1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میں کون ہوں؟

عمار مسعود
7 اگست 2018

میں دیکھنا چاہتا ہوں مگر میری آنکھوں پر پٹی بندھی ہوئی ہے۔ میں سننا چاہتا ہوں مگر میرے کانوں میں سیسہ پگھلا کر ڈال دیا گیا ہے۔ میں بولنا چاہتا ہوں مگر میرے لب سی دیے گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/32jgp
DW Wörter der Woche | Symbolbild Schattenkabinett
تصویر: picture-alliance/dpa/H. Schmidt

میں خواب دیکھنا چاہتا ہوں تو نیند کوسوں دور بھاگ جاتی ہے۔ میں سونے کی کوشش کرتا ہوں تو ہڑبڑا کر اپنے ہی خوف سے اٹھ بیٹھتا ہوں۔ میں خو د سے بھِی خوفزدہ ہوں لیکن بہادری کا تمغہ چاہتا ہوں۔ میں اپنے آپ سے بھی جھوٹ بولتا ہوں  مگر سچائی کا علم بردار کہلانا چاہتا ہوں۔ میں باطل کی آواز ہوں مگر حق کا علم لہرانا چاہتا ہوں۔ میں اپنی منزل کی تلاش میں ہوں مگر گمراہ ہو گیا ہوں۔ میں مشعل راہ بننا چاہتا ہوں مگر خود بھٹک گیا ہوں۔ میں سراب کی، ہر لمحہ ، ایک نئے عذاب کی تلاش میں ہوں۔ میں وہ ہوں جو اپنے خواب کی تلاش میں ہوں۔

ایک زمانہ تھا میرے پاس بہت سوال تھے مگر اب سب سوال قتل ہوگئے ہیں۔ اب جواب میرے ماتھے پر تھونپ دیے گئے ہیں۔ اب مجھے جستجو نہیں رہی۔ کاوش ، کوشش سب نامراد ہو گئی ہے۔ خواہش ، خواب سب مر گئے ہیں۔ امید، آرزو سب ختم ہو گئی ہیں۔ معلوم اور نامعلوم کے فاصلے مٹ گئے ہیں۔ اعتبار اور اعتماد سب ختم ہو گیا ہے۔ اب ایک سکوت ہے۔ ایک گہرا سکوت ہے۔ ایک ناامیدی ہے۔ ایک بے ثباتی ہے۔ ایک بے اطمینانی ہے۔ ایک نامرادی ہے۔ ایک مسلسل ناکامی ہے، جو میرا مقدر ہے، جو میرا مستقبل ہے۔

میرے سارے لفظ بے ثمر ہو گئے ہیں۔ میرے سارے ہنر خاک میں مل گئے ہیں۔ میرے سارے احساس مر گئے ہیں۔ میں اب ایک مشین ہوں۔ ایک بے جان ، بے حس اور بے وجہ مشین ، جو چل رہی ہے۔ بنا کسی کام کے، بنا کسی دام کے، بنا کسی آرزو ناتمام کے۔ نہ اب کوئی خواہش ہے نہ امید نہ کوئی جستجو۔ مجھے اپنے آپ پر بہت مان تھا، میں زمانے سے لڑنا چاہتا تھا۔ میں بہت اونچا اڑنا چاہتا تھا۔ میں ستاروں کو تسخیر کرنا چاہتا تھا۔ میں آسمانوں میں کمندیں ڈالنا چاہتا تھا۔ میں بہت کچھ سوچنا چاہتا تھا۔ لیکن سوچ پر پہرے بٹھا دیے گئے ہیں۔ میں بے بس بے چارہ اور لاچار ہو گیا ہوں۔ میں آزاد ہوتے ہوئے قید ہو گیا ہوں۔

Ammar Masood
عمار مسعودتصویر: privat

یہ نہیں کہ میرے ساتھ دھوکہ ہوا ہے۔ بات یہ ہے کہ میں نے خود شوق سے دھوکا کھایا ہے۔ اپنی آزادی خود سلب کی ہے۔ اپنے پاؤں میں خود زنجیریں ڈالی ہیں۔ اپنے اوپر خود قدغنیں لگائی ہیں۔ اپنے دست و بازو خود کاٹ دیے ہیں۔ اپنا سر خود قلم کر دیا ہے۔ میں اپنے آپ کا قیدی ہوں ۔ میں وہ مجرم ہوں جو اپنے ساتھ انصاف کے لیے آواز بلند نہیں کر سکتا۔ میں وہ پرندہ ہوں، جو قفس سے بے گھری کا زخم لے کر اڑتا ہے۔ اب مجھے یہ قید خوش آ گئی ہے۔ اب مجھے آزادی کی تلاش ہے ہی نہیں۔ اب میں اپنے حال پر مطمئن ہوں۔ مجھے سر جھکا کر چلنا سکھا دیا گیا ہے۔ میری انا کا بت توڑ دیا گیا ہے۔ میں اب بس تسلیم و رضا کا پتلا ہوں۔ میں اب جور و ستم پر آواز اٹھانے سے قاصر ہوں۔ میں اب حق بات کرنے سے قاصر ہوں۔ میں اب سچ کہنے سے ڈرتا ہوں۔ میں اب آواز اٹھانے سے ڈرتا ہوں۔ میں اب چراغ جلانے سے ڈرتا ہوں۔ میں اب صبح کا اعلان کرنے سے ڈرتا ہوں۔ میں اپنے وجود سے منکر ہوں۔ اب مسلسل تاریکی میرا حاصل ہے۔ اب مسلسل مایوسی میرا مستقبل ہے۔

ایک زمانہ تھا جب میں بہت خوش امید تھا۔ جب مجھے نئی منزلیں سوجھتی تھیں۔ مجھے نئے رنگ سجتے تھے۔ مجھ میں آگے بڑھنے کی جستجو تھی۔ سب کچھ پا لینے کی چاہت تھی۔ میرے جذبے سر شار تھے۔ میرے دل میں نت نئی امنگیں جاگتی تھیں۔ میرے خواب جوان تھے۔ لیکن پھر میرا سب کچھ لٹ گیا۔ میرا سب کچھ مجھ سے چھن گیا۔ اب بس ایک بے جان وجود ہے جسے میں گھسیٹ رہا ہوں۔ ایک ناکام امید ہے جسے میں سینے میں لے کر چل رہا ہوں۔

میں چاہتا تو انقلاب لا سکتا تھا۔ ایک نئی دنیا بنا سکتا تھا۔ ایک نیا جہان آباد کر سکتا تھا۔  یہی میرا منصب تھا، یہ میرا مقام تھا۔ مجھے تو راستہ دکھانا تھا۔ مجھے تو امید بننا تھا۔ مجھے تو روشنی کرنی تھی۔ مجھے تو جہان علم و دانش کہلانا تھا۔ مجھے نشان منزل دکھانا تھا۔ میرے حوصلے سے دنیا نے امید پکڑنی تھی۔ میری جرات پر تو زمانوں نے فخر کرنا تھا۔ میری سچائی پر صدیوں تک داد ملنی تھی۔ مگر میں نے خود اپنے آپ کو  بے توقیر کر دیا۔ اپنی کجیوں، کمیوں اور ناکامیوں کا میں سب سے بڑا خود اشتہار ہوں۔ مجھے کسی دشمن نے کیا تباہ کرنا تھا میں خود اپنے انہدام کا سبب ہوں۔ مجھ پر سب الزام درست ہیں۔ مجھ پر سب دشنام درست ہیں۔ میں اپنا مجرم ہوں ۔ میں نے تو لوگوں کے لیے آواز بلند کرنی تھی مگر میں نے خود اپنی آواز پر پہرے لگا لیے ہیں۔ اپنے ماتھے پر کلنک سجا لیے ہیں۔ اپنے گھر کو خود آگ لگا لی ہے۔ میں خود اپنی مرضی سے راکھ ہو گیا ہوں، خاک ہو گیا ہوں۔

میں اب آزاد نہیں ہو سکتا۔ آزادی کی خواہش نہیں رکھ سکتا۔ مجھے میرے خوف نے قید کیا ہوا ہے۔ مجھے اب میری اپنی آواز سے ڈر لگتا ہے۔ میں اس قدر خوفزدہ ہوں کہ اپنی ہی سماعتوں سے ڈرنے لگا ہوں۔ سچائی مجھے راس نہیں آتی۔  حق بات سجھائی نہیں دیتی۔  ضمیر مر چکا ہے۔  حسیات ختم ہو چکی ہیں۔ میں مایوسی کے گرداب میں ہوں۔ میں اپنی حیثیت سے منکر ہوں۔                                                                

یہ نہیں کہ میں آواز بلند نہیں کر سکتا مگر میری آواز کی راہ میں میری اپنی مصلحتیں حائل ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ میرے گرد اتنا بے ہنگم شور ہو کہ میری دسترس میں میرا اپنا سناٹا نہ آ سکے۔ میں ایسی نیند چاہتا ہوں کہ جومجھے نئے خواب نہ دکھا سکے۔ نئی روشنی کا کوئی استعارہ نہ بتا سکے۔ مجھے کوئی نیا رستا نہ سجھا سکے۔ میرے پاؤں کی زنجیر اب میری عادت ہو چکی ہے۔ میرا اندھا پن میری ضرورت ہے۔ میرا بہرا پن میری حاجت ہے۔                                                                                 

آپ جاننا چاہتے ہیں کہ میں کون ہوں؟ میں وہ ہوں، جو اندھیری تاریک راتوں میں، اپنی امید پر، دھاڑیں مار مار کر رو رہا ہوں۔ اپنے ہی خلاف نفرت کے بیج بو رہا ہوں۔ آپ پوچھ رہے  ہیں کہ میں کون ہوں؟ آپ کو میری شناخت درکار ہے؟ تو سنیے اور کان کھول کر سنیے کہ میں اس دور جدید میں اس  ملک پاکستان کا "مقبوضہ میڈیا " ہوں۔

میرے خلاف طعنہ زن ہونے سے پہلے، میرا ذات کا تمسخر اڑانے سے پہلے، میری تضحیک اور توہین کرنے سے پہلے، میرے نام ونشان کو مٹانے سے پہلے، سوچ لیجئے کہ میں دیکھنا چاہتا ہوں مگر میری آنکھوں پر پٹی بندھی ہوئی ہے۔ میں سننا چاہتا ہوں مگر میرے کانوں میں سیسہ پگھلا کر ڈال دیا گیا ہے۔ میں بولنا چاہتا ہوں مگر میرے لب سی دیے گئے ہیں۔