1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی، پاکستان کا جارحانہ آغاز

عدنان اسحاق16 مارچ 2016

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی کے عالمی کپ کے اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو پچپن رنز سے شکست دے دی ہے۔ پاکستان نے پہلے کھلیتے ہوئے اپنی مخالف ٹیم کو 202 رنز کا ہدف دیا تھا۔

https://p.dw.com/p/1IE4T
Cricket Afghanistan vs Pakistan 27.02.2014
اس میچ کا بہترین کھلاڑی شاہد خان آفریدی کو قرار دیا گیاتصویر: Dibyangshu Sarkar/AFP/Getty Images

اس میچ میں پاکستانی ٹیم نے کھیل کے ہر شعبے میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں اپنا ابھی تک کا سب سے زیادہ اسکور یعنی 201 بنایا۔

رنز کی اس بارش میں پاکستان کے پانچ بلے باز آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ انفرادی اسکور محمد حفیظ نے 64 رنز بنائے جبکہ اوپنر احمد شہزاد بھی اپنی نصب سنچری اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔ وہ 52 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

کپتان شاہد آفریدی نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے انیس بالوں پر 49 رنز اسکور کیے۔ ان کے علاوہ شرجیل اٹھارہ اور عمر اکمل صفر کے اسکور پر پویلین لوٹے۔ شعیب ملک 15 اور عماد وسیم صفر کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد اور عرفات سنی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ رنز کے اس پہاڑ کے خلاف بنگلہ دیش کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور پہلی وکٹ ایک رنز پر ہر گر گئی اور سومیا سرکار کو پولیین بھیجنے والے کھلاڑی تھے محمد عامر۔

Pakistan Kricket Muhammad Amir
محمد عامر نے اپنی نپی تلی بولنگ کا سلسلہ برقرار رکھاتصویر: Getty Images/AFP/G. Guercia

تمیم اقبال اور شکیب الحسن کے علاوہ کوئی بھی بنگلہ دیشی کھلاڑی پاکستان کی جارحانہ بالنگ کا مقابلہ نہ کر سکا۔ شکیب نے پچاس رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اس طرح بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں چھ کھلاڑیوں کے نقصان پر صرف 146 رنز ہی بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے کپتان آفریدی اور محمد عامر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عرفان اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ لی۔ اس میچ کا بہترین کھلاڑی شاہد خان آفریدی کو قرار دیا گیا۔ پاکستان اب اپنا اگلا میچ انیس مارچ کو کلکتہ میں ہی بھارت کے ساتھ کھیلے گا۔ گزشتہ روز افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے فیورٹ بھارت کو سنتالیس رنز سے مات دی تھی۔