1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان: جھگڑے کے الزام میں 9 نابالغ پاکستانی مہاجرین گرفتار

21 اگست 2018

یونانی پولیس نے تنہا اور نابالغ مہاجرین کے لیے بنائے گئے ایک ہاسٹل میں جھگڑا کرنے کے الزام میں نو پاکستانی مہاجرین کو گرفتار کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/33StL
Griechenland Hotspot Flüchtlingscamp Internierung
تصویر: picture-alliance/dpa/O. Panagiotou

نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ واقعہ آج اکیس اگست بروز منگل شمالی یونان میں تھیسالونیکی کے علاقے میں تنہا اور نابالغ مہاجرین کے لیے بنائی گئی ایک خصوصی رہائش گاہ میں پیش آیا۔ نیوز ایجنسی کے مطابق تھیسالونیکی کے نواحی علاقے میں واقع نابالغ مہاجرین کے اس مرکز میں تیس کم عمر تارکین وطن مقیم ہیں۔

یونانی پولیس کے مطابق یہ نوجوان تارکین وطن رہائش گاہ میں فراہم کیے گئے کھانے اور سست رفتار انٹرنیٹ سے ناخوش تھے۔ دستیاب سہولیات کے خلاف احتجاج جھگڑے کی صورت اختیار کر گیا جس کے بعد انتظامیہ نے پولیس کو طلب کر لیا۔

پولیس کا کہنا ہے جھگڑے کے دوران ہاسٹل میں مقیم کم عمر تارکین وطن نے بستروں اور گدوں کو آگ لگا دی جس کی وجہ سے رہائش گاہ بری طرح متاثر ہوئی۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ میں ملوث نو نابالغ تارکین وطن کو حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتار کیے گئے تمام نوجوانوں کا تعلق پاکستان سے ہے۔

ایک اندازے کے مطابق یونان میں تنہا آنے والے نابالغ مہاجرین کی تعداد ڈھائی ہزار سے زائد ہے جنہیں ملک کے مختلف حصوں میں قائم خصوصی مراکز میں رہائش فراہم کی گئی ہے۔

ش ح / ع ب (اے پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید