پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے منگل چودہ جنوری کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق اعلیٰ حکام نے بتایا کہ ان انتہائی سخت موسمی حالات کے باعث صرف پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 59 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ برفانی تودے گرنے کے نتیجے میں کم از کم اتنے ہی افراد لاپتہ بھی ہیں۔
اسی طرح بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے شمالی حصے میں بھی برفباری کے بعد برفانی تودے گرنے کے مختلف واقعات میں کم از کم 10 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
اسلام آباد میں حکام کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی وادی نیلم میں بہت سے دیہات برفانی تودے گرنے کی وجہ سے باقی ماندہ دنیا سے کٹ چکے ہیں۔ اس وادی میں بڑی تعداد میں برفانی تودے گرنے کی وجہ وہاں ہونے والی شدید بارشیں بھی بنیں، جن کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات اور زیادہ ہو گئے تھے۔
دریں اثناء پاکستان میں شدید برفباری نے ملک کے مغربی حصے کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ جنوب مغربی صوبے بلوچستان کے مختلف پہاڑی علاقوں میں برفباری کے بعد کم از کم 53 مکانات منہدم ہو گئے۔ ان واقعات میں اب تک کم از کم 17 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے کے ملکی محکمے کے مطابق پاکستان کے سب سے زیادہ رقبے والے اور معدنیات سے مالا مال صوبہ بلوچستان کے سات اضلاع میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا جا چکا ہے اور ملکی فوجی دستے بھی وہاں ریسکیو اور بحالی کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
اسی برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے پاکستان اور افغانستان کو ملانے والی چند کلیدی اہمیت کی حامل شاہراہیں بھی بند ہو چکی ہیں۔ ان شاہراہوں کی بندش کے باعث پاکستان کے راستے افغانستان تک اشیائے خوراک کی مال برداری بھی معطل ہو چکی ہے۔
کابل میں ملکی حکام کے بقول ہندوکش کی ریاست افغانستان میں شدید سردی کی موجودہ لہر اور بھاری برفباری کے نتیجے میں آخری خبریں آنے تک کم از کم چھ صوبوں میں 39 افراد ہلاک ہو چکے تھے۔
افغان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق پورے ملک میں شدید برفباری اور انتہائی نوعیت کے موسمی حالات کے باعث 300 سے زائد مکانات بھی منہدم ہو گئے ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ صوبوں میں قندھار، ہلمند، زابل اور ہرات شامل ہیں۔
م م / ا ا (اے ایف پی، روئٹرز، ڈی پی اے)
-
برف پوش افغانستان
موسمِ سرما: ہر چیز سفید
افغانستان میں آج کل ہر طرف برف ہی برف دکھائی دے رہی ہے۔ پہاڑ، میدان، جنگل اور شہر سب کے سب سفید چادر میں لپٹے ہوئے ہیں۔ چاندی جیسے درختوں والی یہ تصویر دارالحکومت کابل کی ہے۔
-
برف پوش افغانستان
سردی سے بچاؤ
باہر کڑاکے کی سردی ہو، تو گھر کی گرمی سکون دیتی ہے۔ افغانستان کے اندر در بدر ایک بے گھر خاندان کی یہ لڑکیاں ایک چولہے کے قریب کھڑی ہیں لیکن پھر بھی لگتا ہے کہ انہیں کافی سردی لگ رہی ہے۔
-
برف پوش افغانستان
سفر میں مشکلات
شدید برف باری کے باعث بڑی شاہراہوں پر ٹریفک کا بہاؤ بری طرح سے متاثر ہوا ہے۔ اس موسم میں کار کا سفر بہت مشکل ہوتا ہے۔ یہ منظر دارالحکومت کابل کے مضافات کا ہے۔
-
برف پوش افغانستان
برفباری میں موج مستی
افغانستان میں برف باری کے باعث لوگوں کو بے پناہ مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم برف باری کا ایک مثبت پہلو بھی ہے۔ برف میں لوگ خوب موج مستی کرتے ہیں، جیسا کہ اس تصویر میں ایک دوسرے پر برف پھینکتے نوجوانوں کو دیکھ کر پتہ چل رہا ہے۔
-
برف پوش افغانستان
بے گھر افغانوں کے مصائب
افغانستان میں امن و امان کی انتہائی خراب صورتِ حال کے باعث بہت سے علاقوں میں ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ ان بے گھر شہریوں کو سرد موسم کی وجہ سے سب سے زیادہ مصائب کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ تصویر کابل میں سردی کا مقابلہ کرتے ایک ایسے ہی بے گھر خاندان کے ایک بچے کی ہے۔
-
برف پوش افغانستان
نظم و ضبط کے ساتھ برف کا مقابلہ
برفباری اور سردی کا ان پُرجوش افغان لڑکیوں پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔ کابل میں ایک پہاڑی کے اوپر یہ لڑکیاں ایک مارشل آرٹ وُوشو کی مشقیں کر رہی ہیں۔
-
برف پوش افغانستان
ضروری کام
افغانستان میں شدید برفباری سے پیدا ہونے والی مشکلات کو دیکھتے ہوئے حکومت نے تعطیلات کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس سے لوگوں کو اتنی مہلت مل گئی ہے کہ وہ اپنے مکانوں کی چھتوں سے برف صاف کر سکیں۔ برف کے بوجھ سے اکثر چھت گرنے کا خطرہ رہتا ہے۔
-
برف پوش افغانستان
پانی کی تلاش
آس پاس خوب برف پڑی ہے اور درمیان میں یہ گدھے، جنہیں سردی سے بچانے کا بھی کافی انتظام کیا گیا ہے، صبر کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اِن کا مالک بارش کا پانی جمع کر رہا ہے۔
-
برف پوش افغانستان
برف کا آدمی
جب برف پڑتی ہے تو اس طرح کے برف کے آدمی بنانا بھی ایک دلچسپ مشغلہ ہوتا ہے۔ ان نوجوانوں نے یہ بلند و بالا برفانی مجسمہ کابل کے مضافات میں قرغہ جھیل کے قریب بنایا ہے۔
-
برف پوش افغانستان
ایک قدم چلنا بھی دُشوار
اس سخت موسم میں کسی بھی ذریعے سے سفر کرنا انتہائی دُشوار ہو جاتا ہے۔ اس شخص نے موسم سے بچنے کا خوب انتظام کر رکھا ہے لیکن لگتا ہے کہ اُس کے لیے بھاری بوجھ سے لدی اپنی بائیسکل کو برف پر کھینچنا آسان نہیں ہے۔
-
برف پوش افغانستان
چلتی کا نام گاڑی
موسم خراب بھی ہو، پیٹ تو پھر بھی کھانا مانگے گا ہی۔ اس لیے شدید موسم کے باوجود اس دکاندار نے اپنی دکان سجا لی ہے۔ یہ اور بات ہے کہ گاہک ابھی دُور دُور بھی نظر نہیں آ رہے اور غالباً سخت سردی میں اپنے گھروں پر ہی رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔