1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی سربراہ کانفرنس ختم، بریگزٹ معاہدے پر عدم اتفاق برقرار

20 ستمبر 2018

آسٹریا کے شہر سالزبرگ میں یورپی سربراہی اجلاس ختم ہو گیا ہے۔ اس دو روزہ اجلاس میں بریگزٹ کے معاملے پر عدم اتفاق دور نہیں ہو سکا۔ برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے یورپ کو لچک دکھانے کا کہا ہے۔

https://p.dw.com/p/35GNt
Österreich, Salzburg, Gipfel
تصویر: Getty Images/C.Strache

آسٹریا کے شہر سالزبرگ میں یورپی سمٹ کے دوران جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ بریگزٹ کی تکمیل کے لیے اگلے مہینے اکتوبر میں بہت سارے معاملات کو مکمل کرنا بہت ضروری ہے۔ سالزبرگ میں رپورٹرز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں بھرپور انتظامی اقدامات سے بریگزٹ معاملات کو حتمی شکل دینا ضروری ہے اور اِسی بنیاد پر حتمی سمجھوتہ ممکن ہو گا۔

سربراہی ملاقات کے پہلے روز بدھ 19 ستمبر کو برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے بریگزٹ مذاکرات میں یورپی یونین سےگنجائش کا مطالبہ کیا۔ مے کے بقول برطانیہ نے اس تناظر میں اپنی پوزیشن کو بہتر بنایا ہے اور یورپی یونین کو بھی چاہیے کہ وہ بھی کچھ آگے بڑھے۔ مے نے مزید کہا کہ آزاد تجارت کے ایک زون کے قیام پر برطانیہ کے ساتھ بھی ویسے ہی بات چیت ہونی چاہیے جیسے کسی اور ملک کے ساتھ مذاکرات کیے جاتے ہیں۔

Europa UK l Symbolbild Brexit
یورپی یونین کے سربراہ اجلاس میں شریک رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ بریگزٹ مذاکرات میں لچک نہیں دکھائی جائے گی۔تصویر: Getty Images/AFP/D. Leal-Olivas

دوسری جانب یورپی یونین کے سربراہ اجلاس میں شریک رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ بریگزٹ مذاکرات میں لچک نہیں دکھائی جائے گی اور اکتوبر میں پیش رفت سامنے آئی تو رواں برس نومبر میں خصوصی سمٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ آسٹریا کے چانسلر سباستیان کرس نے کہا کہ بریگزٹ ڈیل کو حتمی شکل دینے کی خاطر نومبر میں ایک خصوصی ملاقات کی جائے گی۔

مہاجرت کے موضوع پر جامع مذاکرات کی ضرورت

آسٹریا کے شہر سالزبرگ میں ہونے والی دو روزہ سربراہی ملاقات میں مہاجرین کے بحران پر بھی بات چیت ہوئی۔ یورہی رہنماؤں نے زور دیا ہے کہ غیرقانونی مہاجرت کو روکنے کی خاطر مصر سمیت دیگر شمالی افریقی ممالک کے ساتھ جامع مذاکرات کی ضرورت ہے۔

یورپی یونین کی سربراہی سمٹ میں اتفاق کیا گیا ہے کہ انسانوں کی اسمگلنگ کو روکنے کی خاطر زیادہ اقدامات کرنا چاہییں۔ آسٹریائی چانسلر سیباستیان کُرس نے آج جعمرات کے دن کہا کہ غیرقانونی مہاجرت کے سدباب کی خاطر مشترکہ حکمت عملی لازمی ہے۔

ا ب ا /ع ح (خبر رساں ادارے)