1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

+++ پاکستانی انتخابات: پولنگ کا مقررہ وقت ختم +++

شمشیر حیدر | عاطف بلوچ | بینش جاوید
25 جولائی 2018

پاکستان میں انتخابات کے لیے پولنگ کا مقررہ وقت ختم ہو گیا ہے۔ ان انتخابات میں اہل ووٹرز کی تعداد 105.95 ملین تھی۔ مجموعی طور پر ملک بھر میں پچاسی ہزار پولنگ اسٹیشن بنائے گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/322Es
Pakistan Parlamentswahlen
تصویر: Reuters/F. Mahmood

15:00 پاکستان میں پولنگ کا مقررہ وقت ختم ہو گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ان ووٹر کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دی ہے، جو اس وقت پولنگ اسٹیشنز کے اندر موجود ہیں۔

14:00پاکستان الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کی جانب سے پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹہ بڑھانے کا مطالبہ مسترد کر دی ہے۔

13:30 مسلم لیگ ن نے پولنگ کے مقررہ وقت میں ایک گھنٹہ اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ نون لیگ کا کہنا ہے کہ جو لوگ پولنگ اسٹیشن پر موجود ہوں انہیں وقت ختم ہونے کے بعد بھی ووٹنگ کی اجازت دی جائے۔ مقامی میڈیا کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی انتخابی عمل کا مقررہ وقت ایک گھنٹہ بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ اگر پولنگ کے وقت کو بڑھا بھی دیا جائے تو بھی پاکستان مسلم لیگ نوں کا ووٹر نہیں نکلے گا۔ 

12:50 پاکستان میں یورپی یونین کے مبصر مشن کے سربراہ مائیکل گیلر نے پاکستان کے شہر کوئٹہ میں ہونے والے خود کش حملے کی مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے 120 مبصرین ملک بھر کے چالیس پولنگ اسٹیشنز پر موجود ہیں۔ یہ مبصر مشن بلوچستان میں اپنے فرائض سکیورٹی صورتحال کے باعث سرانجام نہیں دے پایا۔

12:44الیکشن کمیشن کے مطابق این اے188 لیہ میں ایک پولنگ اسٹیشن پر ایک پولنگ افسر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔ طاہر رضا نامی یہ پولنگ افسر لیہ کے ایک سرکاری مڈل اسکول میں قائم کردہ انتخابی مرکز پر فرائض انجام دے رہے تھے۔

12:30 پاکستان الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کی جانب سے ووٹنگ کا وقت بڑھانے کی درخواست مسترد کر دی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی عمل حسب پروگرام مقامی وقت کے مطابق شام چھ بجے ختم کر دیا جائے گا۔

12:17 سوشل میڈیا پر پاکستانی پولیس اور فوجیوں کی جانب سے انتخابات کے دوران عام شہریوں کو مدد فراہم کیے جانے کی تصاویر شیئر کی جا رہی ہیں۔

11:10 پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور اس وقت جیل میں قید نواز شریف کی والدہ لاہور میں اپنا ووٹ ڈالنے کے لیے اسلامیہ کالج ریلوے روڈ میں قائم ایک پولنگ اسٹیشن پر گئیں۔

 

10:30 پاکستان میں عام انتخابات کے دوران  کراچی کے حلقہ این اے 254 کے پولنگ اسٹیشنوں پر بھی ووٹنگ جاری ہے۔ بعض ووٹروں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں پر فہرستوں میں ان کے ووٹوں کے سیریل نمبر موجود نہیں تھے۔

10:25  لاہور میں ہووٹر گرمی کے باوجود  پولنگ اسٹیشنوں کا رخ کر رہے ہیں۔

پاکستان کے صوبے بلوچستان میں بھی ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔

10:00 دہشت گرد تنظیم داعش نے کوئٹہ میں کیے گئے خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔ اس شدت پسند گروہ کی ترجمان ویب سائٹ اعماق نے بتایا، ’’داعش کے ایک خود کش بمبار نے مشرقی کوئٹہ میں ایک پولنگ اسٹیشن کو نشانہ بنایا۔‘‘ اسی دوران اس بم دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد 31 ہوگئی ہے۔

9:45 ملتان کے علاقے شمس آباد کے حلقہ این اے 155 میں ایک پولنگ اسٹیشن پر مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان جھگڑے کی وجہ سے پریذائیڈنگ افسر نے کچھ دیر کے لیے ووٹنگ روک دی۔

9:30 پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ کے حلقہ این اے 200 میں اپنا ووٹ ڈالا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کوئٹہ میں خودکش حملے کی مذمت کی اور لاڑکانہ اور سانگھڑ میں پرتشدد واقعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

9:00 پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنا ووٹ این اے 53 کے ایک پولنگ اسٹیشن پر ڈالا۔ وہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام چاہے جس کو بھی ووٹ دیں، لیکن آج کے دن انہیں اپنے گھروں سے  باہر نکلنا چاہیے کیونکہ ووٹ دینا بطور شہری ان کا فرض ہے۔

8:46 کوئٹہ بم دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 20 ہو گئی۔ کئی افراد شدید زخمی ہیں۔ یہ دھماکا ایک پولنگ اسٹیشن کے قریب ہوا تھا۔ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ آیا اس پولنگ اسٹیشن پر ووٹنگ روکنا پڑ گئی تھی۔

8:30 سوشل میڈیا پر پاکستان میں عام انتخابات سے متعلق کئی ہیش ٹیگز استعمال کیے جا رہے ہیں۔ عام شہری ووٹ ڈالنے کے بعد اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے ہیں۔ سیاست دان، فنکار اور دیگر شخصیات بھی پولنگ اسٹیشنوں کے باہر سے اپنی تصاویر فیس بک اور ٹوئٹر پر پوسٹ کر رہے ہیں۔

8:20 سماجی کارکن اور کراچی میں حلقہ این اے 247 سے آزاد انتخابی امیدوار جبران ناصر نے اسی حلقے کے ایک پولنگ اسٹیشن پر اپنا ووٹ ڈالا۔

8:09 مقامی میڈیا کے مطابق صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس کے نواح میں پولیس کی ایک گشتی ٹیم کی گاڑی کے قریب ہونے والے زور دار دھماکے میں 10 سے زائد افراد ہلاک اور پندرہ زخمی ہو گئے۔

07:07  بیرون ملک مقیم پاکستانی اس برس بھی ووٹ نہیں ڈال پائیں گے۔ سوشل میڈیا پر ایسے افراد ووٹ کی سہولت نہ ملنے پر تاسف کا اظہار کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ 

06:33 پاکستان الیکشن کمیشن نے ووٹرز کے لیے ملک بھر میں ’سہولت/شکایت مراکز‘ قائم کیے ہیں۔ یہ مراکز صبح آٹھ بجے سے لے کر شام آٹھ بجے تک کام کریں گے اور شکایت کنندگان ’کسی بھی معاملے کی وضاحت یا شکایت‘ کے لیے فون، ای میل اور وٹس ایپ کے ذریعے رابطہ کر سکتے ہیں۔ ’شکایت مراکز‘ کے رابطہ نمبر اس لنک میں دیکھیے: الیکشن کمیشن پاکستان - شکایت مراکز

06:29 الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے مجموعی طور پر گیارہ ہزار سے زائد امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ ملک بھر میں پچاسی ہزار پولنگ اسٹیشنز ہیں جب کہ سکیورٹی کے لیے قریب آٹھ لاکھ سکیورٹی اہلکار متعین کیے گئے ہیں۔

06:13 آصفہ بھٹو زرداری اور بختاور بھٹو زرداری نے ووٹ ڈالنے کے بعد اپنی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی۔

 06:06 خیبر پختونخوا کے علاقے اپر دیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین گھروں  سے ووٹ ڈالنے نکلی ہیں۔ این اے 5 میں خواتین کی کافی بڑی تعداد ووٹ ڈال کر اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہی ہے۔ ماضی میں اس علاقے میں خواتین کی طرف سے ووٹ ڈالے جانے کی روایت نہیں تھی۔

06:04 ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ووٹرز پولنگ اسٹیشنز میں موبائل فون نہیں لے جا سکتے اور ووٹ ڈالنے کے لیے اصل شناختی کارڈ ہمراہ ہونا ضروری ہے۔

05:00 پاکستانی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے پولنگ کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ یہ عمل مقامی وقت کے مطابق شام چھ بجے تک جاری رہے گا۔ اہم سیاسی رہنما صبح ہی ووٹ ڈالنے پہنچ گئے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ سن دو ہزار تیرہ کے الیکشن کے مقابلے میں ان انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی شرح زیادہ رہے گی۔ 2013ء کے انتخابات میں ووٹنگ کا تناسب تقریباً 53 فیصد تھا۔