مالاکنڈ آپریشن: مہاجرین کے لیے ڈونرز کانفرنس
21 مئی 2009مذکورہ اجلاس حکومتِ پاکستان کی درخواست پر بلایا گیا ہے۔ اس کانفرنس میں بین الاقوامی امدادی تنظیموں کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔ پاکستانی وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے کانفرنس کے آغاز کے موقع پر مالاکنڈ آپریشن کے متاثرین یا اندرونِ ملک مہاجرین کی مدد کے لیے بین الاقوامی سطح پر مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
غیر جانب دار اعداد و شمار کے مطابق مالاکنڈ ضلع میں ایک ماہ سے جاری فوجی آپریشن کے نتیجے میں کم از کم پندرہ لاکھ افواد نے شورش ذدہ علاقوں سے نقل مکانی کی ہے۔ صوبِہ سرحد کی حکومت کے مطابق یہ تعداد پچیس لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔ افواجِ پاکستان اس تعداد کو دس اور پندرہ لاکھ کے درمیان بتا رہے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق اندرونِ ملک مہاجرین کی تعداد دس لاکھ کے قریب ہے۔ ان مہاجرین کا ایک چوتھائی حصّہ امدادی کیمپوں میں گزر بسر کر رہا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے مطابق دنیا کے کسی بھی حصّے میں اندرونِ ملک ہجرت کرنے والوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
امید کی جا رہی ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والی اس ڈونرز کانفرنس میں مختلف ممالک اور امدادی تنظیمیں بھاری رقوم کا وعدہ کریں گی تاہم پاکستان کی بعض غیر سرکاری تنظیموں اور اداروں کا اعتراض ہے کہ اکتوبر دو ہزار پانچ کے زلزلے کے بعد بھی بین الاقوامی برادری نے بھر پور امداد کی تھی مگر وہ تمام کی تمام زلزلے سے متاثرہ افراد تک نہیں پہنچ سکی۔ ان تنظیموں کا اصرار ہے کہ ایک غیر جانب دار ادارہ تشکیل دیا جائے جو کہ امدادی رقوم کی متاثرین تک شفّاف رسائی کو ممکن بنا سکے۔