1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسلام آباد کے نئے ایئر پورٹ کا افتتاح اسی مہینے

3 اپریل 2018

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد کے نئے اور ملک کے سب سے بڑے ایئر پورٹ کا افتتاح اسی مہینے کر دیا جائے گا۔ بیس اپریل کو وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے ہاتھوں افتتاح کے ساتھ یہ نیا ایئر پورٹ باقاعدہ کام کرنا شروع کر دے گا۔

https://p.dw.com/p/2vQKl
اسلام آباد کا اب تک استعمال ہونے والا بےنظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹتصویر: picture alliance/dpa

اسلام آباد سے منگل تین اپریل کو ملنے والی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق پاکستان میں شہری ہوائی بازی کے ڈویژں کے ترجمان شیر علی نے بتایا کہ آج سے قریب ڈھائی ہفتے بعد ملک کا وہ سب سے بڑا ہوائی اڈہ کھول دیا جائے گا، جس کی تعمیر ایک عشرے سے بھی زیادہ عرصہ قبل شروع ہوئی تھی۔

اسلام آباد کا نیا ایئرپورٹ اگست میں کھول دیا جائے گا

اسلام آباد ہوائی اڈے پر تشدد ’جس کی لاٹھی اس کی بھینس‘

’انتخابات سے قبل پی آئی اے کو بیچنے کا ارادہ ہے‘

ترجمان کے مطابق افتتاحی تقریب میں ملکی وزیر اعظم کے علاوہ 500 سے زائد سیاستدان، غیر ملکی سفارت کار اور اعلیٰ سماجی اور کاروباری شخصیات شرکت کریں گی۔ پاکستانی دارالحکومت کا اب تک اپنا کوئی بین الاقوامی ہوائی اڈہ نہیں ہے اور راولپنڈی اور اسلام آباد کے جڑواں شہروں کے لیے اب تک وہ چکلالہ ایئر پورٹ ہی ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، جو دراصل پاکستان ایئر فورس کی چکلالہ ایئر بیس ہے اور جس کا محض ایک ہی رن وے ہے۔

Pakistan International Airline PIA
بیس اپریل کو نئے ہوائی اڈے پر اترنے والی پہلی اندرون ملک مسافر پرواز پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی ہو گیتصویر: Reuters/F. Mahmood

شروع میں اسلام آباد کا یہ نیا ایئر پورٹ 36 ارب پاکستانی روپے یا 311 ملین امریکی ڈالر کے برابر لاگت سے تیار کیا جانا تھا، لیکن لاگت کے کئی مرتبہ ازسرنو جائزوں کے بعد اب اس ہوائی اڈے کی تعمیر پر اٹھنے والی لاگت 81 ارب روپے سے زائد یا قریب 700 ملین امریکی ڈالر کے برابر بنتی ہے۔

ہیتھرو: پی آئی اے کے جہاز کی تلاشی، عملہ حراست میں

بکرے کی قربانی ’مذاق‘ بن گئی

’کرنسی سمگلنگ کیس‘ ماڈل ایان علی کی رہائی کا حکم

اس ہوائی اڈے کی تعمیر کا کام اپریل 2007ء میں شروع کیا گیا تھا اور تب سے اب تک اس کی تکمیل کے لیے اعلان کردہ کئی ڈیڈ لائنز گزر چکی ہیں۔ اس منصوبے کے دوران مبینہ بدانتظامی، مالیاتی خرد برد اور بار بار کے التواء کے باعث پاکستانی میڈیا میں اس پر شدید تنقید بھی کی جاتی رہی ہے۔

ایوی ایشن ڈویژن کے ترجمان شیر علی کے بقول جس روز اس نئے ایئر پورٹ کا افتتاح کیا جائے گا، اسی روز وہاں اترنے والی پہلی اندرون ملک مسافر پرواز پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز یا پی آئی اے نامی قومی فضائی کمپنی کی ہو گی۔

اسلام آباد کا یہ نیا ہوائی اڈہ 4,300 ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے اور وہاں دنیا کا سب سے بڑا مسافر طیارہ ایئر بس اے 380 بھی اتر سکے گا۔ پاکستانی محکمہ شہری ہوا بازی کے مطابق اس ہوائی اڈے کو سالانہ قریب نو ملین مسافر استعمال کر سکیں گے اور یوں اپنے ہاں مسافروں کی آمد و رفت کے اعتبار سے یہ فرانس کے شہر مارسے کے ایئر پورٹ کے برابر صلاحیت کا حامل ہو گا۔ اس کے برعکس ایشیا میں دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ جیسے بڑے ہوائی اڈوں کو ہر سال قریب 80 ملین یا آٹھ کروڑ مسافر آمد و رفت کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

م م / ا م ت / ڈی پی اے