لبنان میں جنگ بندی لیکن غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری
27 نومبر 2024غزہ پٹی میں حماس کے زیر انتظام محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے تازہ حملوں میں کم از کم 17 فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔ شہری دفاع کے ترجمان نے آج بروز بدھ بتایا کہ غزہ شہر میں ایک اسکول کی عمارت پر بمباری میں 10 افراد ہلاک ہو گئے۔
اس سکول کو بے گھر افراد کے لیے ایک پناہ گاہ کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔ ایک اور واقعے میں شمالی غزہ میں واقع الزیتون کے علاقے میں ایک رہائشی عمارت پر حملے میں بھی سات افراد ہلاک ہو گئے۔ اسرائیلی فوج نے فلسطینی ہلاکتوں کی ان اطلاعات پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
اسرائیلی فوج ہمیشہ اس بات پر زور دیتی ہے کہ وہ غزہ پٹی میں فلسطینی عسکری تنظیم حماس کے خلاف فوجی کارروائیاں کر رہی ہے اور عام شہریوں کی جانیں بچانے کی پوری کوشش کرتی ہے۔ خیال رہے کہ حماس کی جانب سے گزشتہ سال سات اکتوبر کو جنوبی اسرائیل پر کیے گئے دہشت گردانہ حملے میں 12 سو افراد مارے گئے تھے، جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ حماس کے جنگجو واپس غزہ جاتے ہوئے اپنے ہمراہ ڈھائی سو افراد کو یرغمال بنا کر بھی لے گئے تھے، جن میں سے اندازوں کے مطابق ایک سو کے قریب ابھی تک حماس کی قید میں ہیں۔
غزہ پٹی میں حماس کے زیر انتظام وازرت صحت کے مطابق گزشتہ برس سات اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی زمینی اور فضائی حملوں میں ان تقریباً 14 ماہ کے دوران اب تک 44,282 افراد ہلاک اور 104,700 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ ان معلومات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کی جا سکتی تاہم اقوام متحدہ کا ادارہ ان اعداد و شمار کو درست تسلیم کرتا ہے۔
غزہ پٹی میں یہ تازہ اسرائیلی حملے ایک ایسے وقت پر ہوئے ہیں، جب اسرائیل اورلبنان کی ایران نواز عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ کے مابین جنگ بندی کے معاہدے کے بعد لڑائی کی وجہ سے بے گھر ہونے والے افراد نے آج بدھ کے روز لبنان میں اپنے گھروں کو لوٹنا شروع کیا ہے۔
تاہم کئی ماہ کی کوششوں کے باوجود غزہ پٹی میں جنگ بندی کو ابھی تک ممکن نہیں بنایا جا سکا۔ غزہ میں جنگ بندی کی کوششوں میں پیش پیش رہنے والے خلیجی ملک قطر نے چند ہفتے قبل یہ کہہ کر ثالثی کے عمل سے علیحدگی اختیار کر لی تھی کہ وہ فریقین کی جانب سے بات چیت کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے ان کے اپنے اپنے موقف میں لچک پیدا ہونے تک اس عمل کا حصہ نہیں بنے گا۔
اسی دوران امریکی صدر جو بائیڈن نے بدھ کے روز کہا کہ ان کی انتظامیہ غزہ پٹی میں بھی جنگ بندی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور بائیڈن کے بقول یہ ممکن ہے کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے مابین بھی معمول کے تعلقات قائم ہو جائیں۔
ش ر⁄ ا ا، م م ( ڈی پی اے، روئٹرز)