1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یو اے ای کا پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ

24 مئی 2024

متحدہ عرب امارات(یو اے ای)کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان میں دس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔اماراتی صدر نے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کو یہ یقین دہانی گزشتہ روز ابوظہبی میں ملاقات کے دوران کرائی۔

https://p.dw.com/p/4gDcT
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے پاکستان آنے کی دعوت قبول کرلی ہے
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے پاکستان آنے کی دعوت قبول کرلی ہےتصویر: picture alliance/Photoshot

پاکستانی وزیر اعظم کے دفتر سے جمعرات کو جاری ایک بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے پاکستان میں متعدد شعبوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہائی کرائی ہے۔ یہ سرمایہ کاری انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور سیاحت کے شعبے سمیت کئی شعبوں میں کی جائے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے جمعرات کو ابوظہبی میں صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی، جس میں سیاسی، اقتصادی، سماجی، ثقافتی اور دفاعی شعبوں میں تعاون سمیت دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال ہوا۔

پاکستانی وزیر اعظم کی متحدہ عرب امارات سے مالی امداد کی درخواست

پاکستان اور امارات اب اقتصادی پارٹنرشپ کے نئے دور میں، کاکڑ

 بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور سیاحت کے شعبے سمیت موجودہ تعاون کو مضبوط بنانے اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی جن کا مقصد ملک میں سماجی و اقتصادی استحکام کو یقینی بنانا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانا ہے۔

شہباز شریف نے توانائی، پورٹ آپریشن منصوبوں، گندے پانی کی صفائی، فوڈ سکیورٹی، لاجسٹکس، معدنیات، اور بینکنگ اور مالیاتی خدمات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے تعاون کے معاہدوں پر بامعنی عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

پاکستان آنے کی دعوت

شیخ محمد بن زائد النہیان سے ملاقات کے دوران پاکستانی وزیر اعظم نے 18 لاکھ پاکستانیوں کی میزبانی پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے انسانی وسائل کی وسیع صلاحیت کو اجاگر کیا جو متعدد شعبوں میں کام کر سکتا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی پیش رفت سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا اعادہ کیا۔ خبروں کے مطابق انہوں نے یہ دعوت قبول کر لی ہے۔

 متحدہ عرب امارت کا پاکستان اور بھارت کو قریب لانے کی کوششوں کا اعتراف

شہباز شریف جمعرات کو اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے تھے۔ یہ وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد متحدہ عرب امارات کا ان کا پہلا دورہ تھا۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

 شہباز شریف اپنا دورہ متحدہ عرب امارات مکمل کر کے واپس پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

شہباز شریف نے پاکستان اور یو اے ای کی آئی ٹی کمپنیوں کے درمیان شراکت داری پرایک گول میز سیشن سے بھی خطاب کیا
شہباز شریف نے پاکستان اور یو اے ای کی آئی ٹی کمپنیوں کے درمیان شراکت داری پرایک گول میز سیشن سے بھی خطاب کیاتصویر: Hamad I Mohammed/REUTERS

 قرض نہیں سرمایہ کاری چاہتے ہیں، شہباز شریف

شہباز شریف نے پاکستان اور یو اے ای کی آئی ٹی کمپنیوں کے درمیان شراکت داری پرایک گول میز سیشن سے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات سے قرض نہیں بلکہ مشترکہ سرمایہ کاری اور تعاون چاہتے ہیں جو باہمی مفاد کے لیے ہو۔

شہباز شریف کا کہناتھا کہ "ہم اپنی معیشت کی ہیئت تبدیل کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور ہمارا عزم ہے کہ متحدہ عرب امارات میں موجود اپنے بھائیوں کے تعاون سے پاکستان کی معیشت کی ہیئت کو مکمل طور پر بدل دیں گے، جوائنٹ وینچرز اور نالج شیئرنگ شراکت داری کی بنیاد پر ہم یہ کام کریں گے۔"

انہوں نے کہا،"ہم نے کشکول توڑ دیا ہے کیونکہ اقوام عالم قرض یا امداد سے نہیں بلکہ دن رات محنت اور لگن سے ترقی کی منازل طے کرتی ہیں،اسی جذبہ کے ساتھ ہمیں خود انحصاری کی منزل کو حاصل کرنا ہے۔"

وزیر اعظم پاکستان نے شرکا کو بتایا کہ موجودہ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، معدنیات، نوجوانوں کو بااختیار بنانے، برآمدات، صنعت اور دیگر شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

ج ا/ص ز (اے پی، روئٹرز، خبر رساں ادارے)