1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیلجیم کے بادشاہ کی اپنی سوتیلی بہن سے زندگی میں پہلی ملاقات

15 اکتوبر 2020

بیلجیم کے بادشاہ فیلپ نے اپنی سوتیلی بہن ڈیلفین سے زندگی میں پہلی بار ملاقات کی ہے۔ ڈیلفین بادشاہ فیلپ کے والد آلبرٹ کے ایک خاتون سے غیر ازدواجی تعلقات کے نتیجے میں پیدا ہوئی تھیں، جس کا ماضی میں کسی کو علم نہیں تھا۔

https://p.dw.com/p/3jzJT
شہزادی ڈیلفین اور ان کے والد، بیلجیم کے سابق بادشاہ آلبرٹ دوئم، فائل فوٹوتصویر: picture-alliance/dpa/D. Lebrun/D. Waem

دارالحکومت برسلز سے جمعرات پندرہ اکتوبر کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق اس ملاقات کی باقاعدہ تصدیق شاہی محل نے کر دی ہے۔ یہ ملاقات نو اکتوبر کو ہوئی، جو ان دونوں شخصیات کی آپس میں بہن بھائی ہونے کے باوجود زندگی میں پہلی ملاقات تھی۔

سابق ہسپانوی بادشاہ کارلوس ملک سے پراسرار رخصتی کے بعد لاپتا

بادشاہ فیلپ اور ان کی سوتیلی بہن ڈیلفین کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ اس ملاقات کے دوران 'کافی دیر تک تفصیلی تبادلہ خیال‘ کیا گیا اور یہ ملاقات دونوں کے مابین 'فیملی فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے اچھے تعلقات کے قیام‘ کے عمل میں معاون ثابت ہو گی۔

روس: جنگل سے ملنے والی ہڈیاں روسی شاہی خاندان کی تھیں

اس بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ گزشتہ جمعے کے روز بادشاہ فیلپ کی شاہی رہائش گاہ لائکن پیلس میں ہونے والی یہ اولین ملاقات 'دلی گرم جوشی‘ سے عبارت تھی۔

اس بارے میں جو بیان جاری کیا گیا، اس کے آخر پر شاہی دستخطوں کے طور پر 'فیلپ اور ڈیلفین‘ لکھا ہوا تھا۔

قانونی جنگ کے بعد شاہی خاندان میں شمولیت

ڈیلفین اب بیلجیم کی کوئی عام شہری نہیں بلکہ ایک شہزادی ہیں، جن کا پورا نام ڈیلفین آف ساکس کوبرگ ہے۔ وہ اب ملکی شاہی خاندان کی رکن ہیں اور انہوں نے اپنی یہ حیثیت کئی سالہ قانونی جنگ کے بعد حاصل کی ہے۔

شہزادی ڈیلفین نے شاہی خاندان میں اپنی شمولیت کے لیے جو طویل عدالتی جنگ لڑی، وہ اسی مہینے کے اوائل میں اپنے اختتام کو پہنچی تھی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں ڈیلفین کو بیلجیم کے سابق بادشاہ آلبرٹ دوئم کی بیٹی تسلیم کر لیا تھا۔

وہ برطانوی بادشاہ جو حقیقت میں ’ملکائیں‘ تھے

ڈیلفین بادشاہ آلبرٹ اور ایک خاتون کے مابین غیر ازدواجی تعلقات کے نتیجے میں پیدا ہوئی تھی۔ ان کی پیدائش کا کبھی بادشاہ آلبرٹ نے بھی ذکر نہیں کیا تھا اور اسی وجہ سے ڈیلفین کے موجودہ بادشاہ کی سوتیلی بہن ہونے کا کسی کو اس حقیقت کے منظر عام پر آ جانے تک علم ہی نہیں تھا۔

شہزادی ڈیلفین کی عمر اس وقت 52 برس ہے۔ وہ ایک آرٹسٹ ہیں اور ماضی میں ان کا پورا نام ڈیلفین بوئل تھا، جو اب بدل کر اور شاہی اعزاز کے ساتھ شہزادی ڈیلفین آف ساکس کوبرگ ہو گیا ہے۔

م م / ع ب (اے ایف پی، ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید