1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں کم تنخواہوں کے خلاف احتجاج کے بعد اجرتوں میں اضافہ

جاوید اختر روئٹرز کے ساتھ
14 اپریل 2026

بھارت کی شمالی ریاست اتر پردیش نے صنعتی مرکز نوئیڈا میں کئی روزہ پرتشدد احتجاج کے بعد مزدوروں کی کم از کم اجرت میں اضافہ کر دیا گیا ہے، مزدوروں نے تاہم اسے 'غیر منصفانہ‘ قرار دیا ہے

https://p.dw.com/p/5C9mg
نوئیڈا میں مزدوروں کا مظاہرہ
مظاہروں کے سلسلے میں سات مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ 300 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔تصویر: IANS

حکومتی ذرائع کے مطابق ایران جنگ کے باعث بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تناظر میں ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں ایسا قدم اٹھانے والی اتر پردیش دوسری ریاست ہے۔ اس سے قبل ہریانہ کی ریاستی حکومت نے بھی کم از کم اجرت میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔

ملکی دارالحکومت نئی دہلی سے متصل صنعتی علاقے نوئیڈا میں جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ الیکٹرانکس سمیت متعدد ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کے صنعتی یونٹ موجود ہیں۔ وہاں مظاہرین نے پیر کو زیادہ تنخواہوں کے مطالبے پر گاڑیوں کو آگ لگا دی اور پتھراؤ بھی کیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل فائر کیے اور اس کارروائی کے دوران متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

گزشتہ ہفتے آٹو موبائل صنعت کے مرکز ریاست ہریانہ میں بھی اسی طرح کے احتجاج ہوئے تھے، جس کے بعد وہاں کی حکومت نے کم از کم اجرت میں 35 فیصد اضافہ کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

متاثرہ علاقوں میں پولیس تعینات کر دی گئی ہے
متاثرہ علاقوں میں پولیس تعینات کر دی گئی ہےتصویر: ANI Photo

تین سو سے زائد افراد گرفتار

یہ احتجاج ایسے وقت پر سامنے آیا جب امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے باعث ایندھن کی فراہمی متاثر ہونے سے دنیا بھر میں اخراجات زندگی بڑھ گئے ہیں۔

گوتم بدھ نگر پولیس کے مطابق نوئیڈا کے احتجاج میں تقریباً 40 ہزار مزدور شریک تھے۔ مظاہروں کے سلسلے میں سات مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ 300 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق اس ہفتے اعلان کردہ اجرتوں میں اضافہ یکم اپریل سے نافذ العمل ہو گا، جس کے بعد نوئیڈا میں غیر ہنرمند مزدوروں کی ماہانہ تنخواہ تقریباً 121 ڈالر کے برابر سے بڑھ کر 147 ڈالر کے برابر ہو جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ نیم ہنرمند اور ہنرمند مزدوروں کی تنخواہوں میں بھی اسی طرح اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ریاست کے دیگر حصوں میں بھی مختلف شرحوں سے اجرتیں بڑھائی گئی ہیں۔

بھارت کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست اتر پردیش کی حکومت نے اس معاملے پر روئٹرز کی جانب سے تبصرے کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا۔

اترپردیش پولیس
اجرتوں میں اضافہ یکم اپریل سے نافذ العمل ہو گا، جس کے بعد نوئیڈا میں غیر ہنرمند مزدوروں کی ماہانہ تنخواہ تقریباً 121 ڈالر کے برابر سے بڑھ کر 147 ڈالر کے برابر ہو جائے گیتصویر: ANI Photo

بے چینی برقرار

نوئیڈا میں ایک آٹو موبائل کمپنی میں کام کرنے والی مزدور شیتل دکشت نے بتایا کہ کارکنوں کو نئی کم از کم اجرت کے بارے میں معلوم ہو گیا ہے، تاہم انہوں نے اسے ''غیر منصفانہ‘‘ قرار دیا ہے۔

انہوں نے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا، ''ہم بڑھائی گئی تنخواہوں سے مطمئن نہیں ہیں۔‘‘

منگل کو نوئیڈا کی کئی فیکٹریاں بند رہیں کیونکہ بعض مقامات پر احتجاج جاری رہا۔ مظاہرین سڑکوں پر مارچ کرتے اور نعرے لگاتے رہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی وہاں تعینات رہی۔ ایک موقع پر پولیس کی ایک گاڑی پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔

نیوز ایجنسی روئٹرز کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا تھا کہ بدامنی کی روک تھام کے ذمے دار خصوصی پولیس اہلکار سڑک پر موجود درجنوں مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

دیگر تصاویر میں جلی ہوئی اور الٹا دی گئی گاڑیاں بھی دکھائی دیں، جو ایک دن پہلے ہونے والے تشدد اور آتش زنی کی شدت کو ظاہر کرتی تھیں۔

ادارت: مقبول ملک

Javed Akhtar
جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔