1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتپاکستان

میانوالی ایئربیس پر حملے میں نو عسکریت پسند ہلاک

4 نومبر 2023

پاکستانی فوج کے مطابق ہفتے کے روز نو عسکریت پسندوں نے پاکستان کے وسطی علاقے میانوالی میں فضائیہ کے ایک تربیتی اڈے پر حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں تین ’نان آپریشنل‘ طیاروں کو نقصان پہنچا۔

https://p.dw.com/p/4YOpH
پاکستانی فوجی
عسکریت پسندوں نے پاکستان کے وسطی علاقے میانوالی میں فضائیہ کے ایک تربیتی اڈے پر حملہ کیا ہےتصویر: AAMIR QURESHI/AFP/Getty Images

پاکستانی فوج کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق آپریشن ختم ہو گیا ہے اور سکیورٹی فورسز نے تمام کے تمام حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا ہے۔ تین حملہ آوروں کو بیس میں داخل ہونے سے پہلے ہی ہلاک کر دیا گیا تھا جبکہ باقی حملہ آوروں کو جوابی کارروائی میں ہلاک کیا گیا۔ جاری ہونے والے بیان میں سکیورٹی اہلکاروں کے کسی جانی نقصان کا ذکر نہیں کیا گیا۔

تحریک جہاد پاکستان (ٹی جے پی) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ یہ جہادی گروپ رواں سال ہی منظر عام پر آیا ہے اور اس کے روابط تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ساتھ ہیں۔  اس کے بارے میں زیادہ معلومات دستیاب نہیں ہیں۔

تاہم اس گروپ نے ملک میں کئی بڑے حملے کیے ہیں، جن میں جولائی کے دوران بلوچستان میں ایک پاکستانی فوجی اڈے پر 12 فوجیوں کو ہلاک کرنا بھی شامل ہے۔

ایئربیس کے قریب رہنے والے افراد کا کہنا ہے کہ ہفتے کو صبح سویرے ان کی آنکھیں فائرنگ کی آوازیں سن کر کھلیں۔ میانوالی کے ایک رہائشی ذیشان نیازی کا نیوز ایجنسی روئٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، میں صبح تین بجے کے قریب اس وقت بیدار ہوا، جب شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا اور یہ صبح سات بجے تک جاری رہا۔‘‘

فوج کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں مزید کہا گیا ہے، ''پاک فضائیہ کے کسی بھی فنکشنل آپریشنل اثاثوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ اس دوران صرف تین غیر آپریشنل طیاروں کو کچھ نقصان پہنچا ہے۔‘‘

یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے، جب اسلام آباد حکومت نے غیر رجسڑڈ افغان مہاجرین کو ملک بدر کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

ا ا / ش خ (روئٹرز، اے ایف پی)