1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان سمیت متعدد ممالک میں عید منائی جارہی ہے

13 مئی 2021

کورونا کی عالمگیر وبا کے درمیان پاکستان، عرب، یورپ، امریکا، افریقہ اور دنیا کے متعدد ملکوں میں آج عید الفطر کا تہوار مذہبی عقیدت اور روایتی جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

https://p.dw.com/p/3tKc7
Indonesien Eid al-Fitr
تصویر: Willy Kurniawan/REUTERS

غزہ میں رہنے والے فلسطینیوں کے لیے خوشیوں کا سب سے اہم تہوار عید ایسے موقع پر آیا ہے جب اسرائیل کی جانب سے بمباری کا سلسلہ جاری ہے اور بم حملوں میں اب تک 69 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سترہ بچے اور آٹھ خواتین شامل ہیں۔ اسرائیل میں بھی فلسطینی اسرائیلی اوریہودی اسرائیلوں کے درمیان تشدد کی خبریں ہیں۔

بھارت میں عید جمعے کے روز منائی جائے گی تاہم خطے کشمیر میں جمعرات کو عید منائی جا رہی ہے۔

عمران خا ن کا تہنیتی پیغام

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے ایک پیغام میں اہل پاکستان اور ملت اسلامیہ کو عید الفطر کی مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا 'یہ عید مختلف ہے چونکہ دنیا وبائی امراض کا مقابلہ کر رہی ہے'۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ عوام ذمہ داری کے ساتھ عید الفطر منائیں اور اس دوران کورونا سے متعلق ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔

Indonesien Eid al-Fitr
تصویر: Willy Kurniawan/REUTERS

رپورٹوں کے مطابق تاہم پاکستان کے بیشتر شہروں میں عید کے حوالے سے ایس او پیز پر بہت کم عمل کیا گیا۔ نماز کے دوران سماجی فاصلے کا خیال نہیں رکھا گیا۔ بڑی تعداد میں بچے اور معمرافراد بھی اجتماعات میں شریک تھے اور لوگ گلے مل کر ایک دوسرے کو مبارک باد بھی دیتے رہے۔

نماز عیدالفطر کے لیے سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ کراچی، لاہور اور اسلام آباد جیسے شہروں میں نماز عیدالفطر کی بڑی جماعتیں ہوئیں۔

عرب ممالک میں عید

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین اور دیگر عرب ملکوں میں بھی جمعرات کے روز عید  منائی جا رہی ہے۔

قطر کی وزارت اوقاف اور دیگر خلیجی ممالک کے مذہبی اداروں نے بدھ کی شام کو شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا تھا۔

کورونا وائرس کے مدنظر نمازیوں کے لیے خصوصی حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے اور ہدایات پر سختی سے عمل کیا گیا۔

Indonesien Eid al-Fitr
تصویر: Trisnadi/AP Photo/picture alliance

امریکا، کینیڈا اور دیگر ممالک میں بھی عید

امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا، سنگاپور، فرانس، برطانیہ، جرمنی اور دیگر یورپی ممالک نیز متعدد افریقی ملکوں میں بھی جمعرات کے روز عیدالفطر منائی جا رہی ہے۔

انڈونیشیا میں کووڈ انیس کی وجہ سے متعدد بندشوں کے درمیان عید منائی جا رہی ہے۔ کورونا کی وجہ سے بیشتر مقامات پر چھوٹی چھوٹی جماعتیں ہوئی جہاں تمام ہدایات کا خیال رکھا گیا اور لوگ ماسک لگا کر نماز پڑھنے آئے۔

لیکن جن علاقوں میں وائر س پھیلنے کا خطرہ زیادہ ہے وہاں نمازیں نہیں ہوئیں۔ ان میں دارالحکومت جکارتہ میں سب سے بڑی مسجد استقلال شامل ہے۔ جہاں عید الفطر کی نماز نہیں ہوئی۔

انڈونیشیا کی حکومت نے مسلسل دوسرے برس بھی عید الفطر کے موقع پر لوگوں کو اپنے رشتہ داروں سے ملنے کے لیے سفر کی اجازت نہیں دی تھی۔

Indonesien Eid al-Fitr
تصویر: Willy Kurniawan/REUTERS

افغانستان میں جنگ بندی شروع

جمعرات کے روز عیدا لفطر کے ساتھ ہی افغانستان میں طالبان کی طرف سے اعلان کردہ تین روزہ جنگ بندی شروع ہو گئی ہے۔ صدر اشرف غنی نے بھی جنگ بندی کی حمایت کی تھی۔

ج ا/ ص ز (اے پی، روئٹرز)

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں