1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لوئر اوکرزئی میں خود کش حملہ متعدد افراد ہلاک

23 نومبر 2018

صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں ہوئے ایک دھماکے کے نتیجے میں کم ازکم بتیس افراد ہلاک جبکہ اکتیس زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ دھماکا بروز جمعہ ایک امام بارگاہ کے قریب ہوا۔

https://p.dw.com/p/38ls0
Anschlag in Pakistan vor der Wahl
تصویر: picture-alliance/dpa

خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے پاکستانی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ لوئر اورکزئی کے کلایا بازار میں ہوئے ایک دھماکے کی وجہ سے بتیس افراد ہلاک جبکہ اکتیس زخمی ہو گئے ہیں۔

مقامی انتظامیہ کے اہلکار ہاشم خان نے ڈی پی اے سے گفتگو میں کہا کہ یہ ایک بم دھماکا تھا اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق یہ ایک خود کش حملہ تھا۔ روئٹرز نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا اور اس نے ایک مصروف بازار میں خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

 وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے اس تازہ حملے کو ہمسایہ ملک افغانستان میں امریکی ناکامی کا شاخسانہ قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت بھی کی۔

خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’دشمنوں کو صوبے میں امن برداشت نہیں ہوا‘۔ انہوں نے کہا کہ عام شہریوں کو نشانہ بنانا غیر انسانی عمل ہے۔ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ، جب کچھ گھنٹے قبل کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملہ کیا گیا۔

یہ امر اہم ہے کہ پاکستان میں شدت پسندوں کے خلاف فوج کی کارروائیوں کی وجہ سے گزشتہ کچھ برسوں کے دوران ملک میں پرتشدد واقعات میں واضح کمی نوٹ کی گئی ہے۔ تاہم یہ شرپسند عناصر اب بھی حملہ کرنے کی سکت رکھتے ہیں۔

گیارہ ستمبر سن دو ہزار ایک کو امریکی میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کے بعد مسلم انتہا پسندوں کے خلاف شروع ہونے والی عالمی جنگ کے نتیجے میں پاکستان میں بھی 75 ہزار انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ یہ ہلاکتیں دہشت گردانہ حملوں اور دیگر پرتشدد کارروائیوں کی وجہ سے ہوئیں۔

ع ب / ع ت / خبر رساں ادارے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں