1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرمپ کا ایران کے تجارتی شراکت داروں پر 25 فیصد ٹیرف کا اعلان

جاوید اختر روئٹرز، اے پی، اے ایف پی کے ساتھ
13 جنوری 2026

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان ممالک سے آنے والی اشیا پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جو ایران کے ساتھ کاروبار کرتے ہیں۔ اس فیصلے سے چین، برازیل، ترکی اور روس سمیت کئی ممالک متاثر ہو سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/56iHj
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
ایران نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور امریکہ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے درمیان رابطے کا چینل ابھی بھی کھلا ہےتصویر: John Angelillo/UPI Photo/IMAGO

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز کہا کہ جو ممالک ایران کے ساتھ کاروبار کرتے ہیں انہیں امریکہ کے ساتھ ہونے والے ''ہر طرح کے کاروبار‘‘ پر 25 فیصد ٹیرف ادا کرنا ہو گا۔

ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا: ''فوری طور پر مؤثر، جو بھی ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ کاروبار کر رہا ہے وہ امریکہ کے ساتھ ہونے والے ہر قسم کے کاروبار پر 25 فیصد ٹیرف ادا کرے گا۔ یہ حکم حتمی اور قطعی ہے۔‘‘

نیویارک میں واقع اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے ٹرمپ کے ٹیرف کے اعلان پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

چین، برازیل، ترکی اور روس ان معیشتوں میں شامل ہیں جو تہران کے ساتھ کاروبار کرتی ہیں۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ اعلان تمام تجارتی شراکت داروں پر لاگو ہو گا یا کچھ پر۔

واشنگٹن میں چینی سفارت خانے نے ٹرمپ کے طرزِ عمل پر تنقید کی اور کہا کہ چین اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ''تمام ضروری اقدامات‘‘ کرے گا اور وہ ’’کسی بھی غیر قانونی یکطرفہ پابندیوں اور دور رس دائرۂ اختیار‘‘ کی مخالفت کرتا ہے۔

ٹرمپ ایران کے تجارتی شراکت داروں کو ٹیرف کا نشانہ کیوں بنا رہے ہیں؟

صدر ٹرمپ کا یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب خبروں کے مطابق ایران میں احتجاج کرنے والے افراد پر سخت کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے، جو مذہبی حکومت کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے مظاہرین کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے پچھلے ہفتے کہا تھا کہ مظاہرین ''اپنے ہی وسائل تباہ کر رہے ہیں تاکہ کسی دوسرے ملک کے صدر کو خوش کر سکیں۔‘‘ان کا اشارہ امریکی صدر ٹرمپ کی طرف تھا۔

ابتدائی طور پر معاشی شکایات کی وجہ سے شروع ہونے والے یہ مظاہرے ایرانی حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج بن گئے ہیں۔ ان مظاہروں کو اب دو ہفتے ہو چکے ہیں۔

ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے پیر کے روز کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور امریکہ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے درمیان رابطے کا چینل ''ابھی بھی کھلا‘‘ ہے۔

ایرانی حکومت کی جانب سے کریک ڈاؤن میں اضافے کے باوجود تہران میں مظاہرین گلیوں میں نکل آئے، الاؤ کے گرد ناچتے اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے
ناروے میں قائم این جی او ایران ہیومن رائٹس کے مطابق حکومت مخالف احتجاج کے آغاز سے اب تک کم از کم 648 اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیںتصویر: UGC/AP Photo/picture alliance

ٹرمپ ایران میں کریک ڈاؤن کے جواب پرغور کر رہے ہیں

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیووِٹ نے پیر کے روز صحافیوں کو بتایا کہ ٹرمپ مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں، جن میں ایران پر فضائی حملے بھی شامل ہیں، تاہم ان کی پہلی ترجیح سفارت کاری ہے۔

ایران میں احتجاج میں اضافہ ہو گیا ہے، جہاں مظاہرین اسلامی جمہوریہ کی حکمران مذہبی قیادت کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں، جو تقریباً پانچ دہائیاں پہلے قائم ہوئی تھی۔

ان احتجاجی مظاہروں کے دوران صورتحال سنگین ہو گئی ہے، کیونکہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے پرتشدد کریک ڈاؤن کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔

ناروے میں قائم این جی او "ایران ہیومن رائٹس" کے مطابق حکومت مخالف احتجاج کے آغاز سے اب تک کم از کم 648 اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔

ملک سے آنے والی رپورٹس اور ویڈیوز کی تصدیق بیرونِ ملک سے اب مزید مشکل ہوتی جا رہی ہے، کیونکہ واچ ڈاگ نیٹ بلاکس کے مطابق ملک میں گزشتہ 100 گھنٹوں سے انٹرنیٹ بھی بند ہے۔

رضا شاہ پہلوی کی ایک پرانی تصویر
ایران میں 1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد رضا شاہ پہلوی کی معزولی کے بعد سے ایک مذہبی حکومت قائم ہےتصویر: Cola Images/IMAGO

ٹرمپ غلط اندازے نہ لگائیں، ایران

خیال رہے ایران میں 1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد رضا شاہ پہلوی کی معزولی کے بعد سے ایک مذہبی حکومت قائم ہے۔

دریں اثنا ایران کے آخری شاہ کے بیٹے، رضا پہلوی، جو امریکہ میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں، نے سی بی ایس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ ''جلد‘‘ مداخلت کریں۔

پہلوی نے کہا، ''میرے خیال میں صدر کو بہت جلد ایک فیصلہ کرنا ہو گا۔‘‘

انہوں نے ایرانیوں کو احتجاج میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے اور خود کو ملک کے لیے ایک عبوری رہنما کے طور پر پیش کیا ہے۔

اس دوران ایران نے ملکی صورت حال کے حوالے سے واشنگٹن کو ‘‘غلط اندازے‘‘ کے خلاف خبردار کیا ہے۔

کیا رضا پہلوی واقعی ایران کے اندر مقبول ہو رہے ہیں؟

ادارت: صلاح الدین زین

Javed Akhtar
جاوید اختر جاوید اختر دنیا کی پہلی اردو نیوز ایجنسی ’یو این آئی اردو‘ میں پچیس سال تک کام کر چکے ہیں۔