1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گرامی ایوارڈ کی نامزدگیوں کا اعلان

1 دسمبر 2011

مغربی موسیقی کے معتبر گرامی ایوارڈز کے لیے مشہور و مقبول گلوکاروں کی مختلف کیٹیگریوں میں نامزدگیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ کنٹری سنگر ٹیلر سوِفٹ کسی کیٹیگری میں جگہ بنانے سے قاصر رہیں۔

https://p.dw.com/p/13KIV
ٹیلر سوِفٹتصویر: picture-alliance/ dpa

برطانوی گلوکارہ اڈیل (Adele) کو چھ مختلف کیٹیگریوں میں نامزدگیاں دی گئی ہیں۔ ان کے علاوہ نامزدگی حاصل کرنے والوں میں بون آئیور کا گیت ہالو سین لیڈی گا گا کا گیت یُو اینڈ آئی اور کیٹی پیری کا گیت فائر ورک  نمایاں ہیں۔ نامزدگیوں کا اعلان امریکی شہر لاس اینجلس کے نوکیا تھیٹر میں کیا گیا۔ اس موقع پر ریکارڈنگ اکیڈیمی کے چوتھے سالانہ کنسرٹ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ اس تقریب میں کیٹی پیری اور لیڈی گا گا بھی شریک تھیں۔

برطانوی گلوکارہ اڈیل کی عمر تئیس برس ہے۔ ان کا پورا نام Adele Laurie Blue Adkins ہے۔ ان کو ان کے گیت، ریکارڈ اور بہترین البم  کی کیٹیگریوں میں نامزدگی حاصل ہوئی ہے۔ ان کے انتہائی مقبول البم ٹوئنٹی ون کو نامزدگی نہیں ملی اور اس پر ناقدین حیران ہیں۔

Flash-Galerie Sängerin Adele
اڈیل کو چھ نامزدگیاں حاصل ہوئی ہیںتصویر: AP

گرامی ایوارڈز کی نامزدگیوں میں امریکی کنٹری سنگر ٹیلر سوِفٹ کے البم کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ ٹیلر سافٹ کے گیتوں کے البم اسپیک ناؤ کے بارے میں ناقدین کا خیال تھا کہ یہ بہترین البم کا ایوارڈ حاصل کر لے گا۔ مقبولیت کے لحاظ سے دیکھا جائے تو اس البم کی سینتیس لاکھ کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں۔ خوبرو ٹیلر سوِفٹ  کو گزشتہ سال بھی بہترین کنٹری البم کا ایوارڈ حاصل ہوا تھا۔ ماضی کی مشہور گلوکارہ، پچاسی سالہ ٹونی بینیٹ بھی نامزدگی حاصل کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ ان کا البم ڈوئٹس ٹو رواں برس خاصا مشہور ہوا تھا۔

گرامی ایوارڈز کی تقریب بارہ فروری کو امریکی شہر لاس اینجلس کے اسٹیپلز سینٹر میں منعقد کی جائے گی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اس ایوارڈزکی کیٹیگریوں کی تعداد میں کمی کر دی گئی ہے۔ پہلے ان کی تعداد 109 ہوتی تھی اور اس بار ان کو مختصر کر کے 78 کر دیاگیا ہے۔ اس میں خاص طور پر گلوکاری میں مرد اور خواتین کو یکجا کردیا گیا ہے۔

گرامی ایوارڈز میں مغربی موسیقی کے نامی گرامی فنکاروں کے سنگلز کے ساتھ ساتھ ویڈیو کو بھی تنقیدی انداز میں پرکھا جاتا ہے۔ کئی گلوکاروں کے مختلف البمز اور انفرادی کوششوں کو ماہرین کا پینل ابتدائی نامزدگی کے لیے منتخب کرتا ہے۔ گرامی ایوارڈز کی پہلی بار تقسیم سن 1959 میں ہوئی تھی۔ 

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں