1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس: پاکستان میں پہلی بار ایک رکن اسمبلی کا انتقال

عاصم سلیم
20 مئی 2020

پاکستان تحريک انصاف سے وابستہ پنجاب اسمبلی کی خاتون رکن شاہين رضا کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئی ہيں۔ وہ پاکستان ميں کووڈ انيس کی وجہ سے انتقال کر جانے والی پہلی قانون ساز ہيں۔

https://p.dw.com/p/3cV8T
Pakistan Gujranwala 2019 | Shaheen Raza, Abgeordnete
تصویر: picture-alliance/Zuma/PPI

پاکستانی صوبہ پنجاب کی اسمبلی کی رکن شاہين رضا آج بیس مئی بروز بدھ انتقال کر گئیں۔ وہ نئے کورونا وائرس سے متاثر ہو گئی تھیں۔ ان کا انتقال لاہور کے ميو ہسپتال ميں ہوا۔ ہسپتال کے چيف ايگزيکٹیو اسد اسلم نے تصديق کی کہ شاہين رضا کے کورونا ٹيسٹ کا نتيجہ مثبت آيا تھا اور وہ پچھلے تين دنوں سے اس ہسپتال ميں زير علاج تھيں۔ اسد اسلم نے مزيد بتايا کہ یہ خاتون رکن اسمبلی کووڈ انیس سے قبل بلڈ پريشر اور ذيابيطس کی مريضہ بھی تھيں۔

پاکستانی صدر عارف علوی نے شاہين رضا کے انتقال پر ايک ٹويٹ میں گہرے دلی افسوس کا اظہار کيا۔

ريڈيو پاکستان نے بھی اپنے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری کردہ ایک ٹويٹ ميں اس خاتون رکن پارلیمان کے انتقال پر اظہار افسوس کيا:

صوبائی قانون ساز شاہين رضا کا تعلق پاکستان میں حکمران جماعت پاکستان تحريک انصاف سے تھا۔ وہ پاکستان کی ایسی پہلی قانون ساز ہيں، جن کے لیے کورونا وائرس کا حملہ جان لیوا ثابت ہوا۔ پاکستان میں صوبہ سندھ کے گورنر عمران اسماعيل اور سندھ ہی کے ایک وزير سعيد غنی بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے تاہم اب یہ دونوں سياستدان مکمل طور پر صحت ياب ہو چکے ہیں۔

بدھ بيس مئی تک کے ملکی اعداد و شمار کے مطابق پاکستان ميں کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد اب تقريباﹰ 46 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ ملک بھر ميں اب تک کووڈ انيس کے باعث 985 اموات بھی ہو چکی ہيں۔