1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں پی ایس ایل ٹورنامنٹ آج سے، لیکن شائقین کے بغیر

مقبول ملک ڈی پی اے کے ساتھ
26 مارچ 2026

اب تک جاری ایران جنگ کے سبب پیدا شدہ توانائی کے بحران کے باعث پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی ڈومیسٹک کرکٹ کا پی ایس ایل ٹورنامنٹ آج جمعرات 26 مارچ سے اسٹیڈیمز میں شائقین کی موجودگی کے بغیر ہی شروع ہو رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/5BAdj
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقویتصویر: Sajjad Hussain/AFP

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ملکی عوام کا پسندیدہ ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) یوں تو ہر سال بڑے جوش و خروش سے اور شائقین سے بھرے ہوئے اسٹیڈیمز میں کھیلا جاتا تھا، لیکن اس سال صورت حال مختلف ہے۔

’پاکستانی وزیر اعظم نے سب کے من پسند کھیل کو جاری رکھنے میں مدد دی‘، سری لنکا کے صدر کا اظہار تشکر

پاکستان کے ہمسایہ ملک ایران کی 28 فروری سے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف جاری جنگ کے باعث تیل اور توانائی کی قیمتوں میں جو بےتحاشا اضافہ ہوا ہے، اس نے دنیا کے دیگر بہت سے ممالک کی طرح پاکستان کو بھی متاثر کیا ہے۔

پاکستان، جو اپنی ضروریات کا زیادہ تر تیل درآمد کرتا ہے، اس حد تک متاثر ہوا ہے کہ اس ملک میں توانائی کے ذرائع کی صورت حال تقریباﹰ بحرانی رنگ اختیار کر چکی ہے اور حکومت کو کئی طرح کے بچتی اقدامات کا اعلان کرنا پڑ گیا۔

پاکستان کے شہر کراچی میں ایک پٹرول پمپ پر پٹرول خریدنے کے خواہشن مند موٹر سائیکل سواروں کا ہجوم
پاکستان کے شہر کراچی میں ایک پٹرول پمپ پر پٹرول خریدنے کے خواہشن مند موٹر سائیکل سواروں کا ہجومتصویر: Rizwan Tabassum/AFP

کرکٹ شائقین اسٹیڈیمز سے غیر حاضر

یہ انہی حالات میں ہوا کہ آج جمعرات سے شروع ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے 2026ء کے ایڈیشن کے میچوں میں اسٹیڈیمز میں شائقین موجود نہیں ہوں گے۔

پاکستان میں ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے اس ٹورنامنٹ کا یہ 11 واں ایڈیشن ہے اور اس کا پہلا میچ آج لاہور قلندرز اور حیدر آباد کنگزمین کے درمیان لاہور میں کھیلا جا رہا ہے۔

بھارت بنگلہ دیش اختلافات، ڈھاکہ کی آئی پی ایل نشریات پر پابندی

ملکی حکام کا کہنا ہے کہ اس لیگ کے سبھی میچوں میں اسٹینڈز میں کوئی شائقین نہیں ہوں گے، اس وقت تک جب تک کہ ایران جنگ کے باعث مشرق وسطیٰ میں پایا جانے والا موجودہ بحران ختم نہیں ہوتا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی ایک تصویر
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی ایک تصویرتصویر: W.K. Yousufzai/AP/picture alliance

پاکستان اور بھارت کی ویمن کرکٹ ٹیمیں بھی مصافحے سے گریزاں

اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے پاکستانی حکام نے بتایا کہ اس اقدام سے شائقین کو اسٹیڈیمز تک لانے والی ٹرانسپورٹ کے سلسلے میں ایندھن کی بچت اور دیگر لاجسٹکس کی وجہ سے کافی زیادہ ایندھن بچایا جا سکے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا موقف

پاکستان میں کرکٹ کے نگران ادارے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے میچوں میں شائقین کی اسٹیڈیمز میں موجودگی کو ممنوع قرار دینے کے فیصلے کا تعلق ان قومی بچتی اقدامات سے ہے، جن کے تحت تمام اسکول پہلے ہی دو ہفتوں کے لیے بند کیے جا چکے ہیں۔

بھارتی خواتین نے کرکٹ میں تاریخ رقم کردی

تقریباﹰ 250 ملین کی آبادی والا ملک پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات پورا کرنے کے لیے معدنی ایندھن پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے اور وہاں فیول کی قیمتوں میں تھوڑا سا اضافہ بھی افراط زر کی شرح میں کافی بلندی اور بجلی کے نرخوں کو مزید بڑھا دینے کا سبب بن سکتا ہے۔

پاکستان کے سٹار بیٹر اور پی ایس ایل میں پشاور زلمے کی ٹیم کے کپتان بابر اعظم
پاکستان کے سٹار بیٹر اور پی ایس ایل میں پشاور زلمے کی ٹیم کے کپتان بابر اعظمتصویر: Eranga Jayawardena/AP Photo/picture alliance

اسی لیے پاکستان میں ایندھن کی قیمتیں اور بجلی کے نرخ بہت حساس سیاسی معاملہ بھی سمجھے جاتے ہیں۔

مالی سال 2024ء میں پاکستان نے اپنی مجموعی قومی پیداوار کا تقریباﹰ 11 فیصد حصہ صرف معدنی ایندھن کی درآمد پر خرچ کیا تھا۔

ادارت: شکور رحیم

Maqbool Malik, Senior Editor, DW-Urdu
مقبول ملک ڈی ڈبلیو اردو کے سینیئر ایڈیٹر ہیں اور تین عشروں سے ڈوئچے ویلے سے وابستہ ہیں۔