارکان کے ساتھتصویر: Seyed Abbas Araghchi via Telegram/Handout/REUTERS

پاکستان اب بھی امریکہ اور ایران کے درمیان فاصلے کم کرنے میں مصروف

اس وقت دونوں فریقوں کے درمیان امن بات چیت معطل ہے اور ایران نے کئی ہفتوں سے آبنائے ہرمز کو بند کر رکھا ہے جبکہ امریکہ نے بھی آبنائے ہرمز میں ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کر رکھی ہے۔

اسی دوران ایرانی وزرات خارجہ کی طرف سے جمعے کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سعودی عرب، قطر، ترکی، عراق اور آذربائیجان کے اپنے ہم منصب وزراء کے ساتھ ٹیلی فون پر علیحدہ علیحدہ بات چیت کرتے ہوئے انہیں آگاہ کیا کہ تہران کی طرف سے ایران جنگ کے خاتمے کے لیے کون سے نئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اسلام آباد امن مذاکرات بے نتیجہ ختم

https://p.dw.com/p/5D8bA
یوکرینی حکومت ملکی فوج میں جامع اصلاحات کا عمل شروع کر رہی ہے، صدر وولودیمیر زیلنسکی سیکشن پر جائیں
1 مئی 2026

یوکرینی حکومت ملکی فوج میں جامع اصلاحات کا عمل شروع کر رہی ہے، صدر وولودیمیر زیلنسکی

یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی
یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی تصویر: VESA MOILANEN/picture alliance/dpa/Lehtikuva

یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے، جن کے ملک کو گزشتہ کئی برسوں سے روس کے خلاف اپنے دفاع کی جنگ کا سامنا ہے، کہا ہے کہ کییف حکومت ملکی مسلح افواج میں جامع اصلاحات کا عمل شروع کر رہی ہے۔

جرمن چانسلر کا زیلنسکی سے اصلاحات کا عمل تیز کرنے کا مطالبہ

کییف سے جمعہ یکم مئی کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق صدر زیلنسکی نے اعلان کیا ہے کہ ان اصلاحات کے ساتھ ملکی فوج کے ارکان کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا،  دفاعی افواج میں بھرتی کے لیے کنٹریکٹ سسٹم کو مزید تقویت دی جائے گی اور ساتھ ہی یہ جائزہ بھی لیا جائے گا کہ ملکی افواج میں طویل عرصے سے خدمات انجام دینے والے ارکان کو مرحلہ وار ان کی پیشہ وارانہ ذمے داریوں سے سبکدوش کر دینے کا عمل بھی شروع کیا جائے۔

بحیرہ بالٹک میں روسی تیل کی برآمدی بندرگاہ پر ایک بار پھر یوکرینی حملہ

صدر زیلنسکی نے کہا، ’’اس اصلاحاتی عمل کا آغاز اگلے ماہ جون میں کیا جائے گا اور اس عمل کے اولین نتائج بھی لازمی طور پر جون میں ہی نظر آنا شروع ہو جائیں گے۔‘‘

یوکرینی فوج کا ڈرون آپریٹ کرنے والا ایک فوجی اپنے ڈرون کے ساتھ
یوکرینی فوج کا ڈرون آپریٹ کرنے والا ایک فوجی اپنے ڈرون کے ساتھتصویر: Ashley Chan/ZUMA/IMAGO

یوکرینی جنگ: برطانیہ نے روس کے خلاف پابندیوں کا ’سب سے بڑا‘ پیکج نافذ کر دیا

ساتھ ہی یوکرینی صدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلیگرام پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ ان اصلاحات کے اولین نتائج، خاص طور پر فوجیوں، سارجنٹس اور ملکی ڈیفنس فورسز کے کمانڈروں کی سطح پر مالی امداد سے متعلق اصلاحات کے نتائج بہت جلد سامنے آنے لگیں گے۔

https://p.dw.com/p/5D8he
جرمنی میں انتہائی دائیں بازو کے پرتشدد جرائم کی تعداد گزشتہ برس 2016ء کے بعد سے سب سے زیادہ سیکشن پر جائیں
1 مئی 2026

جرمنی میں انتہائی دائیں بازو کے پرتشدد جرائم کی تعداد گزشتہ برس 2016ء کے بعد سے سب سے زیادہ

جرمنی میں انتہائی دائیں بازو کی ایک تنظیم کی طرف سے برلن میں اہتمام کردہ ایک مظاہرے کے شرکاء، فائل فوٹو
جرمنی میں انتہائی دائیں بازو کی ایک تنظیم کی طرف سے برلن میں اہتمام کردہ ایک مظاہرے کے شرکاء، فائل فوٹوتصویر: Michael Kuenne/PRESSCOV/ ZUMA/picture alliance

جرمنی میں دائیں بازو کی انتہا پسندانہ سوچ کی وجہ سے کیے جانے والے پرتشدد جرائم کی سالانہ تعداد گزشتہ برس 2016ء کے بعد سے اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

وفاقی جرمن دارالحکومت برلن سے جمعہ یکم مئی کو ملنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا کہ 2025ء کے دوران ملک میں رائٹ ونگ سے جڑے محرکات کے سبب کیے جانے والے پرتشدد جرائم کی سالانہ تعداد اتنی رہی، جتنی 2016ء کے بعد سے دیکھنے میں نہیں آئی تھی۔

جرمن پارٹی اے ایف ڈی کو انتہا پسند قرار دینے سے متعلق عبوری عدالتی فیصلہ

یہ بات جرمن پارلیمان کے ایوان زیریں بنڈس ٹاگ میں بائیں بازو کی جماعت لیفٹ پارٹی کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کے بعد وفاقی حکومت کی طرف سے ایوان میں دیے گئے جواب میں بتائی گئی۔

جرمنی: اے ایف ڈی کو پارٹیز ایکٹ کی خلاف ورزیوں پر 1.1 ملین یورو کا جرمانہ

برلن میں جرمن پارلیمان کے ایوان زیریں بنڈس ٹاگ کے ایک اجلاس کی تصویر
برلن میں جرمن پارلیمان کے ایوان زیریں بنڈس ٹاگ کے ایک اجلاس کی تصویرتصویر: Andreas Gora/picture alliance

ایسے جرائم کی سالانہ تعداد 1600 کے قریب

وفاقی جرمن حکومت کی طرف سے پارلیمان کو دیے گئے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ جرمنی کے تمام 16 وفاقی صوبوں میں 2025ء کے دوران جرائم کی تحقیقات کرنے والے وفاقی ادارے بی کے اے کی مختلف مقامی شاخوں کے پاس مجموعی طور پر 1,598 ایسے پرتشدد جرائم کی رپورٹیں درج کرائی گئیں، جن کے مصدقہ یا مبینہ محرکات کا تعلق دائیں بازو کی انتہا پسندانہ سوچ سے تھا۔

جرمن پارلیمان میں ہٹلر سیلوٹ: اے ایف ڈی کے رکن پر فرد جرم عائد

ان رپورٹوں کے بعد فیڈرل کریمینل آفس کی طرف سے مشتبہ جسمانی نقصان یا شدید نوعیت کا مشتبہ جسمانی نقصان پہنچانے کے الزامات کے تحت چھان بین شروع کر دی گئی۔

بنڈس ٹاگ میں دیے گئے اس حکومتی جواب میں یہ بھی بتایا گیا کہ 2025ء میں ایسے جرائم کی تعداد 1,598 رہنے کے مقابلے میں ایک سال قبل 2024ء میں یہی تعداد 1,488 رہی تھی جبکہ 2023ء میں یہ تعداد 1,270 ریکارڈ کی گئی تھی۔

جرمنی میں سیاسی محرکات کے سبب جرائم میں تیزی سے اضافہ

جرمنی میں جرائم کی تحقیقات کرنے والے وفاقی ادارے بی کے اے کے شہر ویزباڈن میں واقع صدر دفاتر والی عمارت
جرمنی میں جرائم کی تحقیقات کرنے والے وفاقی ادارے بی کے اے کے شہر ویزباڈن میں واقع صدر دفاتر والی عمارتتصویر: dpa/picture alliance

جرمن خفیہ ایجنسی نے اے ایف ڈی کو ’انتہا پسند‘ تنظیم قرار دے دیا

یورپی یونین کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک جرمنی میں ایسے جرائم کی گزشتہ برس کے دوران مجموعی تعداد کے لحاظ سے یہ بات بھی اہم ہے کہ 2025ء میں ایسے رائٹ ونگ کرائمز کی تعداد 2016ء کے بعد سے اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/5D8Jz
غزہ فلوٹیلا کے اسرائیل کی طرف سے روکے جانے کے بعد سینکڑوں کارکن یونانی جزیرے کریٹے پر اتر گئے سیکشن پر جائیں
وقت اشاعت 1 مئی 2026آخری اپ ڈیٹ 1 مئی 2026

غزہ فلوٹیلا کے اسرائیل کی طرف سے روکے جانے کے بعد سینکڑوں کارکن یونانی جزیرے کریٹے پر اتر گئے

گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل کئی امدادی کشتیاں اسپین میں بارسلونا سے روانگی کے بعد
گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل کئی امدادی کشتیاں اسپین میں بارسلونا سے روانگی کے بعد تصویر: Joan Mateu Parra/AP Photo/dpa/picture alliance

غزہ پٹی کے لیے امداد لے کر جانے والے ایک بحری قافلے کے اسرائیل کی طرف سے بین الاقوامی سمندری پانیوں میں روکے جانے کے بعد اس فلوٹیلا میں شامل کشتیوں پر سوار بیسیوں سرگرم امدادی کارکن جمعہ یکم مئی کے روز یونانی جزیرے کریٹے پر اس فلوٹیلا سے اتر گئے۔

ایران جنگ کے سبب غزہ کا تنازعہ بین الاقوامی توجہ سے اوجھل

یونانی دارالحکومت ایتھنز سے ملنے والی رپورٹوں میں ملکی کوسٹ گارڈز کے حوالے سے جنگ سے تباہ شدہ غزہ پٹی کے لیے بہت سی کشتیوں میں امداد لے کر جانے والے اس قافلے میں شامل کارکنوں کے کریٹے کے جزیرے پر اتر جانے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

یونانی کوسٹ گارڈز نے بتایا کہ وہ اس فلوٹیلا میں شامل افراد کو اپنی حفاظت میں کریٹے کی جزیرے تک لائے اور ان کی تعداد تقریباﹰ 175 تھی۔

’بورڈ آف پیس‘ کا پہلا اجلاس آج، شہباز شریف بھی شرکت کے لیے واشنگٹن پہنچے

اٹلی کے جزیرے سسلی کی ایک بندرگاہ پر غزہ فلوٹیلا کے ارکان امدادی سامان کشتیوں پر لے جاتے ہوئے
اٹلی کے جزیرے سسلی کی ایک بندرگاہ پر غزہ فلوٹیلا کے ارکان امدادی سامان کشتیوں پر لے جاتے ہوئےتصویر: Baris Seckin/Anadolu Agency/IMAGO

ویسٹ بینک میں زمینوں کے اندراج کا معاملہ، اسرائیلی فیصلے پر شدید رد عمل

ان میں سے اکثریت مختلف یورپی ممالک کے شہریوں کی تھی اور ان افراد کو کریٹے کے جنوب مشرق میں ایتھیرینولاکوس تک پہنچانے کے لیے چار بسوں میں سوار کرایا گیا، جس دوران وہ ’’فلسطین کو آزا دکرو‘‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔

اس غزہ ایڈ فلوٹیلا کے منتظمین نے اس قافلے میں شامل کارکنوں کی تعداد 211 بتائی ہے۔

فلوٹیلا کا سفر مختلف یورپی ممالک سے شروع ہوا تھا

کل جمعرات کے روز اسرائیلی وزارت خارجہ نے تصدیق کر دی تھی کہ اس فلوٹیلا میں شامل 20 سے زائد کشتیوں پر سوار تقریباﹰ 175 افراد کو سمندر میں ان کشتیو‌ں سے اتار کر عارضی طور پر تحویل میں لے لیا گیا تھا۔

اسرائیلی توسیع منصوبہ: یورپی یونین اور مسلم ممالک کی مذمت

غزہ صمود فلوٹیلا میں شامل ایک امدادی کشتی اٹلی میں سسلی کے جزیرے کے پاس
مجموعی طور پر اس فلوٹیلا میں 50 سے زائد امدادی کشتیاں شامل تھیںتصویر: Baris Seckin/Anadolu Agency/IMAGO

یہ امدادی قافلہ مجموعی طور پر 50 سے زائد امدادی کشتیو‌ں ہر مشتمل تھا، جس نے حالیہ ہفتوں میں غزہ پٹی کی طرف اپنا سفر مختلف یورپی ممالک سے تقریباﹰ بیک وقت شروع کیا تھا۔

یہ کشتیاں غزہ کی طرف سفر پر فرانس میں مارسے کے شہر، اسپین میں بارسلونا سے اور اٹلی میں سیراکوز سے روانہ ہوئی تھیں۔

غزہ سے آخری اسرائیلی یرغمالی کی باقیات بھی برآمد

اسی دوران اسرائیلی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے جمعے کے روز کہا کہ اس فلوٹیلا میں شامل کشتیوں پر سوار اور کھلے سمندر میں روکے گئے دو کے سوا باقی تمام افراد اب واپس یونان پہنچ گئے ہیں۔

ٹرمپ کے ’’بورڈ آف پیس‘‘ کا رکن بننے کی فیس ایک ارب ڈالر؟

https://p.dw.com/p/5D81R
ترکی میں پولیس کی یوم مئی کے موقع پر ریلیوں کے شرکاء پر آنسو گیس کی شیلنگ، درجنوں افراد گرفتار سیکشن پر جائیں
1 مئی 2026

ترکی میں پولیس کی یوم مئی کے موقع پر ریلیوں کے شرکاء پر آنسو گیس کی شیلنگ، درجنوں افراد گرفتار

استنبول میں ترک پولیس نے یوم مئی کے موقع پر چند ریلیون کے شرکاء کے خلاف کارروائی میں بیسیوں افراد کو گرفتار کر لیا
استنبول میں ترک پولیس نے یوم مئی کے موقع پر چند ریلیون کے شرکاء کے خلاف کارروائی میں بیسیوں افراد کو گرفتار کر لیاتصویر: Berk Ozkan/AFP

ترکی میں جمعہ یکم مئی کو مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر نکالی گئی ریلیوں کے شرکاء پر پولیس کی طرف سے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی اور درجنوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اس شیلنگ اور اس دوران گرفتاریوں کو نیوز ایجنسی اے ایف پی کے کئی صحافیوں نے ذاتی طور پر دیکھا۔

بھارتی ریاست اتر پردیش میں تنخواہوں کے خلاف احتجاج کے بعد مزدوروں کی اجرتو‌ں میں اضافہ

یوم مئی کے موقع پر جلوسوں اور ریلیوں کے دوران ترکی کے دو براعظموں میں واقع شہر استنبول کے یورپی حصے میں خاص طور پر مظاہرین کے دو ایسے گروپوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جو مارچ کرتے ہوئے شہر کے تقسیم اسکوائر کی طرف جانا چاہتے تھے۔

دو ترک پولیس اہلکار ایک شخص کو حراست میں لے کر ساتھ لے جاتے ہوئے
دو ترک پولیس اہلکار ایک شخص کو حراست میں لے کر ساتھ لے جاتے ہوئےتصویر: Berk Ozkan/AFP

استنبول شہر کا یہ علاقہ ماضی میں کئی مرتبہ بڑے حکومت مخالف احتجاجی مظاہروں کے لیے استعمال ہوتا رہا ہے اور اس مرتبہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے اسے یوم مئی کے موقع پر ریلیوں کے پیش نظر جمعرات 30 اپریل کی رات ہی سربمہر کر دیا تھا۔

دنیا میں اب بھی 138 ملین بچے مزدوری کرنے پر مجبور، اقوام متحدہ

ترک میڈیا، جس میں اپوزیشن کی حامی نیوز ویب سائٹس بھی شامل ہیں، کے مطابق پولیس نے جمعے کے روز کی گئی کارروائیوں میں کم از کم 57 افراد کو گرفتار کر لیا۔

یکم مئی دنیا بھر میں ہر سال مزدوروں کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے اور اسے یوم مئی بھی کہتے ہیں۔ اس روز دنیا بھر کے ممالک میں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ریلیاں نکالی جاتی ہیں، جن کے واضح سیاسی پہلو بھی ہوتے ہیں۔

استنبول ترکی کا سب سے بڑا شہر ہے، جو ایشیا اور یورپ دونوں براعظموں میں واقع ہے۔ اس شہر کی فضا سے لی گئی ایک تصویر
استنبول ترکی کا سب سے بڑا شہر ہے، جو ایشیا اور یورپ دونوں براعظموں میں واقع ہے۔ اس شہر کی فضا سے لی گئی ایک تصویرتصویر: Ozan Kose/AFP

گزشتہ برس بھی یوم مئی کے موقع پر ترکی کے شہر استنبول میں کیے جانے والے احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کے دوران 400 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/5D7op
ایران اپنے خلاف بحری ناکہ بندی اور امریکی دھمکیوں کے باوجود آبنائے ہرمز کب تک بند رکھ سکے گا؟ سیکشن پر جائیں
1 مئی 2026

ایران اپنے خلاف بحری ناکہ بندی اور امریکی دھمکیوں کے باوجود آبنائے ہرمز کب تک بند رکھ سکے گا؟

آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے مال بردار بحری جہاز، خلیجی ریاست عمان کے ساحلوں کے قریب سے لی گئی ایک تصویر
آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے مال بردار بحری جہاز، خلیجی ریاست عمان کے ساحلوں کے قریب سے لی گئی ایک تصویرتصویر: REUTERS

امریکہ کی کوشش ہے کہ بحری ناکہ بندی اور مسلسل دھمکیوں کے ساتھ تہران کو آبنائے ہرمز کو معمول کی تجارتی جہاز رانی کے لیے دوبارہ کھول دینے پر مجبور کر دیا جائے۔ اہم سوال یہ بھی ہے کہ ایران یہ آبنائے کب تک بند رکھ سکے گا؟

اٹھائیس فروری کو ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے فضائی حملوں کے ساتھ شروع ہونے والی ایران جنگ میں ان دنوں توسیع شدہ مدت والی فائر بندی پر عمل درآمد جاری ہے اور تہران نے گزشتہ کئی ہفتوں سے توانائی کی عالمی ترسیل کے لیے انتہائی اہم آبنائے ہرمز کو معمول کی کمرشل شپنگ کے لیے بند کر رکھا ہے۔

آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے امریکہ ایک ’نئے اتحاد‘ کا خواہاں

امریکہ کی مسلسل کوشش ہے کہ تہران کو مجبور کیا جائے کہ وہ کلیدی اہمیت کا حامل یہ تنگ سمندری تجارتی راستہ جلد از جلد دوبارہ کھول دے۔ اس مقصد کے لیے تہران کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دینے کے لیے امریکہ نے اپنی بحریہ کے ذریعے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کر رکھی ہے۔ ساتھ ہی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت امریکی انتظامیہ کے اعلیٰ اہلکاروں کی طرف سے ایران کو کی جانے والی تنبیہات بھی جاری ہیں اور اسے دی جانے والی دھمکیاں بھی۔

ناکہ بندی کے دوران آبنائے ہرمز کی فضا میں گشت کرتے امریکی جنگی ہیلی کاپٹر
ناکہ بندی کے دوران آبنائے ہرمز کی فضا میں گشت کرتے امریکی جنگی ہیلی کاپٹرتصویر: US Central Command/AFP

متحدہ عرب امارات کا اوپیک اور اوپیک پلس سے اخراج کا فیصلہ

ایران کا ایک اہم مطالبہ یہ ہے کہ پہلے امریکہ اس کے خلاف بحری ناکہ بندی ختم کرے۔ صدر ٹرمپ اس پر تیار نہیں ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ پہلے ایران آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولے۔ ایسے میں مذاکرات کی سطح پر کسی نئی اور فوری پیش رفت کی امید اس لیے کم ہے کہ پاکستان کی ثالثی میں امریکہ اور ایران کے مابین کی جانے والی سفارتی کوششیں نہ صرف اب تک بے نتیجہ رہی ہیں بلکہ اس وقت تعطل کا شکار بھی ہیں۔

ایسے میں ایک اہم سوال یہ ہے کہ ایران آبنائے ہرمز کی بندش کب تک جاری رکھ سکتا ہے اور امریکہ کے پاس کمرشل کارگو شپنگ کے لیے اس بہت اہم سمندری راستے کو کھلوانے کے لیے ممکنہ راستے کون سے ہیں؟

ایران جنگ عالمی تجارت پر کووڈ وبا سے زیادہ اثر انداز ہوگی؟

جہاں تک ایران کا تعلق ہے تو وہ بظاہر کسی لچک پر آمادہ نہیں اور کل جمعرات کے روز ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے یہ بھی کہہ دیا تھا کہ ایرانی جوہری پروگرام اور ملکی میزائل پروگرام کی ہر حال میں ایران کے قومی اثاثوں کے طور پر حفاظت کی جائے گی۔

آبنائے ہرمز میں گشت کرتی ایرانی پاسداران انقلاب کی ایک اسپیڈ بوٹ، پیش منظر میں ایران کا قومی پرچم
آبنائے ہرمز میں گشت کرتی ایرانی پاسداران انقلاب کی ایک اسپیڈ بوٹ، پیش منظر میں ایران کا قومی پرچمتصویر: Rouzbeh Fouladi/MEI/SIPA/picture alliance

بارودی سرنگیں بچھانے والی ہر کشتی تباہ کر دی جائے، ٹرمپ امن مذاکرات کی کوششوں پر آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے سائے

دوسری طرف امریکہ ایران کو زیر کرنے کی اپنی کوششوں میں دو کام کر سکتا ہے: یا تو ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی جاری رکھی جائے، یا پھر ایران پر حملوں کی ایک نئی لہر شروع کر دی جائے۔

یہ درست ہے کہ ایران اپنے خلاف امریکی بحریہ کی طرف سے ناکہ بندی کے اثرات کا اب تک سامنا تو کر رہا ہے، تاہم اسے اس وجہ سے پیدا شدہ تجارتی اور اقتصادی مسائل کا بھی پوری شدت سے سامنا ہے اور وہ ابھی تک اپنے موجودہ موقف سے پیچھے نہیں ہٹا۔

لیکن اگر امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر دوبارہ حملے شروع کیے، تو اس تنازعے میں اب تک کی سفارتی مذاکراتی کوششوں اور فائر بندی دونوں سے حاصل شدہ نتائج ضائع ہو جائیں گے۔

ایران کے پاس دانشمندی سے فیصلہ کرنے کا موقع ہے، امریکی وزیر دفاع

ان حالات میں آبنائے ہرمز کو کمرشل شپنگ کے لیے دوبارہ کب تک کھولا جا سکے گا، اور کسی مذاکراتی ڈیل کے نتیجے میں ایران جنگ عملاﹰ کب تک ختم ہو سکے گی، یہ سوال جتنا واضح ہے، اس کا ممکنہ جوب اتنا ہی غیر واضح ہے۔
(مصنفہ: شبنم فان ہائن)
ادارت: جاوید اختر

آبنائے ہرمز اتنی اہم کیوں ہے؟

https://p.dw.com/p/5D7Te
مزید پوسٹیں
Maqbool Malik, Senior Editor, DW-Urdu
مقبول ملک ڈی ڈبلیو اردو کے سینیئر ایڈیٹر ہیں اور تین عشروں سے ڈوئچے ویلے سے وابستہ ہیں۔