1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نشانہ سیاسی حریف، تشدد گدھے پر

بینش جاوید
17 جولائی 2018

سیاسی حریفوں سے دشمنی میں پاکستان کے جانور تک محفوظ نہیں رہے۔ کراچی میں  ایک سیاسی جلسے  کے دوران ایک گدھے کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اس واقعے کی سوشل میڈیا پر شدید مذمت کی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/31ZdB
Pakistan Karachi - ACF Animal Rescue
تصویر: ACF Animal Rescue

پاکستانی شہر کراچی میں ایک سیاسی جماعت کے کارکنوں نے اپنے سیاسی حریف کا نام ایک گدھے پر لکھا اور اس پر تشدد کرنا شروع کر دیا۔ کراچی میں جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم ’ اے سی ایف ریسکیو ‘ نے اپنے فیس بک پیج پر اس واقعے کے حوالے سے لکھا،’’ ایک گدھے کے منہ پر اور  پیٹ پر کئی مرتبہ گھونسے مارے گئے، اس کی ناک ٹوٹ گئی، اس گدھے کو اتنا مارا گیا کہ وہ بے ہوش ہوگیا۔ اس کے جسم پر رسی اور گاڑی کے ٹائر کے نشان ہیں۔ یہ سب کچھ صرف اس لیے کہ ایک سیاسی جماعت کو ’گدھا‘ ثابت کیا جاسکے۔‘‘

صحافی جویریہ صدیقی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا،’’ جاہل لوگوں نے ایک معصوم جانور پر نواز لکھ دیا اور اسکو تشدد کا نشانہ بنایا تاہم کراچی کے شہری عبداللہ محمود نے اس معصوم جانور کی مدد کی کھانا اور پانی دیا  اور اب یہ گدھا اے سی ایف میں زیر علاج ہے۔‘‘

کراچی میں اس گدھے پر بدترین تشدد کی متعدد افراد نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک  تنظیم اے سی ایف کے مطابق عبداللہ نامی شہری نے اس گدھے کو سٹرک پر تڑپتے دیکھا۔ عبدااللہ کی مدد سے صبح کے تین بجے اس گدھے کو جانوروں کے لیے بنائے گئے ایک شیلٹر میں لایا گیا جہاں اے سی ایف کی ٹیم نے اس کا علاج شروع کیا۔ اے سی ایف کے مطابق اگر پاکستانی عوام ایک معصوم جانور کو لطف لینے کے لیے  تشدد کا نشانہ بنا سکتے ہیں تو یہ امر ہمارے لیے باعث ِشرمندگی ہے۔