بنڈس لیگا کے 27ویں میچ ڈے کا سنسنی خیز آغاز
20 مارچ 2010مقامی حریفوں کے مابین کھیلے گئےاس میچ کے 55 ویں منٹ میں مؤنشن گلاڈباخ کے کھلاڑی مارکوریوس نے گول کیا اور اپنی ٹیم کو برتری دلوا دی تاہم کھیل کے 79 ویں منٹ میں کولون کی طرف سے مانیش نے گول کر کے یہ سبقت ختم کردی۔
روایتی حریفوں کے مابین یہ میچ رائن اینرگی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جسے دیکھنے کے لئے کوئی پچاس ہزارتماشائی موجود تھے۔ کھیل کے دوران دونوں شہروں کے تماش بینوں کے مابین ممکنہ تصادم کےپیش نظر تمام میچ کے دوران سیکیورٹی کافی سخت رہی۔ تاہم اس دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ستائیسویں میچ ڈے کے دوسرے دن یعنی ہفتے کو چھ میچ کھیلے جائیں گے۔ ان مقابلوں میں بوخم بمقابلہ بریمن کھیلے گا جبکہ شٹٹ گارٹ اپنے ہوم گراونڈ میں ہینوور کے مد مقابل ہوگا۔ دیگر میچوں میں فرائی بیرگ کی ٹیم مائنز کے خلاف مقابلہ آرا ہوگی اور فرینکفرٹ کا میچ میونخ سے ہوگا۔ ہفتے کے دن آخری میچ لیورکوزن اور ڈورٹمنڈ کے خلاف ہوگا۔
مسلسل تین میچ ہارنے والی برلن کی ٹیم اتوار کو وولفس برگ کے خلاف کھیلے گی۔ وولفس برگ مسلسل چار میچ جیت کراچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر بائرن میونخ کی ٹیم 56 پوائنٹس کےساتھ پہلے نمبرہے جبکہ 54 پوائنٹس کے ساتھ شالکے دوسرے اور 53 پوائنٹس کے ساتھ لیورکوزن تیسرے نمبر پر ہے۔
رپورٹ : عاطف بلوچ
ادارت : عاطف توقیر