1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا کا 26واں میچ ڈے مکمل

15 مارچ 2010

جرمن قومی فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کا 26 واں میچ ڈے مکمل ہو گیا ہے۔ اس میچ ڈے کی اہم بات شالکے کا مختصر دورانیے کے لئے پوائنٹس ٹیبل پر نمبر ایک پوزیشن پر پہنچنا تھا۔

https://p.dw.com/p/MSrw
تصویر: AP

شالکے کی ٹیم نے جمعہ کو اس میچ ڈے کے آغاز پر ہی پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی تھی، جو اس کی تین مسلسل کامیابیوں کا نتیجہ تھی۔ لیکن اگلے ہی روز ہفتہ کو بائرن میونخ نے شالکے کا کم ازکم ہفتہ بھر کے لئے نمبر ایک ٹیم بنے رہنے کا خواب چکنا چور کر دیا۔ اس نے فرائی برگ کو ایک دلچسپ مقابلے میں شکست دے کر ٹاپ پوزیشن سنبھال لی۔

بائرن میونخ وقفے وقفے سے ٹاپ ٹیم رہی ہے اور اس مرتبہ یہ پوزیشن واپس حاصل کرنے کے لئے ہفتہ کا میچ جیتنا اس کے لئے ضروری تھا۔ اب میونخ 56 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ شالکے دوسرے نمبر پر ہے اور اسے 54 پوائنٹس حاصل ہیں۔ لیورکوزن 53 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ چوتھے نمبر پر ڈورٹمنڈ ہے، پانچویں پر ہیمبرگ اور چھٹے پر بریمن کی ٹیم۔ ساتویں پوزیشن مائنز کو حاصل ہے۔ آٹھویں نمبر پر وولفس برگ، نویں پر شٹٹ گارٹ اور دسویں پر فرینکفرٹ ہے۔

Bundesliga Bremen Hoffenheim
ہوفن ہائم اور بریمن کے درمیان میچتصویر: AP

اتوار کو لیورکوزن نے ہیمبرگ کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی تیسری پوزیشن برقرار رکھی۔ تاہم اس کے پوائنٹس 50 سے بڑھ کر 53 ہو گئے۔ اتوار ہی کے ایک دوسرے میچ میں بریمن نے ہوفن ہائم کو ایک صفر سے مات دے دی۔

ہفتہ کو کھیلے گئے دیگر مقابلوں میں وولفس برگ نے مئونشن گلاڈباخ کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا تھا۔ ڈورٹمنڈ نے بوخم کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے مات دی۔ کولون کی ٹیم مائنز کے خلاف اپنا میچ ایک صفر سے ہار گئی۔ ہنوور نے فرینکفرٹ کو دو ایک سے شکست دی۔ نیورمبرگ نے برلن کو دو ایک سے ہرا دیا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید