1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان اقوام متحدہ کی ہيومن رائٹس کونسل کا رکن منتخب

14 اکتوبر 2020

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق سے متعلق کونسل ميں پاکستان کو ايک مرتبہ پھر منتخب کر ليا گيا ہے۔ اسلام آباد حکومت روايتی حريف ملک بھارت کے خلاف اسے ايک بڑی سفارتی کاميابی کے طور پر ديکھ رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/3juHX
Genf UN Menschenrechtsrat Sitzung
تصویر: Photoshot/picture-alliance

بھارت کی مخالفت کے باوجود پاکستان کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق سے متعلق کونسل ميں دوبارہ منتخب کر ليا گيا ہے۔ منگل 13 اکتوبر کو اقوام متحدہ کی 193 رکنی جنرل اسمبلی ميں جنيوا ميں قائم ہيومن رائٹس کونسل کی چار نشستوں کے ليے رائے دہی ہوئی۔ پاکستان کو 169 ووٹ ملے اور يوں يہ ملک آئندہ تين برس کے ليے اس کونسل کا رکن منتخب ہو گيا ہے۔ پاکستان اس کونسل کے رکن کے طور پر پانچويں مرتبہ منتخب ہوا ہے۔

اسٹاک ہولم کا انسانی حقوق ایوارڈ 2020ء حنا جیلانی کے نام

پاکستانی جیلوں میں قید خواتین کے خوفناک حالات

پاکستان ميں اس پيش رفت کو ايک سفارتی کاميابی کے طور پر ديکھا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ ميں پاکستانی سفير منير اکرم نے اليکشن کے بعد کہا، ''اس اہم انتخاب ميں پاکستان کی کاميابی بين الاقوامی برادری ميں پاکستان کے اعلٰی مقام کی عکاسی کرتی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ يہ وزير اعظم عمران خان، وزير خارجہ شاہ محمود قريشی، وزارت خارجہ اور تمام ممالک ميں پاکستانی سفارتی مشنوں کی کاوشوں کا نتيجہ ہے۔ اکرم نے يہ بھی کہا کہ بين الاقوامی برادری نے بھارت کی مخالفت کے باوجود پاکستان کو چنا۔

وزير خارجہ شاہ محمود قريشی نے بعد ازيں ايک ٹوئيٹ ميں لکھا، 'يہ ری اليکشن پاکستان پر بين الاقوامی برادری کے اعتماد اور انسانی حقوق کے ايجنڈے کی حمايت ہے۔‘

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ميں يہ رائے دہی بند دروازوں کے پیچھے ہوئی۔ اس ميں ايشيا اور پيسيفک خطے کے 15 ميں سے چار ارکان کو چنا جانا تھا۔ پاکستان، روس اور چين کے علاوہ گزشتہ روز منتخب کيا جانے والا چوتھا ملک ازبکستان ہے، جسے پاکستان جتنے ہی ووٹ ملے۔ دريں اثناء سعودی عرب ہيومن رائٹس کونسل کی رکنيت حاصل کرنے ميں ناکام رہا۔

يہ امر اہم ہے کہ امريکا دو برس قبل اس کونسل سے عليحدگی اختيار کر چکا ہے۔ واشنگٹن حکومت کا موقف ہے کہ اس کونسل ميں انتخاب کا متنازعہ طريقہ ايسے ممالک کو بھی رکنيت کا موقع فراہم کرتا ہے، جن کا انسانی حقوق کے حوالے سے ريکارڈ زيادہ خاص نہيں۔

امريکی وزير خارجہ مائيک پومپيو نے منگل کی پيش رفت کے بعد اپنے بيان ميں کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ايک مرتبہ پھر ايسے ممالک کو رکن چن ليا ہے، جن کے انسانی حقوق کے ريکارڈ کافی خراب ہيں۔ انہوں نے اس کونسل کے قوانين پر کڑی تنقيد کی۔

ع س / ا ب ا (اے ايف پی)