بنڈس لیگا میں شالکے صرف ایک رات کی چیمپیئن
14 مارچ 2010بائرن میونخ ہفتہ کو 26 ویں میچ ڈے کے دوران فرائی برگ کو ایک دلچسپ مقابلے میں شکست دے دی۔
شالکے نے ابھی جمعہ کو ہی پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ اسے یہ مقام مسلسل تین مقابلوں میں فتح کے بعد حاصل ہوا، جن میں سے آخری مقابلے میں اس نے جمعہ کو شٹٹ گارٹ کو دو ایک سے ہرایا۔ تاہم مسلسل کامیابیوں سے حاصل ہوئی پوزیشن ایک ہی دن میں چلی گئی۔
بائرن میونخ وقفے وقفے سے ٹاپ ٹیم رہی ہے اور اس مرتبہ یہ پوزیشن واپس حاصل کرنے کے لئے ہفتہ کا میچ جیتنا اس کے لئے ضروری تھا۔ اسے پوائنٹس ٹیبل پر آٹھویں نمبر کی ٹیم فرائی برگ کا سامنا تھا، جس نے میونخ کو ایک صفر سے تقریبا شکست دے ہی ڈالی تھی۔ اس کے کھلاڑیوں نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میونخ کی ٹیم کو صفر تک محدود رکھا۔ تاہم کھیل کے آخری 15منٹ کے دوران اس کے آریئن رَوبین نے دو گول کر کے اپنی ٹیم کو ایک اہم کامیابی دلائی۔
اب میونخ 56 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ شالکے دوسرے نمبر پر ہے اور اسے 54 پوائنٹس حاصل ہیں۔ لیورکوزن 50 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ آج اتوار کو یہ ٹیم ہیمبرگ کے خلاف میچ کھیلے گی، جس میں ممکنہ جیت کے باوجود اس ہفتے لیورکوزن کا تیسری پوزیشن سے اوپر آنا ناممکن دکھائی دیتا ہے۔ چوتھے نمبر پر ڈورٹمنڈ ہے، پانچویں پر ہیمبرگ اور چھٹے پر بریمن کی ٹیم۔ ساتویں پوزیشن مائنز کو حاصل ہے۔ آٹھویں نمبر پر وولفس برگ، نویں پر شٹٹ گارٹ اور دسویں پر فرینکفرٹ ہے۔
ہفتہ کو کھیلے گئے دیگر مقابلوں میں وولفس برگ نے مئونشن گلاڈباخ کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا۔ ڈورٹمنڈ نے بوخم کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے مات دی۔ کولون کی ٹیم مائنز کے خلاف اپنا میچ ایک صفر سے ہار گئی۔ ہنوور نے فرینکفرٹ کو دو ایک سے شکست دی۔ نیورمبرگ نے برلن کو دو ایک سے ہرا دیا۔
بنڈس لیگا کے 26 ویں میچ ڈے کے آخری مرحلے میں اتوار کو بریمن اور ہوفن ہائم کی ٹیموں کے مابین ایک میچ کھیلا جائے گا۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: مقبول ملک