1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پٹاخے اس بار بھی پڑے رہ گئے

16 جون 2019

کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء میں بارش کے باعث پاکستان کی اننگز متاثر ہوئی اور بھارت یہ میچ 89 رنز سے جيت گيا۔

https://p.dw.com/p/3KYbi
ICC Cricket World Cup - Indien v Pakistan | Hardik Pandya
تصویر: AFP/P. Ellis

برطانوی شہر مانچسٹر کے اولڈ ٹريفورڈ اسٹیڈیم میں کھيلے گئے اس اہم ميچ ميں پاکستان کا بھارت سے  جيتنے کا خواب، خواب ہی رہ گیا۔

ميچ ميں پاکستان نے ٹاس جيت کر بھارت کو پہلے بيٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ بھارتی اوپنرز روہت شرما اور لوکيش راہول نے اپنی ٹيم کو 136 رنز کا شاندار آغاز فراہم کيا۔ روہت شرما نے 140 رنز کی شاندار اننگز کھيلی۔ اسٹار بيٹسمين وراٹ کوہلی نے بھی ستتر رنز بنائے۔ بھارت نے مقررہ پچاس اوورز ميں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز اسکور کيے۔ پاکستان کے ليے سب سے کامياب باؤلر محمد عامر رہے، جنہوں نے اپنے دس اوورز ميں سينتاليس رنز دے کر تين وکٹيں ليں۔ حسن علی اور وہاب رياض نے بھی ايک ايک وکٹ لی۔

ورلڈ کپ ميں بھارت کے خلاف اپنا اولين ميچ جيتنے کے ليے پاکستان کو 337 رنز کا ہدف درکار تھا۔ پاکستانی ٹيم کا آغاز خاص نہ تھا اور امام الحق سات کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد فخر زمان اور بابراعظم نے ٹيم کو کچھ سنبھالا ليکن 117 کے اسکور پر جب بابر اعظم کی وکٹ گری، تو يکے بعد ديگرے پاکستان کے چار مذید کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ 129 پر پانچ وکٹيں گرنے کے بعد کپتان سرفراز احمد اور عماد وسيم نے ٹيم کو کچھ سہارا ديا ليکن سرفراز کی وکٹ گرنے کے کچھ دير بعد بارش کے سبب ميچ روک ديا گيا۔ ميچ دوبارہ شروع ہوا تو پاکستان کو پانچ اوورز ميں ايک سو تيس رنز درکار تھے۔ پاکستان نے ميچ کے اختتام پر چاليس اوورز ميں چھ وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز اسکور کيے۔ 

ورلڈ کپ کی تاريخ ميں پاکستان اور بھارت کے درميان اب تک کُل سات ميچ کھيلے جا چکے ہيں اور ساتوں ہی ميں بھارت سرخرو رہا۔ برطانيہ ميں آخری مرتبہ يہ دونوں ٹيميں دو برس قبل کرکٹ چيمپئنز ٹرافی کے فائنل ميں مد مقابل تھيں، جس ميں پاکستان نے بھارت کو شکست دے دی تھی۔

ش ج / ع س، نيوز ايجنسياں