1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا نے نوواک جوکووچ کو ملک میں داخل ہونے سے روک دیا

6 جنوری 2022

آسٹریلیا نے دنیا کے نمبر ایک ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ کا ویزا منسوخ کرکے ملک میں داخل ہونے سے روک دیا۔ حکام کے مطابق ٹینس اسٹار ملک میں داخلے کے لیے کووڈ ویکسین سے استشنیٰ کے لیے ضروری ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے۔

https://p.dw.com/p/45CSN
Australien | Tennisspieler Djokovic darf nicht einreisen
تصویر: Oscar Gonzalez//NurPhoto/imago images

آسٹریلوی بارڈر فورس (اے بی ایف) نے جمعرات کے روز تصدیق کی ہے کہ سربیائی کھلاڑی نوواک جوکووچ ملک میں داخلے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مناسب ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے ہے، جس کی وجہ سے ان کا ویزا منسوخ کر دیا گیا ہے۔

 مردوں کے عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی جوکووچ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کھیلنے کے لیے آسٹریلیا پہنچے تھے۔ انہیں ملک میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ اس سے قبل وہ میلبرن ایئر پورٹ پر تقریباً نو گھنٹے تک پھنسے رہے۔

آسٹریلیا کے وزیر صحت گریگ ہنٹ نے کہا، "یہ ایک سخت فیصلہ ہے لیکن یہ درست فیصلہ ہے۔"

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق جوکووچ نے ویزا کی منسوخی کے خلاف آسٹریلوی عدالت سے رجوع کیا ہے۔

جوکووچ کے والد رجان جوکووچ نے بتایا، "نوواک فی الحال ایک کمرے تک محدود ہیں جہاں کسی کو داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔ کمرے کے باہر دو پولیس اہلکار موجود ہیں۔ "

'قواعد قواعد ہیں'

وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ جوکووچ آسٹریلیا میں طبّی استشنیٰ کے ساتھ داخل ہونے کے لیے ایئر پورٹ پر ضروری ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوکووچ کو "نشانہ نہیں بنایا گیا ہے۔"

اسکاٹ موریسن کا کہنا تھا، "میں صرف یہی کہہ سکتا ہوں کہ طبّی استشنیٰ کے لیے جو ضروری ثبوت پیش کیے گئے وہ ناکافی پائے گئے۔"

انہوں نے مزید کہا، "قواعد قواعد ہیں، خاص طور پر جب ہماری سرحدوں کی بات آتی ہے۔ کوئی بھی ان قواعد سے بالاتر نہیں ہے۔ ہماری مضبوط سرحدی پالیسیاں آسٹریلیا کے لیے اہم رہی ہیں جن کی وجہ سے کووڈ سے شرح اموات دنیا میں سب سے کم ہے، ہم چوکس رہیں گے۔"

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق آسٹریلیا کے وزیر داخلہ کیرن اینڈریوز نے کہا، "جو لوگ ہماری سخت شرائط پر پورا نہیں اترتے ہیں انہیں آسٹریلیا میں داخلے سے روک دیا جائے گا، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ کون ہیں۔"

Australien | Tennisspieler Djokovic darf nicht einreisen
جوکووچ کو آسٹریلیا میں داخلے سے روک دیا گیاتصویر: Hamish Blair/AP/picture alliance

بعض افراد کو استشنیٰ

خیال رہے کہ17جنوری سے 30 جنوری کے درمیان آسٹریلین اوپن ٹورنامنٹ کھیلا جائے گا۔ منتظمین کا کہنا تھا کہ صرف دونوں ویکسین لے چکے کھلاڑیوں یا سرکاری طورپر طبّی استشنیٰ یافتہ کھلاڑیوں کو ہی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کی اجازت دی گئی ہے۔

ٹینس آسٹریلیا کے سربراہ کریگ ٹیلی نے کہا کہ بعض استشنائی حالت میں چند افراد کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی تھی۔ ان میں ایسے لوگ شامل ہیں جو گزشتہ چھ ماہ میں وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں یا جو کسی سنگین طبّی حالت کی وجہ سے ویکسین نہیں لے سکتے ہیں۔

کریگ ٹیلی نے بتایا کہ 26 افراد نے استشنیٰ کے لیے درخواست دی تھی جس میں صرف چند ایک کی درخواستیں ہی منظور ہوسکیں۔

اسکاٹ موریسن نے بدھ کے روزکہا تھا کہ جوکووچ کوایسا "قابل قبول ثبوت" فراہم کرنا پڑے گا کہ طبّی اسباب کی بنا پر وہ ویکسین نہیں لے سکیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا، "اگر ثبوت ناکافی ثابت ہوا تو ان کے ساتھ دوسرے شخص سے ذرا بھی مختلف سلوک نہیں کیا جائے گا اور انہیں اگلی پرواز سے گھر واپس بھیج دیا جائے گا۔"

Australien | Tennisspieler Djokovic darf nicht einreisen
خیال کیا جاتا ہے کہ جوکووچ کو میلبرن کے پارک ہوٹل میں رکھا گیا ہےتصویر: Joel Carrett/AAP/imago images

ویکسین پر جوکووچ کے شبہات

کووڈ ویکسین پر شبہات کا کھل کر اظہار کرنے والے جوکووچ نے منگل کے روز دعویٰ کیا تھا کہ وہ اس زمرے میں شامل ہیں جنہیں "استشنائی اجازت" حاصل ہے۔ اس لیے وہ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے اہل ہیں۔

آسٹریلوی حکومت کی جانب سے نوواک جوکووچ کو آسٹریلین اوپن کھیلنے کے لیے لازمی ویکسینیشن سے طبی استثنیٰ دینے کے فیصلے پر شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کے بعد آسٹریلوی صدر نے جوکووچ کی آمد سے کچھ دیر پہلے کہا تھا کہ ان کے استثنیٰ پر ان کے لیے 'کوئی خاص قواعد' نہیں ہوں گے۔

آسٹریلیا، خاص طور پر وکٹوریہ کی ریاست نے دنیا کے طویل ترین مجموعی لاک ڈاؤن کو برداشت کیا ہے اور اومیکرون ویرینٹ کے پھیلنے سے اعداد و شمار ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے ہیں۔

آسٹریلیا میں داخلے کی اجازت نہیں ملنے کی وجہ سے دنیا کے نمبر ایک ٹینس کھلاڑی جوکووچ کے لیے اب اپنے خطاب کا دفاع کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔

بیس مرتبہ بڑے خطابات جیتنے والے نوواک جوکووچ کو تاہم بدھ کے روز سربیائی صدر الیکزینڈر ووجچ کی حمایت حاصل ہوئی۔ انہوں نے جوکووچ سے فون پر بات کی اور انہیں یقین دلایا کہ پورا سربیا ان کے ساتھ ہے۔

رووجچ نے اپنے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا، "ہم ہر ممکن کوشش کررہے ہیں کہ دنیا کے بہترین ٹینس کھلاڑی کو ہراساں کرنے کو فوری ختم کیا جائے۔"

ج ا/ ص ز (روئٹرز، اے ایف پی، ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں