1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زمبابوے میں سمندری طوفان کی تباہ کاریاں، نواسی ہلاک

18 مارچ 2019

سمندری طوفان ایڈائی نے تین افریقی ملکوں زمبابوے، ملاوی اور موزمبیق میں تباہی پھیلا دی ہے۔ اس طوفان کے تیز رفتار جھکڑوں اور شدید بارشوں سے زندگی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3FEkz
Simbabwe Zyklon Idai in Chimanimani, Manicaland
تصویر: picture-alliance/Xinhua News Agency/S. Jusa

افریقی ممالک زمبابوے اور موزمبیق میں سمندری طوفان ایڈائی سے ہونے والی ہلاکتیں ڈیڑھ سو سے زائد ہو گئی ہیں۔ ان میں نواسی افراد زمبابوے میں اور باسٹھ موزمبیق میں ہلاک ہوئے ۔ لاپتہ افراد کی تعداد درجنوں میں بتائی گئی ہے۔ سمندری طوفان ایڈائی گزشتہ ہفتے کے اختتام پر پہلے موزمبیق سے ٹکرایا تھا اور بعد میں اِس کے ساتھ آنے والے تیز رفتار جھکڑوں اور شدید موسلا دھار بارش نے زمبابوے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ اس طوفان سے زمبابوے کے جنوبی اور مشرقی حصے شدید متاثر ہیں۔

Malawi Zyklon Idai
سمندری طوفان ایڈائی نے زمبابوے، ملاوی اور موزمبیق میں نظام زندگی درہم برہم کر رکھا ہےتصویر: Getty Images/AFP/A. Gumulira

زمبابوے کا ضلع چیمانی مانی اس وقت ملک کے دیگر علاقوں سے کٹ کر رہ گیا ہے۔ اس ضلع کو سمندری طوفان کے ساتھ آنے والے ایک سو ستر کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار والے جھکڑوں نے تباہ و برباد کر دیا ہے۔ بے شمار مکانات کے ساتھ سڑکیں، پل اور درخت زمین بوس ہو چکے ہیں۔ بجلی اور ٹیلی مواصلات کا نظام ابھی تک درہم برہم ہے۔

دونوں ملکوں کے حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی یہ ابتدائی تعداد ہے اور اس میں یقینی اضافے کا امکان ہے کیونکہ تباہ شدہ رہائشی عمارتوں اور مکانات کے ملبے کو ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس وقت زمبابوے، موزمبیق اور ملاوی میں انسانی المیے کی کیفیت دیکھی جا رہی ہے۔ یہ افریقی ریاستیں پہلے ہی اقتصادی گراوٹ کی لپیٹ میں ہیں۔

Malawi Zyklon Idai
سمندری طوفان ایڈائی کے ساتھ ہونے والی شدید بارشوں سے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہےتصویر: Getty Images/AFP/A. Gumulira

دوسری جانب اقوام متحدہ کے مطابق سمندری طوفان سے زمبابوے اور موزمبیق کے علاوہ ملاوی بھی متاثر ہوا ہے۔ عالمی ادارے نے موزمبیق اور ملاوی میں ایک سو زائد افراد کے ہلاک ہونے کا بتایا ہے۔ ان دونوں ملکوں کے نشیبی علاقوں کے دیہات سیلابی پانی سے بھرے ہوئے ہیں اور عام شہریوں کی حالت پریشان کن ہے۔موزمبیق، زمبابوے اور ملاوی کی حکومتوں کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش کے ساتھ ساتھ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ موزمبیق کی حکومت سمندری طوفان ایڈائی کو ایک شدید آفت قرار دے چکی ہے۔ زمبابوے کے متاثرہ علاقے موزمبیق کی سرحد کے ساتھ جڑے ہیں۔ تمام متاثرہ علاقوں میں شدید نقصان کا اندازہ ابھی تک نہیں لگایا جا سکا ہے۔