1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ناصرالملک نے بطور نگران وزیر اعظم حلف اٹھا لیا

1 جون 2018

پاکستانی صدر کی جانب سے ایوان زیریں تحلیل کیے جانے کے بعد ملک کے سابق چیف جسٹس ناصرالملک نے بطور نگران وزیر اعظم حلف اٹھا لیا ہے۔ جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک آئندہ عام انتخابات کے بعد تک نگران سربراہ حکومت رہیں گے۔

https://p.dw.com/p/2ynBJ
Pakistan Nasirul Mulk
تصویر: picture-alliance/AP Photo/B.K. Bangash

پاکستان کی تاریخ میں صرف تیسری مرتبہ قومی اسمبلی نے اپنی پانچ سالہ مدت مکمل کی ہے۔ ملک کے ساتویں نگران وزیر اعظم ناصرالملک پاکستانی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس بھی رہ چکے ہیں اور وہ ’جمہوری اداروں کے محافظ‘ کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ آئندہ قومی انتخابات اگلے ماہ یعنی جولائی کی پچیس تاریخ کو ہوں گے اور نئی جمہوری طور پر منتخب حکومت کے اقتدار میں آنے تک ناصرالملک نگران وزیر اعظم کی حیثیت سے حکومت چلائیں گے۔

ان کی حلف برداری کی تقریب جمعہ یکم جون کو ایوان صدر میں منعقد ہوئی، جس میں ملکی سیاسی رہنماؤں کے علاوہ فوجی قیادت بھی شریک ہوئی۔

اس سے قبل نصف شب کے وقت شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ عباسی گزشتہ برس جولائی میں اس وقت وزیر اعظم بنے تھے، جب ملکی سپریم کورٹ نے اس وقت کے پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کو بیرون ملک اثاثوں سے متعلق ایک مقدمے میں وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لیے نا اہل قرار دے دیا تھا۔

نواز شریف اپنی نا اہلی کے فیصلے کا الزام ملک کی طاقت ور اسٹیبلشمنٹ پر عائد کرتے ہیں۔ نواز شریف کی تاحیات نااہلی کے باوجود ان کی جماعت مسلم لیگ ن آئندہ عام انتخابات میں بہتر کارکردگی دکھانے کی امید میں ہے۔

جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک کی بطور نگران وزیر اعظم تعیناتی کا فیصلہ مسلم لیگ ن کی حکومت اور اپوزیشن کے مابین اتفاق رائے سے طے پایا تھا۔ ملکی آئین کے مطابق نگران حکومت کو ساٹھ روز کے اندر اندر انتخابات کرانا پڑتے ہیں۔

دوسری جانب رواں ہفتے اتوار کے روز سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانا شروع کر دیں گے۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ چھ جون ہے۔

عمران خان سمیت ملک کے تمام اہم سیاست دانوں اور سیاسی جماعتوں نے ناصرالملک کی بطور نگران سربراہ حکومت تقرری کا خیر مقدم کیا ہے۔

ش ح / م م (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)

اعلان تو ہو گیا، لیکن کیا پاکستان میں الیکشن ہوں گے؟

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید