1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجرمنی

کیچڑ ڈال کر رپورٹنگ کرنے والی جرمن خاتون رپورٹر کی معذرت

24 جولائی 2021

جرمنی کے سیلاب زدہ علاقے سے ایک خاتون صحافی کو اپنی رپورٹ میں خود پر کیچڑ ڈال کر صورت حال کی سنگینی بیان کرنے کی کوشش مہنگی پڑ گئی۔ خاتون رپورٹر نے ناظرین سے معذرت کرتے ہوئے اس فعل کو ایک غلطی قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3xz39
Susanna Ohlen, RTL-Moderatorin
تصویر: Malte Ossowski/SVEN SIMON/picture alliance

خود پر کیچڑ ڈال کر رپورٹنگ کرنے والی خاتون کمپیئر کا نام سُوزانا اوہلین ہے۔ ان کا تعلق جرمنی کے پرائیوٹ ٹیلی وژن نیٹ ورک آر ٹی ایل گروپ سے ہے۔ اوہلین اپنے کپڑوں پر کیچڑ ڈال کر سیلاب سے شدید متاثرہ علاقے سے رپورٹ کر رہی تھیں تاکہ زمینی حقیقت کی سنگینی کو بیان کیا جا سکے۔

جرمنی میں سیلابی تباہی کے بعد نئی بحث

سوزانا اوہلین کی معذرت

اپنی معذرت پیش کرتے ہوئے اوہلین نے اسے ایک سنگین غلطی قرار دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک صحافی کے طور پر ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ اوہلین نے انسٹاگرام پر اپنی معذرت جاری کی۔

Susanna Ohlen, RTL-Moderatorin | ZeroHungerRun in Köln
خاتون کمپیئر کا نام سُوزانا اوہلین ہے۔ ان کا تعلق جرمنی کے ٹیلی وژن نیٹ ورک آر ٹی ایل گروپ سے ہےتصویر: Robert Schmiegelt/Geisler-Fotopress/picture alliance

ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقے میں وہ بطور رضاکار امدادی سرگرمیوں میں شریک رہی تھیں اور یہ رپورٹ پیش کرتے وقت بقیہ امدادی کارکنوں کے سامنے صاف کپڑے پہننے پر انہیں احساسِ ندامت لاحق ہو گیا تھا۔ اوہلین کا مزید کہنا تھا کہ یہ سب کچھ اسی احساسِ ندامت کے تحت ہوا اور انہوں نے اپنے کپڑوں پر کیچڑ ڈال کر رپورٹ پیش کی۔ ویڈیو فوٹیج میں ان کے چہرے پر بھی مٹی لگی دیکھی جا سکتی ہے۔

مبصرین کے مطابق خاتون رپورٹر نے شدید سیلابی کیفیت اور تباہی کا احوال بیان کرنے کے لیے اپنے کپڑوں پر کیچڑ ضرور ڈالا لیکن یہ حقیقت یا سچ کو تبدیل کرنے کی کوشش نہیں تھی بلکہ اصل شدت بیان کرنا مقصود تھا۔

جرمنی: سیلاب زدگان کے لیے مجموعی طور پر چار سو ملین کا امدادی پیکیج

جرمنی کی معروف کمپیئر

انتالیس سالہ اوہلین جرمن ٹیلی وژن پر 'گُڈ مارننگ جرمنی‘ کا مقبول پروگرام بھی پیش کرتی ہیں۔ وہ جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فالیا کے اُس شہر میں امدادی کاموں میں مصروف رہی تھیں جو سب سے زیادہ سیلاب سے تباہ و برباد ہوا ہے۔ اس شہر کا نام باد مؤنسٹرآئیفل ہے۔

ایک نامعلوم شخص کی طرف سے اپ لوڈ کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ کچرے اور ملبے میں کھڑی ہیں اور پھر چلتے ہوئے کیچڑ کے پاس پہنچ کر جھکتی ہیں اور گیلی مٹی اپنے کپڑوں پر ڈالتی ہیں۔ سوزانا اوہلین ایسا کرنے کی بظاہر کوئی مناسب وجہ بیان کرنے سے بھی قاصر رہی ہیں۔

Susanna Ohlen, RTL-Moderatorin
انتالیس سالہ اوہلین جرمن ٹیلی وژن پر 'گُڈ مارننگ جرمنی‘ کا مقبول پروگرام بھی پیش کرتی تھیںتصویر: Henning Kaiser/dpa/picture alliance

ادارے کا ردعمل

جرمنی کے سب سے بڑے پرائیویٹ ٹیلی وژن چینل آر ٹی ایل نے خاتون رپورٹر کے اس اقدام پر باقاعدہ ایکشن لے لیا ہے۔ آر ٹی ایل کی انتظامیہ نے رپورٹر کا اقدام صحافیانہ اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ آر ٹی ایل کے ادارے نے رپورٹر کے اس فعل کو مقرر کردہ قواعد اور معیارات کے منافی بھی کہا ہے۔

مغربی یورپ کے تباہ کن سیلاب: انتظامی کمزوریوں پر سوال

ادارے نے انہیں پیر سے فرائض سرانجام دینے سے روک دیا ہے۔ آرٹی ایل کی خاتون ترجمان کے مطابق اس صورت حال کے تناظر میں رپورٹر اور کمپیئر سوزانا اوہلین کو فی الوقت معطل کر دیا گیا ہے۔

ع ح  ع آ (ڈی پی اے، ای پی ڈی)