1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تاریخ ساز میوزک کمپنی ای ایم آئی کی فروخت

12 نومبر 2011

برطانوی شہر لندن میں قائم قدیمی ای ایم آئی میوزک اسٹوڈیو کی فروخت دو ٹکڑوں میں مکمل ہو گئی ہے۔ نئے مالکان میں یونیورسل اورسونی شامل ہیں۔ فروخت کی مالیت چار ارب ڈالر سے زائد ہے۔

https://p.dw.com/p/139UR
تصویر: picture-alliance/dpa

لندن کا ای ایم آئی (EMI) میوزک اسٹوڈیو 80 برسوں سے قائم ہے۔ اس کمپنی نے برسوں شاندار میوزک پروڈیوس کرنے کی روایت قائم رکھی۔ اس کے ہاں اپنے گیت ریکارڈ کروانے والوں میں لیجنڈری بیٹلز کے ساتھ پرشکوہ آواز کا بینڈ کوئین بھی شامل ہیں۔ عصر جدید کے مشہور بینڈ کولڈ پلے اور گلوکارہ کیٹی پیری کے کئی نغمات کی ریکارڈنگ بھی ای ایم آئی کے اسٹوڈیوز میں کی گئی ہے۔ اب یہ تاریخ ساز میوزک ادارہ ایک آزاد اور با اختیار ادارے کی حیثیت سے محروم ہو گیا۔ اس کی فروخت کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔

NO FLASH Symbolbild Beatles Hamburg
بیٹلز میوزک گروپتصویر: AP

ای ایم آئی (EMI) کمپنی کو دو ٹکڑوں میں بیچا گیا۔ یونیورسل میوزک گروپ نے ای ایم آئی کی میوزک ریکارڈ کرنے کے سیکشن کو ایک ارب نوے کروڑ ڈالر کی مالیت میں خریدا جبکہ ای ایم آئی  کے میوزک پبلشنگ شعبے کو تین اداروں کے کنسورشیم نے خریدا۔ اس کنسورشیم میں بڑی جاپانی کمپنی سونی بھی شامل ہے۔ ان کی جانب سے دو ارب بیس کروڑ ڈالر کی پیشکش تھی۔

ای ایم آئی کی فروخت کا معاملہ تقریباً پانچ ماہ سے وجہ نزع بنا ہوا تھا۔ کئی پیچیدگیاں ابھرتی اور ڈوبتی گئیں۔ ابتداء میں خریدنے والے دونوں ادارے بہت پیچھے تھے۔ اس خرید سے قبل ای ایم آئی  کا ملکیتی ادارہ امریکہ کا ملٹی نیشنل سرمایہ کار سٹی گروپ تھا۔ ای ایم آئی  کی فروخت میں خاصی دلچسپی وارنر میوزک گروپ اور بی ایم جی (BMG) کی جانب سے سامنے آئی تھی لیکن وہ حتمی بولی میں ناکام رہے۔ وارنر گروپ کی ناکامی کی وجہ ای ایم آئی کے ملازمین کو پینشن کا حق نہ دینا تھا۔ وارنر کمپنی کئی برسوں سے  ای ایم آئی کی خرید میں دلچسپی رکھتی تھی۔

Frontmann der Band Queen Freddie Mercury
فریڈی مرکری: کوئین گروپ کے لیڈ گلوکارتصویر: AP

ای ایم آئی کے میوزک پبلشنگ ونگ کو خریدنے والے کنسورشیم میں سونی کے ساتھ خلیجی ریاست ابو ظہبی کی مبادلہ ڈویلپمنٹ کمپنی اور رائنہ گروپ شامل ہیں۔ یہ دونوں ادارے کنسورشیم کے بنیادی سرمایہ کار ہیں۔ سونی کی ڈیل کی کامیابی میں سرمایہ کار یو بی ایس بینک (UBS) کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ میوزک اور فلمساز ڈیوڈ گافن (David Geffen) کی طرف سے پچاس ملین ڈالر کی فراہمی بھی اہم خیال کی گئی ہے۔

اس کاروباری ڈیل کو ریگولیٹر کی منظوری ملنا ابھی باقی ہے۔ میوزک کی دنیا میں یونیورسل کو ٹاپ مقام پہلے ہی حاصل ہے۔ میوزک پبلشنگ میں اس ڈیل کے بعد سونی نمبر ون ہو سکتی ہے۔ ڈیل کی منظوری کے بعد یونیورسل کے حصص میں بھی اضافہ ہو جائے گا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں