1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سفر و سیاحت

شاہ راہ ریشم ’کشیدگی‘، قمر باجوہ چین پہنچ گئے

17 ستمبر 2018

پاکستانی فوجی سربراہ قمر جاوید باجوہ تین روزہ دورے پر اتوار کو چین پہنچ گئے ہیں۔ اس سے قبل ایک پاکستانی وزیرکی جانب سے شاہ راہ ریشم پروجیکٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/34ycG
MSC Qamar Javed Bajwa  Armeechef von Pakistan
تصویر: picture-alliance/dpa/S. Hoppe

پاکستانی فوجی سربراہ قمر جاوید باجوہ پاکستان میں گزشتہ ماہ نئی حکومت کے قیام کے بعد بیجنگ کا دورہ کرنے والے اعلیٰ ترین عہدے دار ہیں۔ باجوہ کے دورے سے ایک ہفتہ قبل چینی وزیر خارجہ پاکستان گئے تھے۔ حالیہ کچھ عرصے میں پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات میں نہایت گہرائی پیدا ہوئی ہے، جس پر امریکا کو ’تحفظات‘ ہیں۔

ڈیم فنڈ: جنرل باجوہ کے اصلی اور جنرل مشرف کے ’جعلی‘ عطیات

چینی وزیر خارجہ کی پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں

اس دورے میں باجوہ کی کوشش ہو گی کہ وزیر معیشت عبدالرزاق داؤد کے بیان کے بعد چین میں پیدا ہونے والے ممکنہ خدشات کا ازالہ کیا جا سکے۔ پاکستانی وزیراقتصادیات نے چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور کے پروجیکٹس کو ایک برس کے لیے معطل کرنے کی تجویز دی تھی۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پاکستانی فوجی سربراہ قمر باجوہ، ملک میں فوج کے اثرورسوخ کے تناظر میں اعلیٰ غیرملکی رہنماؤں سے ملاقاتیں کرتے نظر آتے ہیں، جب کہ ملکی خارجہ پالیسی پر بھی پاکستانی فوج کا بھرپور کنٹرول ہے۔

اتوار کے روز اس دورے کے آغاز پر پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا، ’’اپنے اس دورے کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف متعدد چینی رہنماؤں بہ شمول اپنے ہم منصب سے ملیں گے۔‘‘

واضح رہے کہ چین پاکستان میں انفراسٹرکچر کے متعدد پروجیکٹس میں قریب ساٹھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے، تاہم فنانشل ٹائمز کے ساتھ بات چیت میں پاکستانی وزیر معیشت داؤد نے کہا کہ سابقہ حکومت کے دور میں چین کے ساتھ متعدد معاہدوں میں پاکستانی مفادات کا خیال نہیں رکھا گیا، اس لیے ان معاہدے کو ازسرنو دیکھا جانا چاہیے۔ یہ تنقیدی بیان اس وقت شائع ہوا تھا، جب چینی وزیرخارجہ وانگ ژی پاکستان کے دورے میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفادات کے تحفظ کے عزم کے ساتھ وطن واپس پہنچے تھے۔