1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان: ’سزائے موت کے باوجود بھی سنگین جرائم میں کمی نہیں‘

9 اکتوبر 2018

پاکستان میں دس اکتوبر کا دن اس لئے بھی اہم ہے کہ یہاں کئی جرائم کے ارتکاب پر موت کی سزا کا قانون رائج ہے اور اسی وجہ سے اکثر مغربی ممالک خصوصاﹰ یورپ پاکستان سے سزائے موت کے قانون کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/36FOy
Gegen die Todesstrafe
تصویر: picture-alliance/W. Steinberg

پاکستان میں سزائے موت کا قانون ابتدا سے ہی رائج ہے، قتل، زناباالجبر، اغوا برائے تاوان اور دہشت گردی جیسے انتہائی سنگین جرائم کے لئے موت کی سزا کا قانون ہے تاہم ٹرائل کورٹ سے سزا کے باوجود اکثر مجرمان کو قانون کے تحت حاصل اعلٰی عدلیہ میں سزا کے خلاف اپیل کسی سہولت سے کم نہیں۔ اکثر اوقات مجرم آدھی زندگی اپیل کے سہارے گزار لیتے ہیں۔

معروف ماہر قانون احمد رضا قصوری نے ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سزائے موت یا عمر قید پانے والا مجرم معاشرے کا حصہ نہیں رہتا اسے ایک مرتبہ معاشرے میں واپس لانے کے لئے بحالی کا موقع ضرور دینا چاہیے۔ تاہم ان کا کہنا تھا، ’’سبق آموز سزا دینے سے دلوں میں قانون سے عبرت پیدا ہوتی ہے۔ مغربی ممالک میں سزائے موت کا تصور اس لئے ختم ہوا ہے کہ وہاں قانون حکمرانی کرتا ہے جبکہ ہمارے معاشرے میں معصوم بچوں اور بچیوں سے زیادتی، بدفعلی یا خواتین سے انفرادی اور اجتماعی زیادتی قابل معافی جرائم نہیں ہیں۔‘‘

مشرف حکومت کے خاتمے اور پاکستان میں بحالی جمہوریت کے نتیجے میں قائم ہونے والی زرداری حکومت نے پاکستان میں سزائے موت کے عملدرآمد پر غیر اعلانیہ پابندی عائد کی مگر نواز شریف دور میں آرمی پبلک اسکول پر حملے کے بعد آپریشن ضرب عضب شروع ہوا اور دہشت گردوں کو سزائے موت بھی دینا شروع کر دی گئی۔

Amnesty international
تصویر: picture-alliance/dpa/W.Kumm

کراچی کے مشہور تہرے قتل کی ملزم اسماء نواب کو سپریم کورٹ سے بری کرانے والے وکیل جاوید چھتاری کہتے ہیں کہ مقدمات کی طویل سماعت اور تاخیر سے ہونے والے فیصلوں سے سزا کے اثرات زائل ہو جاتے ہیں، ’’اگر فیصلوں پر فوری عملدرآمد ہو تو یہ زیادہ موثر ثابت ہوں گے۔‘‘ تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سزائے موت کے مجرم کو راہ راست پر آنے کے لیے ایک موقع ضرور ملنا چاہیے کیونکہ اس کی سزا صرف اسے نہیں بلکہ اس سے منسلک دیگر افراد کو بھی ملتی ہے۔

انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے قانون دان ضیاء اعوان کے مطابق سخت ترین سزائیں وہاں درکار ہوتی ہیں، جہاں دراصل کریمنل جسٹس سسٹم کمزور ہو، ’’تو پاکستان میں بنیادی کام قانون کی خامیاں دور کرنے کا ہے، کیونکہ سزائے موت کے باوجود بھی سنگین جرائم میں کمی دکھائی نہیں دے رہی۔‘‘

ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ماہر اولواٹسین پاپولا کا بھی کہنا تھا کہ ایسا کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہے کہ جرائم کے تدارک کے حوالے سے سزائے موت دینا دیگر سزاؤں کے مقابلے میں زیادہ کارگر ہے۔ انہوں نے کینیڈا کی مثال دیتے ہوئے کہا ہے کہ سن 2016 میں اس ملک میں رونما ہونے والی قتل کی وارداتیں سزائے موت کا قانون ختم کیے جانے والے سال یعنی سن 1976 کی نسبت نصف تھیں۔

دنیا میں 106 ممالک میں سزائے موت کا قانون ختم کیا جا چکا ہے جب کہ 146 ممالک ایسے ہیں جہاں گزشتہ دس برسوں کے دوران کسی شخص کو بھی سزائے موت نہیں دی گئی۔

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق چین کو چھوڑ کر ایران، سعودی عرب، عراق اور پاکستان بالترتیب وہ چار ایسے سب سے زیادہ سزائے موت پر عملدرآمد کرنے والے ممالک ہیں، جہاں سال 2017ء کے دوران دنیا بھر میں ہونے والی سزائے موت میں سے 84 فیصد پر عمل کیا گیا۔