1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین اور پاکستان ’آہنی دوست‘ ہیں، چینی صدر

20 ستمبر 2018

پاکستان کے طاقتور فوجی سربراہ ان دنوں چین کے اہم دورے پر ہیں۔ چینی صدر شی جن پنگ نے جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو ’انتہائی اہمیت‘ کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/35Ck3
China Qamar Javed Bajwa und Xi Jinping
تصویر: picture-alliance/Photoshot/Li Gang

چین کی سرکاری نیوز ایجنسی شنہوا کے مطابق بدھ کے روز چینی صدر نے پاکستانی فوجی سربراہ سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں چین کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ صدر شی جن پنگ نے جنرل باجوہ سے ملاقات کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملک ’آہنی دوست‘ ہیں۔

جاری ہونے والے بیان کے مطابق چینی صدر نے کہا ہے، ’’چین شروع سے ہی دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا آیا ہے۔‘‘ اس کے علاوہ چینی صدر نے پاکستان کی ان کوششوں کو بھی سراہا ہے، جو سی پیک منصوبے کی تکیمل اور سکیورٹی کے حوالے سے کی جا رہی ہیں۔

Karte Map China Pakistan Economic Corridor

جاری ہونے والے بیان کے مطابق، ’’جب تک اعلیٰ درجے کا باہمی اعتماد اور مضبوط اقدامات موجود رہیں گے، سی پیک تعمیراتی منصوبہ کامیاب ہوگا اور دونوں ملکوں کے عوام اس سے فائدہ اٹھائیں گے۔‘‘

پاکستان خلیجی ممالک کی سرمایہ کاری کی تلاش میں

تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستانی فوج کے سربراہ چین کے ان خدشات کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو چند روز پہلے پاکستانی وزیر تجارت کے ایک بیان کے بعد پیدا ہوئے تھے۔ عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت سی پیک کے حوالے سے بیجنگ حکومت کے ساتھ دوبارہ مذاکرات چاہتی ہے۔

قبل ازیں منگل کے روز چين کے طاقتور مرکزی فوجی کميشن کے نائب چيئرمين  نے جنرل قمر جاويد باجوہ کو يقين دہانی کرائی تھی کہ دونوں ممالک ہر قسم کے حالات اور صورت حال ميں اسٹريٹيجک اتحادی ہيں۔ چینی وزارت دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا، ’’، ’’چين اور پاکستان کے عسکری تعلقات دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات ميں ريڑھ کی ہڈی کی مانند ہيں۔‘‘

دوسری جانب جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے لکھا ہے کہ پاکستان کی نئی حکومت خلیجی ملکوں کی سرمایہ کاری کی تلاش میں ہے۔ اس منصوبے کے تحت خلیجی ممالک کو دعوت دی جائے گی کہ وہ چین کے باسٹھ ارب ڈالر ماليت کے سی پیک منصوبوں میں شامل ہوں۔

ایک پاکستانی عہدیدار کا کہنا تھا، ’’ان منصوبوں میں دیگر ممالک کو شامل کرنے کا خیال ہماری حکومت کا ہے اور وجہ یہی ہے کہ ہم صرف چین پر انحصار نہیں کرنا چاہتے۔‘‘

ا ا / ع ب (روئٹرز، ڈی پی اے،اے ایف پی)