1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نائیجیریا میں مسلح حملہ آوروں نے درجنوں طلبہ کو اغوا کر لیا

6 جولائی 2021

 پیر کے روز کاڈونا میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک اسکول سے ایک سو سے زائد بچوں کو اغوا کرلیا۔ نائیجیریا میں اسکول کے بچوں کے اغوا کا یہ تازہ ترین واقعہ ہے۔

https://p.dw.com/p/3w4qg
Nigeria Kaduna | Entführung Schüler Bethel Baptist School
صرف شمالی نائیجریا میں ہی گزشتہ دسمبر سے اب تک آٹھ سو سے زیاد ہ بچوں کا اغوا کیا جاچکا ہےتصویر: KEHINDE GBENGA/AFP

شمال مغربی نائیجیریا کے کاڈونا میں مسلح افراد نے بیتھل بیپٹسٹ ہائی اسکول پر دھاوا بول دیا۔ انہوں نے سکیورٹی گارڈز کو قابو میں کرلیا۔ اسکول کے ایک عہدیدار نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ 140 بچوں کو اغوا کر لیا گیا ہے۔

بیتھل بیپٹسٹ ہائی اسکول کے ایک ٹیچرایمانویل پال نے بتایا،”حملہ آوروں نے 140بچوں کو اغوا کر لیا، صرف 25 بچے بچ سکے۔ ہمیں ابھی تک یہ معلوم نہیں کہ جن بچوں کو اغوا کیا گیا ہے وہ کس حال میں ہیں۔"

انہوں نے بتایا کہ بندوق بردار پیر کی صبح کو اسکول کی چہاردیواری کود کر اسکول میں داخل ہو گئے، انہوں نے فائرنگ شرو ع کر دی اور وہاں بورڈنگ میں رہنے والے 165بچوں میں سے بیشتر کو اغوا کر لیا۔

ریاست کاڈونا کے پولیس ترجمان محمد جالیگ نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے اس حملے کی تصدیق کی ہے تاہم انہوں نے اغوا کیے گئے بچوں کی تعداد اور کوئی دیگر تفصیلات نہیں بتائیں۔نائجیریا، ایک اسکول کی سینکڑوں بچیاں اغوا

دنیا کا ہر پانچواں بچہ مسلح تنازعے میں پرورش پا رہا ہے، رپورٹ

پولیس ترجمان کا کہنا تھا،”ہم اغواکاروں کی تلاش کر رہے ہیں اور بچوں کو بازیاب کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔"  انہوں نے مزید بتایا کہ ہم اب تک ایک خاتون ٹیچر سمیت 26 بچوں کو بازیاب کراچکے ہیں۔

Nigeria Kaduna | Entführung Schüler | Versammlung der Eltern
اغواشدہ بچوں کے پریشان حال والدینتصویر: KEHINDE GBENGA/AFP

شمالی نائیجریا میں اغوا کی لہر سی چل پڑی ہے

پیر کے روز ہونے والا یہ حملہ کڈونا ریاست میں دسمبر سے اب تک اسکول کے طلبہ کا بڑی تعداد میں اغوا کا واقعہ ہے۔

حکام نے اغوا کے سابقہ واقعات کے لیے مسلح گروہوں کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اغوا تاوان وصول کرنے کے لیے کیے گئے تھے۔

خیال رہے کہ شمال مغربی اور وسطی نائیجریا میں جرائم پیشہ گروہ اکثر گاوں پر حملہ کرتے ہیں، گاوں والوں کو لوٹ لیتے ہیں، ان کی مویشیوں کو اٹھاکر لے جاتے ہیں۔ جرائم پیشہ گروہوں نے تاہم اس سال کے اوائل سے اسکولوں اور کالجوں کو تیزی سے نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔  تاوان وصول کرنے کے لیے اسکولوں کے بچوں کو اغوا کے واقعات میں حالیہ مہینوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔

ایک انداز ے کے مطابق صرف شمالی نائیجریا میں ہی گزشتہ دسمبر سے اب تک آٹھ سو سے زیاد ہ بچوں کا اغوا کیا جاچکا ہے۔ گوکہ مقامی عہدیداروں کے ساتھ مذاکرات کے بعد ان میں سے اکثر کو رہا کردیا گیا تاہم اب بھی کم از کم 150بچے لاپتہ ہیں۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مسلح افراد بالخصوص مضافاتی اسکولوں کو نشانہ بناتے ہیں۔ جہاں بچوں کی بڑی تعداد ہوتی ہے لیکن سکیورٹی کے انتظامات ناقص ہیں۔ اور مسلح گروہ اسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آسانی سے بچوں کا اغوا کرلیتے ہیں۔

Nigeria Kaduna | Entführung Schüler Bethel Baptist School
تاوان وصول کرنے کے لیے اسکولوں کے بچوں کو اغوا کے واقعات میں حالیہ مہینوں میں اضافہ ہو گیا ہےتصویر: KEHINDE GBENGA/AFP

 نائیجیریا کے شمال مغرب اور وسطی علاقوں میں اغوا کے واقعات صدر محمد بوہاری اور ان کی سکیورٹی فورسز کے لیے ایک چیلنج بن چکے ہیں جہاں ایک دہائی سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری ہے۔

نائیجریا میں اسکولوں سے بڑے پیمانے پر بچوں کے اغوا کے واقعات کا سلسلہ سن 2014 سے زیادہ تیز ہوگیا ہے جب بوکو حرام کے باغیوں نے شمال مشرقی بورنو ریاست میں چیبوک کے ایک سرکاری اسکول سے 276 طالبات کو اغوا کرلیا تھا۔

دریں اثنا صدر محمد بوہاری نے فوج، پولیس اور انٹلیجنس ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ تمام یرغمالوں کی جلد اور محفوظ رہائی یقینی بنائی جائے۔

نائیجیریا میں سینکڑوں اغوا شدہ طالبات بازیاب

بوکو حرام نے چیبوک سے اغواء کی گئیں 82 طالبات کو چھوڑ دیا

پیر کے روز اسکول سے بچوں کے اغوا کے واقعے کے چند گھنٹے قبل ہی مسلح حملہ آوروں نے کڈونا کے ایک ہیلتھ سینٹر سے آٹھ طبی عملے کو اغوا کرلیا تھا۔

ج ا/ ص ز (اے ایف پی، روئٹرز)