1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیک جمہوریہ لزبن ٹریٹی کی توثیق کے لئے تیار

رپورٹ:عابد حسین، ادارت:ندیم گِل8 اکتوبر 2009

یورپی یونین کے اصلاحاتی لزبن معاہدے کو فی الحال قدرے مشکل صورت حال کا سامنا ہے۔ آئر لینڈ کے ریفرنڈم میں عوامی تائید نے اب پولینڈ اور چیک جمہوریہ پر دباؤ بڑھا دیا ہے کہ وہ توثیق کے عمل میں جلدی کا مظاہرہ کریں۔

https://p.dw.com/p/K1eK
چیک جمہوریہ کے صدر اور وزیر اعظمتصویر: AP

یورپی یونین کے لز بن معاہدے کے حوالے سے چیک جمہوریہ کے وزیر اعظم ژن فشر کا کہنا ہے کہ اِس سال کے آخر تک اُن کا ملک اس اصلاحاتی معاہدے کی توثیق کردے گا۔ اُن کا مزید کہنا ہے کہ چیک جمہوریہ نے توثیق کے لئے ضروری تمام معاملات کو حل کر لیا ہے۔

پراگ کی دستوری عدالت لزبن ٹریٹی کے حوالے سے ایک آئینی درخواست پر غور کر رہی ہے۔ اِس شکایت کو عدالت میں دائر کرنے کی وجہ سے چیک جمہوریہ کے صدر واسلاف کلاؤس نے معاہدے پر دستخط نہیں کئے۔ یہ اپیل سینیٹرز کی جانب سے داخل کرائی گئی تھی۔ اِن سب کا تعلق چیک صدر واسلاف کلاؤس کی سیاسی پارٹی سے ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ چیک جمہوریہ کی دستوری عدالت آئندہ تین ہفتوں کے دوران اپنا فیصلہ دے سکتی ہے۔

Merkel in Prag
چیک جمہوریہ کے صدر جرمن چانسلر میرکل کے ساتھتصویر: AP

چیک جمہوریہ کے یورپ سے متعلق وزیر اسٹیفان فیولے کا بھی کہنا ہے کہ پراگ کی جانب سے لزبن معاہدے کی توثیق اب مہینوں کی نہیں بلکہ ہفتوں کی بات ہے۔ چیک جمہوریہ کے وزیر اعظم نے یورپی کمیشن کے صدر سے اِس مناسبت سے بات بھی کی ہے اور وہ برسلز کا دورہ کرنے والے ہیں۔ یہ ملاقات آئندہ منگل ہو رہی ہے۔

یورپی یونین کے رہنما بھی چیک جمہوریہ کو مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ اِس سلسلے میں سرعت کا مظاہرہ کرے۔ دوسری جانب یورپی کمیشن کے سربراہ یوزے مانوئیل بارروسو کا استدلال ہے کہ جمہوری انداز میں آئر لینڈ کے لوگوں کا لزبن ٹریٹی کے حق میں ووٹ دینا انتہائی اہم ہے۔ اب اِس سے آگے کی جانب دیکھنا ضروری ہے۔

لزبن ٹریٹی بنیادی طور پر یورپی یونین کے دستوری فیصلوں پر عمل پیرا ہونے کا ذریعہ ہے۔ یہ ساتھ ہی عالمی سطح پر یونین کو بین الاقوامی معاملات پر یک زبان رائے رکھنے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔ لزبن معاہدہ اُس وقت تک نافذ العمل نہیں ہو سکتا جب تک یہ تمام ستائیس رکن ملکوں کی جانب سے توثیق نہیں ہو جاتا۔ اب صرف پولینڈ اور چیک جمہوریہ کی جانب سے اس کی توثیق باقی ہے جبکہ آئرلینڈ میں گزشتہ ہفتے ریفرنڈم کے ذریعے اس کی توثیق کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پولینڈ کے صدر لیخ کاچنسکی آئندہ دنوں میں لزبن ٹریٹی پر دستخط کر دیں گے۔ اُدھر برطانیہ میں قدامت پسند یہ کہہ رہے ہیں کہ وہ آئندہ سال اگر حکومت بنانے میں کامیاب ہو گئے تو پھر لزبن ٹریٹی کے سلسلے میں ملکی سطح پر ریفرنڈم کا انعقاد کرایا جائے گا۔

Portugal EU Vertrag von Lissabon Unterzeichnung
یورپی یونین کے رہنما لزبن معاہدے پر دستخط کر رہے ہیں، فائل فوٹوتصویر: picture-alliance/ dpa

یورپ بھر کے اہم سیاستدانوں کی متفقہ رائے ہے کہ لزبن معاہدے کی توثیق کا عمل جلد مکمل ہونا ضروری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ جتنی تیزی سے مکمل ہو گا اُسی مناسبت سے اِس کے نفاذ سے یورپی یونین ایک فعال ادارے کے طور پر عالمی سطح کے ساتھ ساتھ یورپ کے اندر بھی قابلِ احترام ادارے کے طور پر ابھرے گی۔ ایسے خدشات بھی ہیں کہ جتنی جلد اِس کا ڈھانچہ کھڑا ہوگا اس لحاظ سے برطانیہ کی آئندہ حکومت، اگر قدامت پسند پارٹی کی بنتی ہے تو اُس کو یورپی یونین کے اصلاحاتی معاہدے کے حوالے سے کوئی بھی عملی قدم اٹھانے پر دو مرتبہ سوچنا ہو گا۔ اگر یہ ڈھانچہ کھڑا ہی نہیں ہوا اور برطانوی حکومت تبدیل ہو جاتی ہے تو پھر قدامت پسند پارٹی توثیق کے فیصلے پر عمل درامد روکنے کے علاوہ اِس سے انحراف بھی کر سکتی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید