1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہزارہ برادری کو پاکستان میں جیسینڈا آرڈرن کی تلاش

7 جنوری 2021

منفی درجہ حرارت اور برف جماتی سردی، گیارہ لاشوں کے گرد بیٹھے لواحقین اور بے دردی سے قتل کیے جانے والوں کے بچے اس انتظار میں ہیں کہ اس مملکت خداداد کے کرتا دھرتا پہنچیں تو ان تاریک راہوں پہ مرنے والوں کی تدفین کی جائے۔

https://p.dw.com/p/3ndGS
Pakistan Quetta | Trauer um ermordete Bergarbeiter
تصویر: Banaras KHAN/AFP

پرسہ دینے اور تعزیت کرنے کا حکم تین دن تک ہوتا ہے اور تین دن گزر چکے۔ کیا المیہ ہے کہ پرسہ دینے کے لیے آواز لگانا پڑے۔ ابھی بھی شیعہ ہزارہ کی نسل کُشی کے واقعے پر وہاں کے بے کس و مجبور لوگوں کو آواز دے کر اس ملک کے حکمرانوں کو تعزیت کے لیے بلانا پڑتا ہے۔ کہ آؤ، بے شک ہمارے ماتم میں شامل نہ ہو، ہمارے درد کو محسوس نہ کرو لیکن کم از کم ہمدردی کے دو بول تو بول دو۔ لیکن اقتدار والے یہ نہیں دیکھ پاتے کہ طاقت کے دائرے سے باہر نکل کر کچھ کام انسانیت کے تحت کیے جاتے ہیں اور اگر کچھ اجتماعی ذمےداریاں ادا نہ کی جائیں تو ان کا خمیازہ قوموں اور نسلوں کو بھگتنا پڑتا ہے۔ 

 ہزارہ کے خون پر سیاست جاری ہے اور ہزارہ کے گیارہ مزدور کان کنوں کی بے چین روحیں ہمارے حکمرانوں سے التماس کر رہی ہیں کہ آ بھی جاؤ کہ ہم عالم برزخ کو جائیں۔ کہتے ہیں جب تک تدفین نہیں ہو جاتی انسان کی روح کو سکون نہیں ملتا لیکن ہزارہ کے بدقسمت لوگوں کو نہ تو جیتے جی چین ملتا ہے اور نہ ہی مرنے کے بعد۔

کوئٹہ ایسا ماتم کدہ ہے، جہاں اسی لاشیں رکھ کر احتجاج کرنے والے اب گیارہ لاشیں رکھ کر احتجاج کر رہے ہیں۔ جہاں ایک نسل دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ چکی ہے اور حکمران ابھی تک مصلحت کے شش وپنج میں مبتلا ہیں۔

ہمارے حکمران تعزیت کے لیے بادل ناخواستہ اس وقت پہنچتے ہیں، جب تین دن کے روایتی سوگ اور ماتم کا وقت گزر چکا ہوتا ہے۔ یہ واحد صوبہ ہے، جہاں کے لوگ اپنے جنازوں پر پرسہ دینے کے لیے چیخ چیخ کر لوگوں کو پکارتے ہیں اور کوئی پرسہ دینے نہیں پہنچتا۔ بلآخر انہوں نے وزیراعظم کو ٹویٹ کرنے پر مجبور کر ہی دیا، یہ کیا کم پیش رفت ہے؟

پی ڈی ایم کی پوری قیادت کورونا کے باوجود جلسے پر جلسہ کر رہی ہے لیکن کوئٹہ جانے کا خیال کسی کو نہ آیا کیونکہ جنازوں میں شرکت سے کرسی کا کوئی تعلق نہیں۔ البتہ مریم نواز نے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے وزیراعظم کے وہاں نہ پہنچنے پر ملامتی ٹویٹ تو کر دی، جس میں ان کا کہنا تھا، ''میری دکھی ماؤں، بہنو! اپنے پیاروں کا ایسا ظالمانہ قتل معمولی سانحہ نہیں۔ پوری قوم آپ کے غم میں شریک ہے ۔ میں اور میرے والد بھی بہت دکھی ہیں لیکن آپ ایک بے حس اور پتھر دل انسان کا انتظار نہ کریں وہ آپ کو یا عوام کو جوابدہ نہیں۔‘‘

DW Bloggerin l Aaliya Shah
عالیہ شاہتصویر: DW/A. Awan

وہ یہ بھول گئیں کہ وہ خود بھی اسی فہرست میں شامل ہیں، جو ابھی تک ہزارہ کے غم میں عملی طور پر شریک نہ ہو سکیں۔ مکرمی و محترمی فضل الرحمان صاحب، جو احتجاجی تحریک میں نمایاں نظر آتے ہیں اس واقعے پر نہ جانے کہاں غائب ہیں۔

وزیراعظم نے بھی ماضی مخالفین پر اس طرح کی تنقید کی تھی۔ اپوزیشن میں تھے تو کوئٹہ کے جنازوں پر حاضری دی تھی لیکن اس وقت کرسی دستیاب ہے لہذا ایک ٹویٹ ہی کافی ہے۔ وزیراعظم صاحب ٹویٹ تو آپ قوم کو اپنی پسندیدہ کتاب کے متعلق بتانے کے لیے بھی کر دیتے ہیں۔ آپ کی ٹویٹ تو ترک ڈرامے کی پذیرائی میں بھی آ جاتی ہے۔ تو کیا کوئٹہ کے مزدوروں کی اوقات ایک کتاب فلم یا ڈرامے سے زیادہ نہیں؟

شنید ہے کہ وزیراعظم نے مچھ واقعے پر ایک اہم اجلاس بھی بلا لیا ہے۔ مریم نواز بھی کوئٹہ کی جانب روانگی کا سوچ رہی ہیں۔ کیوں؟ اس لیے کہ  اب جبکہ میڈیا پر تنقید کے سلسلے کا آغاز ہوا تو ممکن ہے دھرنا پانچویں دن میں داخل ہونے کے بعد سبھی کوئٹہ پہنچنے پر تیار ہو جائیں کیونکہ تصاویر بھی بنیں گی اور ویڈیوز بھی۔ سب ایک دوسرے پر بازی بھی لے جائیں گے۔

لیکن کیا اس وقت ملک میں غریب مزدور کان کنوں کے لواحقین کے سر پر ہاتھ رکھنے زیادہ ضروری کوئی کام ہے؟ کیا سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کے جلسے جلوس اس کام سے زیادہ ضروری ہیں؟ مرکزی سیاسی جماعتوں کے نزدیک کوئٹہ کی کیا حیثیت ہے؟ بلوچستان جو پہلے ہی کئی طرح کے مسائل میں گھرا ہے، کیا وہاں پر بسنے والوں بے بس چھوڑا جا سکتا ہے؟

 حکومت کے ترجمانوں کا کہنا ہے کہ ہزارہ برادری کی ہلاکتوں پر سیاست کی جا رہی ہے۔ سوال یہ ہے کہ کون ہے، جو یہ سیاست نہیں کر رہا؟  

کیا یہ واقعہ ہمارے اندر پلنے والے زہریلے مذہبی اور فرقہ وارانہ تعصب کی کھلی دلیل نہیں؟ یہ ہی نہیں بلکہ ایسے درجنوں واقعات ہیں، جو کوئٹہ کی حسین وادی پر داغ ہیں۔ کبھی وکلا پر خود کش حملہ اور کبھی جنازوں میں بم دھماکے۔ یہ واقعات یقین دہانیوں کے باوجود رکنے میں نہیں آئے۔

پاکستان میں اب ہر ایک نے دوسرے سے مذہبی اختلاف کی بنیاد پر نفرت کرنا سیکھ لیا ہے۔ مذہب کی بنیاد پر پلنے والی نفرتیں ہی یہ گل کھلا رہی ہیں۔ جب معاشرے کے محروم طبقے کو بسوں سے اتار اتار کر شناختی کارڈ دیکھ کر مارا جائے، اگر حملے چہرے کی ساخت، نقش اور رنگت  کو دیکھ کر کیے جائیں تو سمجھ جائیے کہ فرقہ واریت کی جنگ میں محروم طبقہ سب سے زیادہ نشانہ بنتا ہے۔

 یاد رکھیے گا کہ نیوزی لینڈ میں جب مسلمانوں پر حملہ ہوا تھا تو مسلمان وہاں کی اکثریت نہیں بلکہ اقلیت تھے لیکن وہاں کی خاتون حکمران نے اپنا دل اس ملک میں بسنے والی اقلیت کے لیے کھول دیا تھا۔ ان کا پرسہ دینا اور تعزیت کرنا تاریخ کا وہ موڑ تھا، جو کبھی بھلایا نہ جا سکے گا۔ کاش ہمارے ملک کے سیاستدان بھی ایسی ہی ذہنی بلوغت کے مالک ہوتے تو وطن عزیز کا یہ حال نہ ہوتا۔ سچ ہے کہ ہزارہ برادری کو پرسہ دینے کے لیے ایک جیسینڈا آرڈرن کی ضرورت ہے۔