1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: بس میں آگ لگنے سے 25 افراد ہلاک

1 جولائی 2023

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے قریب ایکسپریس وے پر ایک بس میں آگ لگنے سے کم از کم 25 افراد ہلاک اور دیگر آٹھ زخمی ہو گئے ہیں۔ مرنے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/4TIeO
Symbolbild Indien Bus
تصویر: Nasir Kachroo/NurPhoto/IMAGO

سینئر پولیس افسر بابوراؤ مہامونی نے اے ایف پی کو بتایا کہ بس بھارتی شہر پونے جا رہی تھی۔ یہ حادثہ نصف شب کے قریب اس وقت پیش آیا، جب یہ بس کے ایک کھمبے سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے کے نتیجے میں بس کے ڈیزل ٹینک میں آگ بھڑک اٹھی۔ مقامی پولیس کے مطابق اس بس میں تقریباﹰ 35 لوگ سوار تھے، جن میں سے 25 افراد کی جھلسنے کے باعث موت واقع ہوگئی ہے اور دیگر آٹھ مسافر زخمی ہیں۔

بس ڈرائیور سمیت تمام زخمیوں کو ریاست مہاراشٹر کے ایک ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ مقامی میڈیا نے پولیس سپرنٹنڈنٹ سنیل کداسا نے کا بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ترجیح لاشوں کی شناخت اور انہیں ان کے لواحقین کے حوالے کرنا ہے۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے جائے حادثہ کی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئٹر پر اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا، ''میری ہمدردیاں اور دعائیں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔‘‘

ریاست مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے کہا کہ انہیں اس حادثے پر شدید افسوس ہے اور ساتھ ہی انہوں نے ہلاک ہونے والوں کے فی خاندان کو پانچ لاکھ روپے دینے کا وعدہ بھی کیا۔

Symbolbild Polizist in Maharashtra
بھارتی ریاست مہاراشٹر کے قریب ایکسپریس وے پر ایک بس میں آگ لگنے سے کم از کم 25 افراد ہلاک اور دیگر آٹھ زخمی ہو گئے ہیں۔تصویر: INDRANIL MUKHERJEE/AFP

بھارت میں ایسے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ 2021 میں جاری ورلڈ بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا کی گاڑیوں کا صرف ایک فیصد بھارت میں موجود ہونے کے باوجود وہاں سڑکوں پر ہونے والی اموات، کل اموات کا 11 فیصد بنتی ہیں۔ اسی رپورٹ میں بھارت میں سالانہ ایک لاکھ 50 ہزار اموات کار حادثات کے باعث ہونے کا تخمینہ بھی لگایا گیا ہے۔

اس رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بھارت میں سڑکوں پر ہونے والے حادثات کے باعث ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ بھارت میں ہر سال روڈ حادثات کے سبب تقریباً 75 بلین ڈالر کا نقصان ہوتا ہے۔
 

رواں سال مئی میں بھی ایک بس الٹنے سے کم از کم 21 افراد ہلاک ہوئے تھے اور گزشتہ برس باراتیوں سے بھری ایک بس کھائی میں گر جانے کے باعث تقریباﹰ 31 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ر ب/ ا ا (اے ایف پی)