1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

5 فروری 2018

بھارت کے زیر انتظام کشمیر پر نئی دہلی کی حکمرانی کے خلاف سرگرم کشمیری عوام اور سیاسی کارکنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان میں آج پیر پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/2s8ly
Indien Pakistan Teilung
تصویر: picture-alliance/AP/R. Maqbool

اس دن کے موقع پر آج پاکستان میں عام تعطیل ہے۔ 1992ء میں پاکستان کی وفاقی اور تمام صوبائی حکومتوں کی جانب سے اس دن کو سرکاری سطح پر منانے کا آغاز کیا گیا تھا، اور تب سے یہ دن ہر سال باقاعدگی سے منایا جاتا ہے۔

بھارتی کشمیر: رواں برس 210 عسکریت پسندوں کو مار دیا، پولیس

ایل او سی پر کشیدگی، کیا پاکستان کے خلاف کوئی سازش ہے؟

اس دن کے موقع پر بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں علیحدگی پسندی کی تحریک میں مارے جانے والے کشمیریوں کی یاد میں ہر سال ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جاتی ہے جبکہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں سرحد پار کے کشمیریوں سے اتحاد اور یکجہتی کے  اظہار کے لیے ایک انسانی زنجیر بھی بنائی جاتی ہے۔

Pakistan Soldaten in Tatta Pani
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Naveed

آج اس دن کے موقع پر جہاں ایک طرف دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانی اور کشمیری باشندے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کی مختلف تقریبات میں حصہ لے کر اپنے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں، وہیں پر ایسے افراد کی ایک بہت بڑی تعداد سوشل میڈیا کے ذریعے یہ پیغام بھی دے رہی ہے کہ وہ بھارتی حکمرانی کے خلاف بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔

اس موقع پر پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یا آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد ایک دن ضرور کامیاب ہو گی۔

اسی طرح پاکستان کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے بھی اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ حالات چاہے جیسے بھی ہوں، پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

پاکستان کے ایک معروف سیاست دان شیخ رشید احمد کا اپنے ایک پیغام میں کہنا تھا کہ پاکستانی باشندے ’ہمیشہ اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے‘۔

پاکستان میں آج صرف حکومتی یا سیاسی شخصیات ہی نہیں بلکہ پاکستان اور کشمیر سے تعلق رکھنے والے بہت سے سرکردہ کارکن بھی ٹوئٹر پر اپنے پیغامات میں اسی طرح کے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔ ٹوئٹر پر ایسی ہی ایک صارفہ پریشے بخاری نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا، ’’اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کا حق خود ارادیت ایک ناقابل تردید حقیقت ہے۔‘‘