1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پولنگ کا وقت ختم، کئی جگہ ووٹرز ووٹ نہ ڈال سکے

8 فروری 2024

پاکستان میں آج آٹھ فروری کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہو گیا ہے۔ مقامی وقت کے مطابق ووٹنگ کا وقت صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک کا وقت مقرر تھا۔

https://p.dw.com/p/4cB9B
Pakistan Wahlen
تصویر: Anjum Naveed/AP Photo/picture alliance

ڈی ڈبلیو کے نامہ نگاروں کے مطابق پولنگ کا وقت ختم ہونے کے باوجود پولنگ اسٹیشنوں کی حدود کے اندر موجود افراد کو ووٹ ڈالنے کا حق دیا جا رہا ہے۔ تاہم کئی حلقوں میں بعض افراد ایسے بھی تھے جو مقررہ وقت پر پولنگ اسٹیشنوں کے اندر داخل نہ ہو سکے اور یوں اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے سے محروم رہ گئے۔

پاکستان: حالیہ تاریخ کے سب زیادہ متنازعہ انتخابات کا دن

پاکستان: پولنگ جاری، موبائل سروس عارضی طور پر معطل

لاہور میں موجود ہمارے نمائندے تنویر شہزاد کے مطابق لاہور کے مختلف پولنگ اسٹیشن پہنچنے والے ووٹرز کی تعداد مختلف رہی۔ تاہم پولنگ اسٹیشنوں کے باہر لگی طویل قطاروں سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس مرتبہ ووٹنگ ٹرن آؤٹ گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں نستباﹰ زیادہ رہا۔

پولنگ بوتھ کا ایک منظر
ان انتخابات کے لیے پاکستان کی کُل 241 ملین کی آبادی میں سے 128 ملین کے قریب افراد حق رائے دہی کے اہل تھے۔تصویر: Anjum Naveed/AP Photo/picture alliance

قبل ازیں خیال کیا جا رہا تھا کہ پولنگ کے لیے وقت میں کچھ اضافہ کر دیا جائے گا تاہم پاکستان الیکشن کمیشن نے یہ وقت ختم ہونے سے پہلے ہی اس بات کا اعلان کر دیا تھا کہ وقت میں اضافہ نہیں ہو گا۔

لاہور کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کے باہر ووٹنگ کا وقت ختم ہونے کے باوجود بڑی تعداد میں ووٹرز موجود تھے۔

ان انتخابات کے لیے پاکستان کی کُل 241 ملین کی آبادی میں سے 128 ملین کے قریب افراد حق رائے دہی کے اہل تھے۔ ان انتخابات میں ملک کی قومی اسمبلی میں پہنچنے کے لیے انتخابات لڑنے والے امیدواروں کی تعداد 5,121 ہے، جبکہ صوبائی اسمبلیوں کے لیے مجموعی طور پر امیدواروں کی تعداد 12,695۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کی کُل 336 نشستوں میں سے 266 کا فیصلہ براہ راست ووٹنگ سے ہونا ہے جبکہ 70 نشستیں خواتین اور اقلیتوں کے لیے مختص ہیں۔ ان میں سے 60 خواتین اور 10 اقلیتی برادری کے لیے مخصوص ہیں۔

ایک عام ووٹر کیا چاہتا ہے؟ روٹی، کپڑا اور مکان یا کچھ اور؟

جن پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ کا سلسلہ مکمل ہو گیا ہے وہاں ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ پاکستانی الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے مطابق ملکی میڈیا شام چھ بجے سے پہلے کسی ابتدائی یا غیر حتمی انتخابی نتیجے کا اعلان نہیں کر سکتا۔