1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرین حادثے کے ذمہ داروں کو سخت سزا ملے گی، مودی

3 جون 2023

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ شب تین ٹرینوں کے تصادم کے مقام کا دورہ کیا ہے۔ اس حادثے میں 280 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ حکام کے مطابق ریسکیو کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4S9ux
Indiens Premierminister Modi in Balasore
تصویر: India's Press Information Bureau/REUTERS

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاست اڑیسہ میں گزشتہ شب  تین ٹرینوں کے درمیان ہونے والے تصادم  کے مقام کا دورہ کیا ۔ مودی نے قریب نصف گھنٹے تک وہاں ہونے والے آپریشن کی تفصیلات کا جائزہ لیا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نے فون کے ذریعے نئی دہلی میں موجود حکام کو احکامات بھی دیے۔

اس کے بعد مودی ایک ہسپتال گئے جہاں حادثے کے زخمی زیر علاج ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے صورتحال معلوم کی اور مختلف وارڈز میں جا کر زخمیوں سے ملاقاتیں کیں۔

Indien Zugunglück in Neu-Delhi
بھارتی ریاست اڑیسہ میں تین مسافر ٹرینوں کے درمیان ہونے والے تصادم کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔تصویر: Rafiq Maqbool/AP Photo/picture alliance

اس موقع پر بھارتی وزیراعظم نے رپورٹرز کو بتایا کہ یہ دکھ کا لمحہ ہے اور وہ ان لوگوں کی تکلیف محسوس کر رہے ہیں جو اس حادثے میں زخمی ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت زخمی ہونے والوں کی ہر ممکن مدد کرے گی اور اس حادثے کے ذمہ داران کو سخت سزا دی جائے گی۔

خیال رہے کہ بھارتی وزیر اعظم آج ہفتہ تین جون کو گوا سے ممبئی تک چلنے والی ایک نئی تیز رفتار ٹرین کا افتتاح کرنے والے تھے۔ اس ٹرین میں ٹکراؤ سے بچاؤ کے لیے جدید نظام نصب کیا گیا ہے۔ تاہم یہ تقریب گزشتہ روز ہونے والے حادثے کے سبب مؤخر کر دی گئی ہے۔

ریسکیو اور تلاش کا آپریشن مکمل

بھارتی ریاست اڑیسہ میں تین مسافر ٹرینوں کے درمیان ہونے والے تصادم کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ بالاسور میں قائم کیے گئے ایمرجنسی کنٹرول روم کے ایک اہلکار کے مطابق تمام مرنے والوں اور زخمیوں کو حادثے کی جگہ سے نکال لیا گیا ہے۔

BG Zugunglück in Indien
اس حادثے میں کم از کم 280 افراد ہلاک ہوئے جبکہ زخمیوں کی تعداد 900 کے قریب ہے۔تصویر: Satyajit Shaw/DW

اڑیسہ کے ریاستی فائر اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر سودھانشو سارنگی نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا، ’’جمعہ کی شب دس بجے تک ہم نے بچ جانے والوں کو وہاں سے نکال لیا تھا۔ اس کے بعد لاشیں نکالنے کا سلسلہ شروع ہوا۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ ہفتے کی صبح تک کم از کم 280 لاشیں وہاں سے نکالی گئیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 900 کے قریب ہے۔

بھارت: تین ٹرینوں کا تصادم، ڈھائی سو سے زائد افراد ہلاک

ا ب ا/ک م (اے پی، روئٹرز، ڈی پی اے)