1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’لوٹی ہوئی دولت‘ کی واپسی، پاک برطانیہ معاہدہ طے

17 ستمبر 2018

برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید کے مطابق پاکستان اور برطانیہ کے مابین ایک نئی شراکت داری طے پائی ہے جس کا مقصد ’انصاف اور احتساب‘ کو یقینی بنانا ہو گا۔

https://p.dw.com/p/350c3
Großbritannien Sajid Javid neuer Innenminister
تصویر: Imago/i Images/A. Parsons

پاکستان نژاد والدین کے ہاں پیدا ہونے والے ساجد جاوید برطانوی وزیر داخلہ ہیں۔ پاکستان کے دورے پر گئے ہوئے جاوید نے آج پاکستانی وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر قانون فروغ نسیم سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے برطانوی وزیر داخلہ نے بتایا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین ایک ’نئی شراکت داری طے پائی ہے جس کا مقصد انصاف اور احتساب کو یقینی بنانا ہو گا‘۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کا خاتمہ دونوں ممالک کی ترجیحات میں شامل ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی انصاف سے کوئی مبرا نہیں ہو سکتا اور نہ کوئی استثنی ہو گا۔ انہوں نے دہشت گردانہ گروہوں کے خلاف ٹھوس اقدامات کیے جانے کا مطالبہ بھی کیا۔

پاکستانی وزیر قانون فروغ نسیم کے ساتھ ملاقات کے بعد برطانوی ہوم سیکریٹری نے بتایا کہ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین قیدیوں کے تبادلے، منی لانڈرنگ، تجارت اور تعلیم کے موضوعات پر مذاکرات کیے گئے۔

پاکستان اور برطانیہ کے مابین ’انصاف اور احتساب‘ کے بارے میں شراکت داری کے معاہدے کے حوالے سے انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ اس حوالے سے ایک نئے سینیئر مندوب کو متعین کر دیا گیا ہے جو دونوں ممالک کے مابین عملی تعاون یقینی بنائے گا۔

پاکستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد سے وزیر اعظم عمران خان بارہا ملک سے مبینہ طور پر ’لوٹی گئی دولت‘ وطن واپس لانے کے عزم کا اعادہ کر چکے ہیں۔

ش ح / ع ا (اے پی، اے ایف پی)