1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعودی بادشاہ امریکا کی وجہ سے اقتدار میں ہیں، ٹرمپ

3 اکتوبر 2018

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ سعودی بادشاہت امریکی فوج کے دم سے سلامت ہے۔ ایک ریلی سے تقریر کرتے ہوئے ٹرمپ نے امریکا کو سعودی عرب کا محافظ بھی قرار دیا۔

https://p.dw.com/p/35u33
USA Trump Rede in Wheeling
تصویر: picture-alliance/Zumapress/B. Cahn

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے یہ بات سعودی فرماں روا شاہ سلمان پر واضح کی ہے کہ اُن کی بادشاہت امریکی فوج کی وجہ سے قائم ہے اور اگر یہ فوجی مدد حاصل نہ ہو تو اُن کی حکومت دو ہفتے بھی قائم نہیں رہ سکتی۔ امریکی صدر نے یہ کلمات ریاست مِسسِسپی کے شہر ساؤتھ ہیون میں کہے۔

ساؤتھ ہیون میں ایک پرجوش ہجوم کے سامنے تقریر کرتے ہوئے ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ امریکا سعودی عرب کا محافظ ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا، ’’ہم سعودی عرب کی حفاظت کرتے ہیں۔ کیا آپ کہیں گے کہ وہ امیر ہیں اور میں بادشاہ سے محبت کرتا ہوں، شاہ سلمان سے۔ لیکن میں نے کہا کہ شاہ سلمان ہم آپ کی حفاظت کر رہے ہیں۔ آپ ہمارے بغیر شاید دو ہفتے بھی نہیں رہ سکتے۔ آپ کو اپنی فوج کے لیے ادائیگی کرنے پڑے گی۔‘‘

Saudi-Arabien Jeddah Einweihung der Zugverbindung nach Mekka und Medina
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتہ انتیس ستمبر کو سعودی بادشاہ کو ٹیلیفون کر کے علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ تصویر: Reuters/Courtesy of Saudi Royal Court/B. Algaloud

ٹرمپ نے اس تقریر میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ساتھ خاص انسیت رکھنے کا بھی اظہار کیا۔ امریکی صدر نے سعودی حکومت کے حوالے سے کہا کہ امریکی فوجی امداد کے بغیر سعودی بادشاہ اپنی حکومتی عملداری کا سلسلہ کسی صورت قائم نہیں رکھ سکتے۔ ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہوں نے یہ الفاظ شاہ سلمان کو کس وقت اور کس موقع پر کہے تھے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتہ انتیس ستمبر کو سعودی بادشاہ کو ٹیلیفون کر کے علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ سعودی حکومتی نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس ٹیلی فونگ گفتگو میں شاہ سلمان کے ساتھ امریکی صدر نے خام تیل کی عالمی منڈیوں میں فراہمی کے تسلسل اور عالمی اقتصادی پیداوار کی شرح پر بھی بات چیت کی۔

USA | Trump über das Abkommen USMCA zwischen USA und Kanada
ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ امریکا سعودی عرب کا محافظ ہے۔تصویر: Reuters/L. Mills

تجزیہ کاروں نے امریکی صدر کے اپنے انتہائی قریبی اتحادی ملک کے بادشاہ اور حکومت کے بارے میں اِن سخت کلمات کو سفارتی آداب کے منافی قرار دیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ ایران کی مبینہ توسیع پسندی کے عزائم کے تناظر میں واشنگٹن، سعودی حکومت کے ساتھ انتہائی گرمجوش اور مضبوط تعلقات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے منصب صدارت سنبھالنے کے بعد اپنا غیر ملکی دوروں کے سلسلے کا آغاز سعودی عرب سے کیا تھا۔

ع ح / ا ب ا (روئٹرز)