1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کی جانب سے ڈرون حملوں کی مشروط حمایت

13 مئی 2011

پاکستان کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اپنی سرزمین پر امریکی ڈرون حملوں کی مشروط حمایت کی پیشکش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو فیصلہ سازی میں شامل کیا جائے اور اسے ٹیکنالوجی دی جائے تو ایسا کیا جا سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/11F5b
تصویر: picture-alliance/dpa

یوسف رضا گیلانی نے یہ بات ٹائم میگزین کے ساتھ انٹرویو میں کہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں سے انتہا پسندی کے خلاف عوام کی حمایت حاصل کرنے کی کوششیں کمزور پڑی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’عوام کی حمایت کے بغیر کوئی جنگ نہیں جیت سکتا۔‘

پاکستانی وزیر اعظم نے مزید کہا، ’میں کہتا ہوں کہ یہ میری جنگ ہے، لیکن جب ڈرون حملے ہوتے ہیں تو لوگ پوچھتے ہیں کہ اب یہ کس کی جنگ ہے۔‘

گیلانی نے کہا، ’ڈرون حملوں کی حکمت عملی پر بات ہو سکتی ہے۔ اگر ایسے حملےمؤثر ہیں تو عوام کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ہمیں ایک مشترکہ حکمت عملی بنانی چاہیے۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس حوالے سے ٹیکنالوجی بھی ہمیں منتقل کی جائے۔‘

پاکستانی وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ آئی ایس آئی اور سی آئی اے کے درمیان تعاون کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن حکومت نے اعتماد کی فضا کی بحالی اور اٹھارہ کروڑ پاکستانیوں کے دل جیتنے کی کوشش نہ کی تو امریکہ کے ساتھ تعاون ان کی حکومت کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔

گیلانی نے کہا کہ ان کی حکومت اپنے ووٹروں کے سامنے جواب دہ ہے، جن کا امریکہ کے خلاف غصہ بڑھتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا، ’میں آمر نہیں ہوں، میں عوامی نمائندہ ہوں۔‘

انہوں نے کہا، ‘اگر عوامی رائے آپ (امریکہ) کے خلاف ہے تو میں اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ مجھے عوامی رائے کا حصہ بننا ہوگا۔‘

Syed Yousaf Raza Gilani
پاکستان کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانیتصویر: DW

دوسری جانب پاکستان نے امریکہ کے ساتھ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے تعاون کا نئے سرے سے تعین کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔ جمعرات کو پاکستانی کابینہ کی دفاعی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ اس نوعیت کے تعاون کی حد کیا ہونی چاہیے، یہ طے کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔

اس اجلاس کی قیادت وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کی جبکہ اس کے شرکاء میں بعض وزراء کے علاوہ جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل خالد شمیم اور مسلح افواج کے سربراہ بھی شامل تھے۔

ٹائم میگزین کے ساتھ انٹرویو میں یوسف رضا گیلانی نے یہ بھی بتایا کہ ایبٹ آباد میں امریکی کارروائی کے بارے میں انہیں فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کے ذریعے پتہ چلا، جنہوں نے انہیں شب دو بجے فون کیا۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں