1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اکرام اللہ گنڈا پور، خودکش دھماکے میں ہلاک

22 جولائی 2018

پاکستانی سیاسی جماعت پی ٹی آئی کے رہنما اور رواں ماہ ہونے والے عام انتخابات میں اسی جماعت کے صوبائی اسمبلی کی ایک نشست کے لیے امیدوار اکرام اللہ گنڈاپور ایک خودکش حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/31sea
Pakistan Taliban Attacke in Wana
تصویر: DW/M. Shah

بتایا گیا ہے کہ اکرام اللہ گنڈاپور بدھ کے روز ہونے والے عام انتخابات سے قبل اپنی انتخابی مہم کے میں مصروف تھے اور انہیں ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش حملہ آور نے نشانہ بنایا۔ اس واقعے میں ان کا ڈرائیور بھی ہلاک ہو گیا جب کہ دیگر تین افراد زخمی ہوئے۔

انتخابات سے قبل قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے ہونے والی انتخابات سے قبل پاکستان میں دہشت گردانہ واقعات کی ایک تازہ لہر دیکھی گئی ہے، جس میں اب تک متعدد رہنماؤں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

دہشت گردی اور انتخابی مہم پر خوف کے سائے

بنوں میں بم حملہ، سابق وزیراعلیٰ بال بال بچ گئے

مقامی پولیس افسر ظہور آفریدی نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ اکرام اللہ گنڈاپور کی گاڑی کو ایک خودکش بمبار نے ہدف بنایا۔ اس حملے کے بعد انہیں شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جان بر نہیں ہو سکے۔ آفریدی کے مطابق اس واقعے میں دیگر تین افراد زخمی ہوئے، جن میں سے دو پولیس اہلکار ہیں۔

رواں ماہ پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان کے علاقے مستونگ میں ایک انتخابی جلسے کے دوران ہونے والے خودکش بم حملے میں قومی اسمبلی کی نشست کے لیے امیدوار سراج رئیسانی سمیت 148 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس سے قبل پشاور میں ہونے والے ایک حملے میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے امیدوار ہارون بلور بھی ایک خودکش بمبار کے حملے میں مارے گئے تھے۔ پشاور میں ہونے والے اس حملے میں دیگر 20 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

گنڈاپور کے بھائی اسرار گنڈاپور سن 2013 میں ہونے والے ایک خودکش حملے میں ہلاک ہوئے تھے، جب کہ اسرار گنڈاپور کی ہلاکت کے بعد اکرام اللہ گنڈاپور صوبائی اسمبلی کی اسی نشست سے فتح یاب ہو کر خیبرپختونخوا صوبے کی پارلیمان میں پہنچے تھے۔ گزشتہ صوبائی حکومت میں ان کے پاس وزارت زراعت کا قلم دان رہا تھا۔

سابق کرکٹر عمران خان کی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے اپنے سیاسی رہنما کی ناگہانی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ع ت، ع ح (اے پی)