1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نوواک جوکووچ نے کورونا ٹیسٹ پچھلے ماہ کرایا تھا، وکلاء

8 جنوری 2022

آسٹریلیا سے بے دخلی کے فیصلے کے خلاف اپیل میں وکلاء کی جانب سے عدالت میں دائرکردہ دستاویزات کے مطابق عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ نے گزشتہ ماہ اپنا کورونا ٹیسٹ کرایا تھا۔

https://p.dw.com/p/45IIK
Tennisspieler Novak Djokovic
تصویر: WILLIAM WEST/AFP

ہفتے کے روز آسٹریلوی میڈیا میں سامنے آنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے دسمبر میں اپنا کورونا ٹیسٹ کرایا تھا۔  یہ عالمی نمبر ایک کھلاڑی بدھ کی شب آسٹریلوی شہر میلبورن کے ہوائی اڈے پر اترے تھے، تاہم وہ نہ توکورونا ویکسینیشن کا کوئی ثبوت پیش کر سکے تھے اور نہ ہی ان کے پاس ویکسینشین سے استثنیٰ کے لیے درکار کوئی باقاعدہ جواز تھا۔ اسی تناظر میں حکام نے ان کا ویزا منسوخ کرتے ہوئے انہیں آسٹریلیا میں داخلے سے روک دیا گیا تھا۔ تاہم ملک بدری کے اس فیصلے کے خلاف جوکووچ نے اپیل دائر کر دی تھی۔

آسٹریلیا نے نوواک جوکووچ کو ملک میں داخل ہونے سے روک دیا

نوواک جوکووچ لائن جج کو بال مارنے کی پاداش میں یو ایس اوپن سے باہر

ریاست وکٹوریہ کی حکومت اور آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے منتظمین کے دو آزاد پینلز نے انہیں مہیاکردہ معلومات کی بنا پر ویکسینیشن سے استثنیٰ دیا تھا، تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ یہ استثنیٰ ان افراد کے لیے تھا، جن کا پچھلے چھ ماہ میں کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہو۔ لیکن  ایئر پورٹ پر امیگریشن حکام کے مطابق جوکووچ کو جاری کردہ یہ استشنائی دستاویز کارآمد نہیں تھی۔ اس فیصلے کے خلاف جوکووچ نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ وہ تب سے امیگریشن کی حراست میں ہیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق نوواک جوکووچ کے لیے مسئلہ فقط آسٹریلیا سے بے دخلی یا ایک بار آسٹریلین اوپن میں عدم شرکت سے کہیں زیادہ کا ہے۔ اگر وہ کووڈ انیس کے خلاف ویکسینیشن سے متعلق آسٹریلوی ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے جاتے ہیں اور عدالت ان کی ملک سے بے دخلی کے فیصلے کو برقرار رکھتی ہے، تو ایسی صورت میں ممکنہ طور پر وہ اگلے تین برسوں تک آسٹریلیا میں داخل نہیں ہو پائیں گے۔

آسٹریلوی ضوابط کے مطابق اگر کسی شخص کو آسٹریلیا سے ڈی پورٹ کر دیا جائے، تو اسے اگلے تین برسوں تک عارضی ویزا بھی جاری نہیں ہو سکتا۔ تاہم اس حوالے سے بہرحال کچھ استثنائی حالات ہو سکتے ہیں۔ ضوابط کے مطابق کچھ خصوصی حالات میں کسی معاملے کو اس کے میرٹ کے مطابق علیحدہ سے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

آسٹریلین اوپن ٹینس چیمپین شپ کے منتظمین نے گو کہ اس معاملے میں عوامی سطح پر کوئی بیان نہیں دیا، تاہم ان کی جانب سے ملکی اخبارات کو یہ ضرور بتایا گیا ہے کہ ویکسینیشن ضوابط کے حوالے سے کسی بھی کھلاڑی کو غلط معلومات مہیا نہیں کی گئی تھیں۔

ع ت / م م (اے پی)