1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’یہ پورٹل ہر پاکستانی شہری کی آواز  بنے گا‘

بینش جاوید
29 اکتوبر 2018

پاکستان کے وزیر اع‍ظم عمران خان نے ’پاکستان سٹیزن پورٹل‘ کے نام سے ایک پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ اس کا مقصد پاکستانی عوام کی شکایات کو اعلیٰ حکام تک پہنچانا ہے۔

https://p.dw.com/p/37I7l
Saudi Arabien, Riad: Imran Khan auf der Investment Konferenz
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Nabil

ریڈیو پاکستان کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق یہ پورٹل ایک شکایات سیل کی طرح کام کرے گا۔ اسے تمام صوبائی حکومتوں کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔ وزیر اعظم کا دفتر اس پورٹل اور اس سسٹم کا مشاہدہ کرے گا۔

اس پورٹل  میں ایک صارف سمارٹ فون ایپ، ویب سائٹ، ای میل یا فیس بک کے ذریعے اپنی شکایت درج کرا سکتا ہے۔ وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اب سرکاری ادارے کھلی کچہریاں بھی لگائیں گے تاکہ لوگوں کے مسائل کو سنا جا سکے اور کوشش کی جائے گی کہ تمام شکایتوں کو بروقت حل کیا جا سکے۔

کیا پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ غیر حقیقت پسندانہ ہے؟

سعودی عرب پاکستان کو تین بلین ڈالرز دے گا

اس پورٹل کے اجراء پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا،''ایک عظیم لیڈر کی جانب سے ایک عظیم قدم، اسی طرح کے پروگرام خیبر پختونخواہ حکومت میں بھی متعارف کرائے گئے تھے جو کہ بہت زیادہ سود مند ثابت ہوئے۔‘‘

ایک اور صارف فہد حسین ملک نے لکھا،’’ماضی میں ایسا ممکن نہ تھا کہ آپ اپنے ایم پی اے یا ایم این اے کے بارے میں وزیر اعظم  ہاؤس میں شکایت درج کرا سکیں، لیکن اب یہ ممکن ہو گیا ہے۔‘‘

پاکستان میں تعینات جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے بھی اس حوالے سے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا،’’ بہت خوب ! میں نے بھی پاکستان سیٹیزن ایپ ڈاؤن لوڈ کر لی ہے، بطور جرمن شہری میں اس میں اپنے آپ کو رجسٹر تو نہیں کرا سکتا لیکن یہ پورٹل ہر شہری کو آواز دے گا، دیکھنا ہو گا کہ کیا جرمنی کے پاس میں ایسی ایپ ہے یا نہیں؟‘‘