1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’وہ مر کر بھی زندہ ہے‘

بینش جاوید
27 دسمبر 2018

بے نظیر بھٹو کو گیارہ برس قبل ایک دہشت گردانہ حملے میں قتل کر دیا گیا تھا۔ سیاسی تجزیہ کاروں کی رائے میں بے نظیر کی ہلاکت نے جو خلا پیدا کیا وہ آج تک پُر نہیں ہو سکا۔

https://p.dw.com/p/3Afg7
Pakistan Benazir Bhutto
تصویر: dapd

پاکستان میں آج سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر سب سے زیادہ استعمال کیا جانے والا ہیش ٹیگ بے نظیر بھٹو کا نام ہے۔ 27 دسمبر 2007ء کو  پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئر پرسن راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ایک  جلسہ ختم کر کے وہاں سے روانہ ہو رہی تھیں تو انہیں خود کش حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

اس حملے میں وہ جانبر نہ ہوسکیں۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں بے نظیر بھٹو کو جمہوریت کا علمبردار تصور کیا جاتا ہے۔ انہوں نے دو مرتبہ بطور وزیر اعظم پاکستان کی قیادت سنبھالی لیکن دونوں مرتبہ ہی وہ اپنی حکومت کی مدت پوری نہ کر پائیں۔ وہ  پاکستان کی فوج کو ان کی حکومت گرانے کا ذمہ دار قرار دیتی رہیں۔

آج ان کی گیارہویں برسی کے موقع پر کئی افراد ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو یاد کر رہے ہیں اور انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ بے نظیر کے بیٹے بلاول بھٹو زرداری نے اپنی والدہ کو یاد کرتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں لکھا، ’’ اے آمروں تم زندہ ہو کر مردہ ہو، وہ مردہ ہو کر بھی زندہ ہے۔‘‘

پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن نفیسہ شاہ نے لکھا، ’’ ہمارے جج سیاست دانوں کے خلاف ازخود ایکشن لینے یا ان کے خلاف جے آئی ٹی بنانے میں بہت جلد باز ہیں لیکن وہ بے نظیر ، پی پی پی اور عوام کو انصاف نہ دے پائے۔ بے نظیر کے قاتل اور ان کے قتل میں ملوث افراد ضمانت پر رہا ہیں یا انہیں ملک سے باہر رہنے کی اجازت دی گئی ہے۔‘‘

پاکستانی انگریزی اخبار ڈان میں سبین جویری اپنے ایک مضمون میں لکھتی ہیں، ’’ملاؤں کی جانب سے بے نظیر بھٹو کے کردار کشی  کی گئی، انہوں نے عوام کو یہ کہہ کر بے نظیر کے خلاف کرنے کی کوشش کی کہ ایک خاتون ملکی سربراہ نہیں ہو سکتی، فوجی جرنیل اس خاتون لیڈر کو سیلوٹ نہیں کرتے تھے۔ لیکن اس سب کے باوجود وہ جمہوریت کی بحالی اور غریب عوام کی اقتصادی صورتحال بہتر بنانےکے حوالے سے مثالی کام کر گئیں۔‘‘

پاکستانی پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی  آج بروز جمعرات نوڈیرو میں بے نظیر بھٹو کی گیارہویں برسی کی تقریب منعقد کرے گی۔

بے نظير بھٹو کی دسويں برسی