1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیٹی پیری اور رسل برانڈ کا بندھن ٹوٹ گیا

1 جنوری 2012

ممتاز امریکی پوپ گلوکارہ کیٹی پیری اور برطانوی اداکار رسل برانڈ کے درمیان ہونے والی شادی کو انتہائی افسانوی قرار دیا گیا تھا۔ بھارت میں ہونے والی شادی صرف چودہ مہینے تک نبھ سکی۔

https://p.dw.com/p/13cBR
کیٹی پیریتصویر: AP

برطانوی اداکار رسل برانڈ کی جانب سے ایک بیان نیوز ایجنسی ایسوسی اییٹڈ پرس کو جاری کیا گیا۔ اس بیان کے مطابق رسل برانڈ انتہائی دکھ اور رنج سے اعلان کرتا ہے کہ کیٹی کے ساتھ ان کی شادی اب مزید آگے نہیں بڑھ سکتی ہے اور وہ دونوں طلاق پر راضی ہو گئے ہیں۔ رسل برانڈ نے کیٹی پیری کے حوالے سے کہا کہ وہ کیٹی کو بہت تعظیم اور احترام دیتے ہیں اور اسی باعث اسے یقین ہے کہ وہ دونوں طلاق کے بعد بھی اچھے دوست رہیں گے۔

رسل برانڈ کی جانب سے طلاق کی مناسبت سے مزید کوئی تفصیل نہیں جاری کی گئی۔ البتہ یہ طے ہے کہ امریکی شہر لاس اینجلس کی ایک عدالت میں طلاق کے کاغذات جمع کروا دیے گئے ہیں۔ چھتیس سالہ برطانوی کامیڈین رسل برانڈ نے ستائیس سالہ امریکی پوپ سنگر کیٹی پیری کے ساتھ ایک بھرپور رومانس کے ساتھ بھارت میں جا کر انتہائی رنگ برنگی شادی رچائی تھی۔ شادی کا مقام جنگلی حیات سے بھرے جنگل کے بیچ میں واقع رنتھمبور کا مشہور سیاحتی مقام تھا۔

Flash-Galerie Hochzeiten 2010
کیٹی پیری اور رسل برانڈ کی شادی طلاق کے منطقی انجام پر پہنچ گئیتصویر: AP

یہ شادی اکتوبر سن 2010 میں طے پائی تھی۔ ان کے رومانس کی بنیاد سن 2009کے ایم ٹی وی (MTV) ویڈیو میوزک ایوارڈ کے موقع پر ہونے والی ملاقات بنی تھی۔ سن 2009کے ایم ٹی وی (MTV) ویڈیو میوزک ایوارڈ کی میزبانی رسل برانڈ نے کی تھی اور کیٹی پیری نے پرفارم کیا تھا۔

کامیڈین رسل برانڈ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ کیٹی پری سے شادی رچانے سے قبل منشیات سے نجات پانے کی جدوجہد میں بھی مصروف رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ کئی خواتین کے ساتھ جنسی تعلقات رکھنے کی جانب بھی مائل رہ چکے ہیں۔ شادی کے بعد سن 2011کے اوائل میں وہ پیری کو اپنی زندگی میں ایک نئے عہد سے تعبیر کرتے رہے ہیں۔ کیٹی پیری بھی موقع ملنے پر اپنے شوہر رسل برانڈ کی تعریف میں کلمات ادا کرنے سے چوکتی نہیں تھیں۔ سن 2011 کے میوزک ایوارڈ کے موقع پر پیری نے رسل کی بیوی ہونے پر فخر کا اظہار کیا تھا۔ بعض سماجی مبصرین کے خیال میں رسل برانڈ کے دیرینہ مسائل اس شادی کے ختم ہونے کا سبب ہو سکتے ہیں لیکن اس بارے میں حقائق اگلے ہفتوں میں سامنے آ سکتے ہیں۔

گزشتہ دنوں کے دوران لندن میں رسل برانڈ کو شادی کی انگوٹھی کے بغیر دیکھ کر احباب کے دل دھڑکنے لگے تھے۔ ابھی کرسمس کے موقع پر کیٹی پیری اکیلی ہی امریکی ریاست ہوائی کے جزیرے کوائی کے ساحل پر گھومتی دکھائی دی تھیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں