1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈرامائی کھیل کے بعد پاکستان نے افغانستان کو ہرا دیا

22 ستمبر 2018

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے ایک میچ میں پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم نے ڈرامائی کھیل کے بعد افغان ٹیم کو تین وکٹوں سے مات دے دی۔ شعیب ملک نے آخری اوور میں دس رنز بنا کر پاکستان کی کامیابی کو ممکن بنایا۔

https://p.dw.com/p/35KFg
Cricket First Twenty 20 Sri Lanka vs Pakistan
تصویر: Reuters/D. Liyanawatte

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔  جمعہ اکیس ستمبر کو ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے چھ وکٹوں پر257 بنائے، جن میں حشمت اللہ شاہدی کے شاندار ناقابل شکست ستانوے رنز بھی شامل تھے۔ اس اننگز میں افغان کپتان اصغر افغان نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے پانچ چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے کامیاب ترین بولر محمد نواز رہے ، جنہوں نے اپنے دس اوورز کے کوٹے میں ستاون رنز دے کر تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔ اس کے علاوہ اپنا پہلا بین الاقوامی میچ کھیلنے والے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ وہ کچھ بدقسمت رہے کیونکہ ان کی بولنگ پر پاکستانی کھلاڑیوں نے تین کیچ چھوڑے۔

پاکستان نے جب 257 رنز کا تعاقب شروع کیا تو اوپنر کھلاڑی فخر زمان اپنا کھاتہ کھولے بغیر پہلے اوور میں ہی آؤٹ ہو گئے۔ تاہم ان کے ساتھی امام الحق اور ون ڈاؤن بابر اعظم نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔ امام الحق نے انفرادی طور پر 80 جبکہ بابر اعظم نے 66 رنز بنائے۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کے لیے 154 رنز کی پارٹنر شپ کی۔ اس شراکت داری کے بعد پاکستانی بلے بازی بھی کچھ لڑکھڑا گئی تاہم شعیب ملک نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا۔

پاکستان کو آخری اوور میں میچ جیتنے کی خاطر دس رنز درکار تھے۔ آفتاب عالم کے اس اوور میں سامنا کرنا تھا شعیب ملک کو، جو اکتالیس رنز بنائے ہوئے تھے۔ شعیب ملک پہلی گیند پر کوئی رن نہ بنا سکے ، جس سے پاکستان پر دباؤ بڑھ گیا۔ تاہم اس آخری اوور کی دوسری گیند پر انہوں نے چھکا لگا دیا جبکہ تیسری گیند پر چوکا مار کر انہوں نے پاکستان کو یہ میچ جتوا دیا۔ اس اننگز پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دوسری طرف جمعے کے دن ہی دبئی میں کھیلے گئے سپر فور کے پہلے میچ میں بھارت نے آسانی کے ساتھ بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے مات دے دی۔ بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اس اہم میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم 173 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ بھارت نے تین کھلاڑیوں کے نقصان پر 37 ویں اوور میں 174 رنز بنا کر کامیابی حاصل کی۔

بھارتی کپتان روہت شرما نے اس میچ میں ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے 83 رنز بنائے۔ تاہم میچ آف دی میچ رویندر جدیجہ کو قرار دیا گیا، جنہوں نے بنگلہ دیشی بلے بازی کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے دس اوورز میں انتیس رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔ سپر فور مرحلے کے تیسرے میچ میں کل اتوار تئیس ستمبر کو ایک مرتبہ پھر بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں